🌼 سبق نمبر 24 خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع


سبق نمبر 24: خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع

سورۃ نحل کا خلاصہ

دعوت اِلَى التوحید سورۃ نحل کا اصل مقصد دعوتِ توحید ہے، جو اس سے قبل کئی سورتوں میں بیان ہو چکا ہے۔ قرآنِ کریم کا ایک ہی مضمون کو بار بار دہرانا فصاحت کی کمی نہیں، بلکہ اس لیے ہے کہ بات ذہن نشین ہو جائے۔ جیسا کہ عربی مقولہ ہے: "جب کوئی بات بار بار سنی جائے تو وہ دل میں پختہ ہو جاتی ہے۔"

رکوع نمبر 1 اور 2 کا خلاصہ: تذکیر بآلاء اللہ سے دعوت الی التوحید اللہ تعالیٰ اپنی نعمتوں کو یاد دلا کر اپنی وحدانیت کی دلیل پیش فرما رہے ہیں۔ یہ بڑے بڑے جانور، سواریاں، رات اور دن کا نظام، چاند، سورج، ستارے، اور انسانوں کی بولیوں و رنگوں کا اختلاف—یہ سب پکار پکار کر اعلان کر رہے ہیں کہ اس کائنات کا بنانے والا ایک ہی ہے۔

رکوع نمبر 3 کا خلاصہ: اتباعِ قرآن کی ضرورت تمہارا معبود ایک ہی ہے، لہٰذا اس کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط تر کرو۔ اس تعلق کو مضبوط کرنے کا سب سے بہترین وسیلہ قرآنِ کریم کی اتباع ہے، جس سے ایمان میں وزن اور قوت پیدا ہوتی ہے۔

رکوع نمبر 4 کا خلاصہ: منکرین کی سزا اور موافقین کی جزا

  • منکرین: جو لوگ قرآن سے منہ موڑتے ہیں، موت کے وقت فرشتے ان کی روح نکالتے ہوئے ان پر سختی کریں گے اور وہ اپنی بد اعمالیوں سے انکار کرنے لگیں گے، مگر اللہ سب جانتا ہے۔ ان کا ٹھکانہ جہنم ہے۔

  • موافقین: جو اتباعِ قرآن کو اپنی سعادت سمجھتے ہیں، موت کے وقت فرشتے انہیں سلام پیش کر کے جنت کی خوشخبری دیں گے۔ (اللہ ہمیں بھی ایسی موت نصیب فرمائے، آمین)۔

رکوع نمبر 5 کا خلاصہ: تقدیر کا بہانہ کفار اپنے شرک پر پردہ ڈالنے کے لیے تقدیر کو آڑ بناتے ہیں کہ "اگر اللہ نہ چاہتا تو ہم شرک نہ کرتے"۔ یہ محض حیلہ سازی ہے۔ اگر اللہ کو شرک پسند ہوتا تو وہ انبیاء کو کیوں مبعوث فرماتا جن کا مقصد ہی شرک کے بتوں کو پاش پاش کرنا تھا؟

رکوع نمبر 6 کا خلاصہ: ہجرت بے فائدہ نہیں جو لوگ توحید کی خاطر اپنے گھروں سے نکالے گئے اور آزمائشوں میں ڈالے گئے، انہیں دنیا میں صبر کی تلقین کی گئی ہے۔ ان کے لیے آخرت میں بہترین جزا ہے، بشرطیکہ وہ قرآن کے ساتھ اپنا تعلق جوڑے رکھیں۔

رکوع نمبر 7 کا خلاصہ: اللہ تعالیٰ پر افتراء اللہ تعالیٰ ہر قسم کے جسمانی عیوب اور تولید و تناسل (بیوی بچوں) کی محتاجی سے پاک و مبرا ہے۔ کفار جو فرشتوں کو اللہ کی بیٹیاں قرار دیتے ہیں، یہ ان کی انتہائی نادانی ہے جس پر وہ عنقریب پشیمان ہوں گے۔

رکوع نمبر 8 کا خلاصہ: ذریعۂ اصلاح لوگ شیطان کے بہکاوے اور خواہشات کے جال میں پھنس چکے ہیں۔ ان کی اصلاح کا واحد طریقہ اتباعِ قرآن ہے، جس سے دلوں کا زنگ دور ہو سکتا ہے اور وہ منجھے ہوئے برتن کی طرح صاف ہو سکتے ہیں۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں