الکمونیا بلاگ – علم، تحقیق، آئی ٹی اور ویڈیو ٹریننگ کا مرکز الکمونیا بلاگ ایک جامع علمی و تحقیقی پلیٹ فارم ہے جہاں آپ کو اسلامی مضامین، قرآنی موضوعات، احادیث کی تشریحات، تاریخِ اسلام، شخصیات پر تحقیقی مقالات، ادب اور فلسفہ جیسے موضوعات کے ساتھ ساتھ آئی ٹی، کمپیوٹر سائنس، ڈیجیٹل ٹولز اور پروفیشنل اسکلز پر مبنی مواد بھی دستیاب ہے۔ مزید برآں، یہاں آپ کو ویڈیو ٹریننگز اور آن لائن لرننگ کورسز بھی ملتے ہیں جو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق آپ کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں۔

✨ "تازہ ترین" ✨

Post Top Ad

LightBlog

اتوار، 29 دسمبر، 2024

فلک دیتا ہے جن کو عیش ان کو غم بھی ہوتے ہیں



فلک دیتا ہے جن کو عیش ان کو غم بھی ہوتے ہیں
جہاں بجتے ہیں نقارے وہیں ماتم بھی ہوتے ہیں

گلے شکوے کہاں تک ہوں گے آدھی رات تو گزری
پریشاں تم بھی ہوتے ہو پریشاں ہم بھی ہوتے ہیں

جو رکھے چارہ گر کافور دونی آگ لگ جائے
کہیں یہ زخم دل شرمندہ مرہم بھی ہوتے ہیں

وہ آنکھیں سامری فن ہیں وہ لب عیسیٰ نفس دیکھو
مجھی پر سحر ہوتے ہیں مجھی پر دم بھی ہوتے ہیں

زمانہ دوستی پر ان حسینوں کی نہ اترائے
یہ عالم دوست اکثر دشمن عالم بھی ہوتے ہیں

بظاہر رہنما ہیں اور دل میں بدگمانی ہے
ترے کوچے میں جو جاتا ہے آگے ہم بھی ہوتے ہیں

ہمارے آنسوؤں کی آبداری اور ہی کچھ ہے
کہ یوں ہونے کو روشن گوہر شبنم بھی ہوتے ہیں

خدا کے گھر میں کیا ہے کام زاہد بادہ خواروں کا
جنہیں ملتی نہیں وہ تشنۂ زمزم بھی ہوتے ہیں

ہمارے ساتھ ہی پیدا ہوا ہے عشق اے ناصح
جدائی کس طرح سے ہو جدا توام بھی ہوتے ہیں

نہیں گھٹتی شب فرقت بھی اکثر ہم نے دیکھا ہے
جو بڑھ جاتے ہیں حد سے وہ ہی گھٹ کر کم بھی ہوتے ہیں

بچاؤں پیرہن کیا چارہ گر میں دست وحشت سے
کہیں ایسے گریباں دامن مریم بھی ہوتے ہیں

طبیعت کی کجی ہرگز مٹائے سے نہیں مٹتی
کبھی سیدھے تمہارے گیسوئے پر خم بھی ہوتے ہیں

جو کہتا ہوں کہ مرتا ہوں تو فرماتے ہیں مر جاؤ
جو غش آتا ہے تو مجھ پر ہزاروں دم بھی ہوتے ہیں

کسی کا وعدۂ دیدار تو اے داغؔ برحق ہے
مگر یہ دیکھیے دل شاد اس دن ہم بھی ہوتے ہیں

کلام: داغ دہلوی


 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad

Your Ad Spot

Page List