♥️ سبق نمبر 23 خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع


سبق نمبر 23: خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع

سورۃ ابراہیم کا خلاصہ

مقصدِ بعثتِ انبیاء علیہمُ السلام اس سورت کا مرکزی مضمون انبیاء کی بعثت کا مقصد بیان کرنا ہے: یعنی لوگوں کو کفر و جہالت کے اندھیروں سے نکال کر اسلام کی عالمگیر روشنی میں داخل کرنا۔

رکوع نمبر 1 اور 2 کا خلاصہ: مقصدِ بعثتِ انبیاء ایک ہی ہے حضرت آدمؑ سے لے کر سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ تک تمام انبیاء کا مقصدِ مشترک لوگوں کو کفر کے گہرے کنویں سے بچا کر اسلام کے پاکیزہ دریا کی طرف لانا تھا۔ قرآن کریم نے بعثتِ محمدی اور بعثتِ موسوی کے بیان میں الفاظ کی مماثلت (لِتُخْرِجَ النَّاسَ مِنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ) سے اس اتحادِ مقصد کو واضح کر دیا ہے۔

رکوع نمبر 3 اور 4 کا خلاصہ: کفر کے سرغنوں کی بیزاری قیامت کے دن کفر کے لیڈر اپنے پیروکاروں کو پہچاننے سے انکار کر دیں گے۔ حتیٰ کہ ابلیس بھی پکار اٹھے گا کہ مجھے ملامت نہ کرو، بلکہ اپنے آپ کو ملامت کرو، کیونکہ میں نے صرف بہکایا تھا، زبردستی نہیں کی تھی۔ گمراہ کرنے والے اور گمراہ ہونے والے سب عذابِ الیم کے لیے تیار رہیں۔

رکوع نمبر 5 کا خلاصہ: محسنِ حقیقی کی اطاعت مسلمانوں کو تلقین کی جا رہی ہے کہ جس رب نے تمہیں بے شمار نعمتیں دیں، وہی تمہارا حقیقی محسن ہے۔ جب تم دنیا میں معمولی احسان کرنے والے کے غلام بن جاتے ہو، تو اس خالق کے مطیع اور فرمانبردار کیوں نہیں بنتے؟

رکوع نمبر 6 کا خلاصہ: نمونۂ ابراہیمی اور درسگاہِ ابراہیمی اتباعِ حق کی راہ میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ذات بہترین نمونہ (اُسوۂ حسنہ) ہے۔ ان کی قربانی، پاکبازانہ زندگی اور ان کی تعمیر کردہ درسگاہ (بیت اللہ) سے اپنا تعلق مضبوط رکھنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ایمان کا مرکز قائم رہے۔

رکوع نمبر 7 کا خلاصہ: منکرینِ حق کا انجام قیامت کے دن معاندین عذاب دیکھ کر دوبارہ دنیا میں جانے کی مہلت مانگیں گے، مگر ان سے کہا جائے گا کہ تم وہی ہو جو کہتے تھے کہ ہم پر کبھی زوال نہیں آئے گا۔ اب زنجیروں اور آگ کا لباس تمہارا مقدر ہے۔


سورۃ حجر کا خلاصہ

مظاہرۂ صفاتِ خداوندی اس سورت میں اللہ کی صفتِ حلم و بردباری کا بیان ہے کہ وہ منکرین کو مہلت دیتا ہے، لیکن جب مہلت ختم ہوتی ہے تو پھر پکڑ انتہائی سخت ہوتی ہے۔

رکوع نمبر 1 کا خلاصہ: حفاظتِ قرآن کا وعدہ مخالفین کے لیے ایک مدت طے ہے جس کے بعد عذاب آئے گا۔ جو لوگ قرآن کو گھڑا ہوا کہتے ہیں وہ سن لیں: "ہم ہی نے اس کو نازل کیا ہے اور ہم ہی اس کے محافظ ہیں۔" مخالفین اس کتاب کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

رکوع نمبر 2 کا خلاصہ: روحانی غذا کی حفاظت کا اہتمام جس طرح اللہ نے جسمانی غذا کا انتظام کیا، ویسے ہی قرآن کی صورت میں روحانی غذا فراہم کی۔ اس انتظام کے تحت شیاطین کو آسمان سے خبریں چرانے سے روک دیا گیا تاکہ وحی کی پاکیزگی برقرار رہے۔

رکوع نمبر 3 کا خلاصہ: شیطان کی دشمنی شیطان انسان کا ازلی دشمن ہے جس نے اسے بہکانے کی قسم کھائی ہے۔ اگر انسان قرآن کی تعلیمات سے روگردانی کرے گا تو وہ براہِ راست شیطان کے جال میں پھنس کر جہنم کا مستحق ہو جائے گا۔

رکوع نمبر 4 کا خلاصہ: تعلیمِ قرآن کے عاملین جو لوگ قرآن پر دل و جان سے عمل کرتے ہیں، وہ شیطان کے فریب سے بچ جاتے ہیں۔ یہی لوگ جنت کے حقیقی وارث ہیں جہاں وہ ہر قسم کی نعمتوں سے فیضیاب ہوں گے۔

رکوع نمبر 5 اور 6 کا خلاصہ: تذکیر بِأَیَّامِ اللّٰہ قومِ لوطؑ اور اصحابِ حجر (قومِ ثمود) کے عبرتناک انجام کا ذکر کر کے متنبہ کیا گیا ہے کہ ان کی تکذیب نے انہیں تباہ کر دیا۔ حضور ﷺ اور مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ:

  1. قرآن کی تعلیمات پر سختی سے قائم رہیں۔

  2. ٹھٹھا کرنے والوں اور مضحکہ اڑانے والوں کی پروا نہ کریں، اللہ ان سے نمٹنے کے لیے کافی ہے۔

آج الحمدللہ سورة ابراہیم اور سورۃ حجر کا خلاصہ ایک ساتھ مکمل ہوا، کل ان شاء اللہ سورۃ نحل شروع کرینگے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں