عبادات کے وقت بے چینی کا حل
سوال: میرے ساتھ کچھ عجیب مسئلہ ہے، وہ یہ ہے کہ جب میں نماز پڑھتا ہوں یا تلاوت کرتا ہوں یا کچھ اور نیک عمل کرتا ہوں جو مجھے اللہ کے قریب کردے، تو میرے دل میں خوف پیدا ہوجاتا ہے، مطلب دل دھڑکنا شروع ہوجاتا ہے ۔ کیا مسئلہ ہے میرے ساتھ؟ برائے مہربانی کچھ ایسا عمل بتائیں جو دل کو سکون دے۔
جواب: جب بندہ مومن نیک اعمال کی طرف رغبت کرتا ہے تو شیطان طرح طرح سے کوشش کرتا ہے کہ اس کو نیک اعمال سے ہٹا دے، اس طرح کی کیفیت کا احساس ہونا محض شیطانی وساوس ہیں اور کچھ نہیں، لہٰذا سائل کو چاہیے کہ ان چیزوں کی طرف ذرا دھیان نہ دے، بلکہ پرسکون رہیں اور نیک اعمال میں مشغول رہیں اور اللہ تعالٰی کی طرف متوجہ رہیں، ان شاءاللہ اس طرح کی کیفیات بھی خود بخود ختم ہوجائیں گی ان شاءاللہ، وگرنہ جتنا زیادہ ان چیزوں کی طرف توجہ کریں گے، اتنا اس کا شکار ہوتے چلے جائیں گے، اور اس طرح کے وسوسے بڑھتے چلے جائیں گے، اور یوں انسان اعمال میں کمزور ہونے لگتا ہے، اور شیطان اس پر حاوی ہوجاتا ہے۔
اس کے علاوہ درود شریف، استغفار اور تعوذ کا کثرت سے اہتمام کریں۔
نیز قرآن مجید کی درج ذیل آیت ہر نماز کے بعد گیارہ مرتبہ پڑھنا بھی مفیدرہے گا:
"{وَ لِيَرْبِطَ عَلٰى قُلُوْبِكُمْ وَ يُثَبِّتَ بِهِ الْاَقْدَامَ}." (الأنفال: 11)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144310101106
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن