اتنا تو رکھا ہے ہمیشہ حوصلہ ایمان میں
ٹھکرا دیا ہے اس کو ہم نے جو ملا احسان میں
خوشبو مہکتے پھول کی محسوس کرنے کے لیے
کیا یہ ضروری ہے کہ کوئی پھول ہو گلدان میں
ہر بات پر دنیا کی ڈھیروں دیکھ کر چالاکیاں
دکھنے لگیں ہیں جانے کتنی خوبیاں نادان میں
سب سے بڑا نقصان ہم کو یہ ہوا تقسیم سے
اک بھائی ہندستان میں اک بھائی پاکستان میں
کوئی غزل یا نظم ہو یا منفرد اشعار ہوں
ان کے سہارے قید ہے اک زندگی دیوان میں