🌹 بسْمِ ﷲِالرَّحْمن الرَّحِيم 🌹
━━❰・ پوسٹ نمبر 212 ・❱━━━
امامت و جماعت کے مسائل:
(3) اقتداء کی شرائط:
کسی بھی امام کی اقتداء درست ہونے کے لیے دس شرائط ملحوظ رہنی ضروری ہیں:
(1) مقتدی کا امام کی اقتداء کی نیت کرنا۔(اگر مقتدی نے امام کی اقتداء کی نیت نہ کی ہو تو مقتدی کی اقتداء درست نہ ہوگی)
(2) امام اور مقتدی کی جگہ کا حقیقتہً یا حکماً متحدہونا۔
(3) دونوں کی نماز ایک ہونا (یہ نہ ہو کہ امام پڑھا رہا ہے ظہر کی نماز اور مقتدی نیت کرلے عصر کی)
(4) امام کی نماز کا درست ہونا۔(اگر امام کی نماز کسی وجہ سے درست نہ ہوگی تو کسی بھی مقتدی کی نماز نہ ہوگی)
(5) کسی عورت کا امام یا مقتدی کے سامنے یا دائیں بائیں نہ ہونا۔( اس کو مسئلہ محاذات کہتے ہیں، جس کی تفصیل کتب فقہ میں ہے۔)
(6) مقتدی کی ایڑی کا امام کی ایڑی سے آگے نہ ہونا(اگر ایڑی امام سے آگے ہوگئی تو مقتدی کی اقتداء درست نہ ہوگی،ہاں اگر ایڑی پیچھے ہو مگر قد وقامت میں زیادتی کہ وجہ سے سجدہ کرتے ہوئے مثلاً سر امام کے سر سے آگے ہوجائے تو اقتداء میں کوئی فرق نہ آئے گا)
(7) مقتدی کو امام کی نقل و حرکت کا علم ہونا( کہ اب وہ قیام میں ہے یا رکوع یا سجدہ میں ہے،محض اٹکل سے کام نہ چلے گا)
(8) مقتدی کا ( نماز کے دوران یا امام کے سلام پھیرنے کے بعد) یہ جان لینا کہ امام مسافر ہے یا مقیم ( تاکہ اپنا حال دیکھ کر قصر و اتمام پر عمل کرسکے)
(9) مقتدی کا امام کے ساتھ ارکانِ نماز میں شریک رہنا۔
(10) ارکان اور شرائط نماز میں مقتدی کی حالت امام کے مساوی یا اس سے کم تر ہونا، مثلاً ۔
(۱) رکوع سجدہ پر قدرت رکھنے والے امام کا اپنے جیسے مقتدی کی امامت کرنا، یا اشارہ سے نماز پڑھنے والے کا اپنے جیسےشخص کی امامت کرنا درست ہے۔
(۲) امام اگر اشارہ سے نماز پڑھتا ہے اور پیچھے مقتدی باقاعدہ رکوع سجدہ کرتا ہے تو مقتدی کی نماز نہ ہوگی ، اس لیے کہ امام کی حالت کم تر ہے مقتدی سے۔
📚حوالہ:
(1) درمختار مع الشامی بیروت:2/242:244
(2) شامی زکریا:2/284:286
(3) کتاب المسائل:1/406
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
━━━━━━━━❪❂❫━━━━━━━
▒▓█ مَجْلِسُ الْفَتَاویٰ █▓▒
مرتب:✍ مفتی عرفان اللہ درویش ھنگو عفی عنہ
━━━━━━━━❪❂❫━━━━━━━