📿 مجرم اور ملزم میں فرق کرنے کی ضرورت:
ملزم اور مجرم میں فرق ہوتا ہے، دونوں کو ایک سمجھنا شرعی اور قانونی دونوں اعتبار سے غلط اور انجام کے اعتبار سے نقصان دہ ہے۔ جب کسی شخص پر کوئی الزام لگ جائے تو جب تک اس پر کوئی معتبر ثبوت پیش نہ کیا جائے یا جب تک اس پر وہ جُرم ثابت نہ ہو تو اُس کو ملزم کہا جاتا ہے، اور جب اس جُرم پر کوئی معتبر ثبوت پیش ہوجائے اور اُس شخص پر وہ جرم ثابت ہوجائے تو اس کے بعد اس کو مجرم کہا جاتا ہے۔ اس لیے جُرم پر کوئی معتبر ثبوت ملنے اور جرم ثابت ہونے سے پہلے بلا ثبوت ملزم کو مجرم سمجھنا، اس کے ساتھ مجرموں والا برتاؤ کرنا، اس کے خلاف پروپیگنڈا کرنا، اس کو بدنام کرنا اور اس معاملے میں دباؤ کا ایسا ماحول بنانا جس کی وجہ سے اس کو بلا ثبوت بھی مجرم قرار دینا پڑ جائے تو یہ غیر شرعی اور غیر قانونی بات ہے۔ یاد رہے کہ کسی کو بغیر ثبوت کے مجرم قرار دینا بہتان ہے جو کہ آخرت میں شدید پکڑ اور عذاب کا باعث ہے۔
آجکل بہت سے لوگ اس معاملے میں بڑی غفلت اور کوتاہی کا شکار ہیں کہ وہ کسی بھی خبر اور افواہ کو بلا تحقیق سچ سمجھ کر بلا دلیل دوسروں کو مجرم قرار دے دیتے ہیں اور ان کے خلاف پروپیگنڈا کرتے رہتے ہیں، یہ بہت ہی سنگین غلطی ہے، ایسے لوگوں کو آخرت کی شدید پکڑ سے ڈرنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ایسی باتوں سے بچائے جس کی وجہ سے دوسروں کی حق تلفی ہو اور ہماری آخرت برباد ہو۔
☀ سنن أبي داود:
4876- عَنْ سَعِيدِ بْنِ زَيْدٍ عَنِ النَّبِيِّ ﷺ قَالَ: «إِنَّ مِنْ أَرْبَى الرِّبَا الِاسْتِطَالَةَ فِي عِرْضِ الْمُسْلِمِ بِغَيْرِ حَقٍّ». (بَابٌ فِي الْغِيبَةِ)
☀ صحيح مسلم:
6744- عَنْ أَبِى هُرَيْرَةَ: أَنَّ رَسُولَ اللهِ ﷺ قَالَ: «أَتَدْرُونَ مَا الْمُفْلِسُ؟». قَالُوا: الْمُفْلِسُ فِينَا مَنْ لاَ دِرْهَمَ لَهُ وَلاَ مَتَاعَ. فَقَالَ: «إِنَّ الْمُفْلِسَ مِنْ أُمَّتِى يَأْتِى يَوْمَ الْقِيَامَةِ بِصَلَاةٍ وَصِيَامٍ وَزَكَاةٍ وَيَأْتِى قَدْ شَتَمَ هَذَا وَقَذَفَ هَذَا وَأَكَلَ مَالَ هَذَا وَسَفَكَ دَمَ هَذَا وَضَرَبَ هَذَا فَيُعْطَى هَذَا مِنْ حَسَنَاتِهِ وَهَذَا مِنْ حَسَنَاتِهِ فَإِنْ فَنِيَتْ حَسَنَاتُهُ قَبْلَ أَنْ يُقْضَى مَا عَلَيْهِ أُخِذَ مِنْ خَطَايَاهُمْ فَطُرِحَتْ عَلَيْهِ ثُمَّ طُرِحَ فِى النَّارِ». (باب تَحْرِيمِ الظُّلْمِ)
✍🏻۔۔۔ مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہم
فاضل جامعہ دار العلوم کراچی
محلہ بلال مسجد نیو حاجی کیمپ سلطان آباد کراچی