🌼 خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع سبق نمبر 18


سبق نمبر 18: خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع

سورۃ توبہ کا خلاصہ (بقیہ حصہ)

رکوع نمبر 11 کا خلاصہ: نتیجہ تخلف جو لوگ جہاد سے جی چراتے ہیں قرآن کریم کی طرف سے انہیں منافق ہونے کا تمغہ دیا جاتا ہے۔ ان کی بداعمالیوں کا تقاضہ تو یہ تھا کہ کم ہنستے اور زیادہ روتے لیکن ان کا حال اس کے برعکس ہے، اس لیے ان کے اس تخلف کے نتیجے میں ان کے لیے جہنم کا فیصلہ کر دیا گیا ہے۔ پھر انہوں نے اپنی خفت مٹانے کے لیے جہاد پر جانے کی حامی بھر لی اور جب وقت آیا تو پھر منکر ہو گئے — یہ ان کے اعمال کا نتیجہ ہے۔

رکوع نمبر 12 کا خلاصہ: تنبیہِ تخلف پر ترتبِ آثار جہاد سے جی چرانے والوں کا خیال یہ تھا کہ وہ جہاد سے بھی بچ جائیں گے اور مسلمان بھی رہیں گے۔ لیکن اس رکوع میں جب ان کی قلعی کھول دی گئی تو یہ معذرت کرنے کے لیے آتے ہیں۔ بعض تو بچے یا معذور ہیں — ان پر تو کوئی گناہ نہیں، لیکن جو محض اوپری دل سے عذر بیان کرتے ہیں وہ سخت عذاب کے مستحق ہوں گے۔

رکوع نمبر 13 کا خلاصہ: اقسامِ منافقین منافقین کی دو قسمیں بیان کی گئی ہیں:

  1. ناقابلِ معافی: یہ وہ منافقین ہیں جن کا نصب العین اور مقصد مسلمانوں میں اختلاف پیدا کرنا ہے، جس کے لیے وہ مسلمانوں کے مرکز (مسجد) کے مقابلے میں مسجدِ ضرار جیسی تعمیرات سے بھی گریز نہیں کرتے۔ اس کی اصل وجہ ان کا اعتقادی نفاق ہے۔

  2. قابلِ معافی: یہ وہ لوگ ہیں جن میں نفاق اعتقادی نہیں بلکہ عادی ہے اور ان کا گناہ پہلے گروہ سے کم ہے۔ جمہورِ مفسرین کی رائے یہ ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جو غزوۂ تبوک میں (سستی کی بنا پر) پیچھے رہ گئے تھے۔

رکوع نمبر 14 کا خلاصہ: مخلصین کا طرزِ عمل مخلصین (مومنین) کے طرزِ عمل کو واضح کیا جا رہا ہے کہ جب اللہ تعالیٰ کا حکم آتا ہے تو وہ اس پر عمل کرنے کے لیے فوراً تیار ہو جاتے ہیں؛ حتیٰ کہ اگر انہیں اپنے (مشرک) باپ کے حق میں دعا کرنے سے روکا جائے تو وہ بلا تکلف رک جاتے ہیں۔ ایسے مخلص مومنوں کے ساتھ وہ قابلِ معافی حضرات بھی شامل ہو جائیں گے جن سے کوئی کوتاہی ہوئی اور پھر انہوں نے سچی توبہ کر لی۔

رکوع نمبر 15 کا خلاصہ: انسدادِ تخلف کے لیے اشاعتِ تعلیم کی ضرورت لوگوں میں جذبۂ جہاد بیدار کرنے کے لیے اشاعتِ علم ضروری ہے۔ ہر گروہ میں سے چند افراد ایسے منتخب کیے جائیں جو دین کا گہرا فہم (تفقہ فی الدین) حاصل کریں، پھر وہ اپنے لوگوں میں جا کر انہیں خدا سے ڈرائیں اور شوقِ جہاد ابھاریں۔ جب تعلیم عام ہوگی تو لوگ خوشی خوشی جان کا نذرانہ پیش کرنے نکلیں گے۔

رکوع نمبر 16 کا خلاصہ: طریقِ تعلیمِ جنگ اب مرکز کو ایک رکھنے کا حکم دیا جا رہا ہے تاکہ میدانِ جنگ میں مسلمانوں کی طاقت مجتمع رہے۔ جنگی حکمتِ عملی یہ ہونی چاہیے کہ ترتیب وار اپنے قریبی دشمنوں (اقرب فالاقرب) سے نمٹا جائے۔ اس طرح مسلمانوں کا مرکز محفوظ رہے گا، رسد و امداد کی فراہمی آسان ہوگی اور دشمن پر گرفت مضبوط رہے گی۔

آج الحمدللہ سورة توبہ کی 16 رکوعات کا خلاصہ مکمل ہوا، کل ان شاء اللہ سورة یونس شروع کرینگے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں