🗡️🛡️⚔*شمشیرِ بے نیام*⚔️🛡️🗡️ : *قسط 10*👇




🗡️🛡️⚔*شمشیرِ بے نیام*⚔️🛡️🗡️
🗡️ تذکرہ: حضرت خالد ابن ولید رضی اللہ تعالیٰ عنہ 🗡️
✍🏻تحریر:  عنایت اللّٰہ التمش
🌈 ترتیب و پیشکش : *میاں شاہد*  : آئی ٹی درسگاہ کمیونٹی
قسط نمبر *10* ۔۔۔۔

 تعاقب میں جانے والے مسلمان سوار اس وقت واپس آئے جب رات بہت گہری ہو چکی تھی۔’’خدا کی قسم!‘‘انہوں نے واپس آ کر بتایا۔’’وہ جو ہمارے عقیدے کو توڑنے اور مدینہ کی اینٹ سے اینٹ بجانے آئے تھے،وہ مدینہ سے اتنی دہشت لے کر گئے ہیں کہ رک نہیں رہے۔کہیں پڑاؤ نہیں کر رہے۔کیا راتوں کو مسافر پڑاؤ نہیں کیا کرتے؟کیا لشکر راتوں کو بھی چلتے رہتے ہیں؟وہی چلتے رہتے ہیں جو منزل تک بہت جلد ی پہنچنا چاہتے ہوں۔‘‘احادیث،اور مؤرخوں کی تحریروں کے مطابق رسولِ کریمﷺ کو جب یقین ہو گیا کہ دشمن گھبراہٹ کے عالم میں بھاگا ہے اور ایسا امکان ختم ہو چکا ہے کہ وہ منظم ہوکر واپس آ جائے گا ،تب آپﷺ نے کمر سے تلوار کھولی،خنجر اتار کر رکھ دیا اور اﷲ کا شکر ادا کر کے غسل کیا۔ اس رات کی کوکھ سے جس صبح نے جنم لیا،وہ مدینہ والوں کیلئے فتح و نصرت اور مسرت و شادمانی کی صبح تھی۔ہر طرف اﷲ اکبر اور خوشیوں کے نعرے تھے۔سب سے زیادہ خوشی عورتیں اور بچے منا رہے تھے۔جنہیں چھوٹے چھوٹے قلعوں میں بند کردیا گیا تھا۔وہ خوشی سے چیختے چلاتے باہر نکلے۔مدینہ کی گلیوں میں مسلمان بہت مسرور پھر رہے تھے۔ فتح کے اس جشن میں بنو قریظہ کے یہودی بھی شامل تھے۔رسولِ کریمﷺ نے انہیں امن و امان میں رہنے کے عوض کچھ مراعات دے رکھی تھیں۔ظاہری طور پروہ مسلمانوں کو اپنا دوست کہتے،اور دوستوں کی طرح رہتے تھے۔اہلِ قریش کی پسپائی پر وہ مسلمانوں کی طرح خوشیاں منا رہے تھے لیکن ان کا سردار کعب بن اسد اپنے قلعے نما مکان میں بیٹھا تھا۔ا سکے پاس اپنے قبیلے کے تین سرکردہ یہودی بیٹھے تھے اور اُس وقت کی غیر معمولی طورپر حسین یہودن یوحاوہ بھی وہاں موجود تھی۔وہ گذشتہ شام اہلِ قریش کی پسپائی کی خبر سن کر آئی تھی۔’’کیا یہ اچھا نہیں ہوا کہ ہم نے مسلمانوں پر حملے نہیں کیے؟‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’مجھے نعیم بن مسعود نے اچھا مشورہ دیا تھا۔اس نے کہا تھا کہ قریش سے معاہدے کی ضمانت کے طور پر چند آدمی یرغمال کیلئے مانگو۔اس نے یہ بھی کہا تھاکہ قریش اس سے دگنالشکر لے آئیں تو بھی خندق عبور نہیں کر سکتے۔میں نے نعیم کا مشورہ اس لیے قبول کر لیا تھاکہ وہ اہلِ قریش میں سے ہے۔‘‘’’وہ اہلِ قریش میں سے نہیں۔‘‘ایک یہودی نے کہا۔’’وہ محمد کے پیروکاروں میں سے ہے۔‘‘’’خدائے یہودہ کی قسم!تمہاری بات سچ نہیں ہو سکتی۔‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’وہ اہلِ قریش کے ساتھ آیا تھا۔‘‘’’مگر ان کے ساتھ گیا نہیں۔‘‘اسی یہودی نے کہا۔’’میں نے کل شام اسے مدینہ میں مسلمانوں کے ساتھ دیکھا ہے۔اس وقت تک ا ہلِ قریش کا لشکر مدینہ سے بہت دور جا چکا تھا‘‘۔
’’پھر تمہیں کس نے بتایا ہے کہ وہ محمدﷺ کے پیروکاروں میں سے ہے؟‘‘کعب نے کہا۔’’میں ایسی بات کو کیوں سچ مانوں جو تم نے کسی سے پوچھا نہیں۔‘‘’’میں نے اپنے ایک مسلمان دوست سے پوچھا تھا۔‘‘یہودی نے کہا۔’’میں نے نعیم کو دیکھ کر کہا تھا،کیا مسلمان اب قریش کے جنگی قیدیوں کو کھلا رکھتے ہیں؟میرے دوست نے جواب دیا تھا کہ نعیم کبھی کا اسلام قبول کرچکا ہے۔اسے مدینہ میں آنے کا موقع اب ملا ہے۔‘‘ ’’پھر اس نے ہمیں مسلمانوں سے نہیں بلکہ مسلمانوں کو ہم سے بچایا ہے۔‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’اس نے جو کچھ بھی کیا ہے ،ہمارے لیے اچھا ثابت ہوا ہے۔اگر ہم قریش کی بات مان لیتے تو……‘‘’’تو مسلمان ہمارے دشمن ہو جاتے۔‘‘ایک اور یہودی نے کہا۔’’تم یہی کہنا چاہتے ہو نہ کعب! مسلمان پھر بھی ہمارے دشمن ہیں،ہمیں محمدﷺ کے نئے مذہب کو یہیں پر ختم کرنا ہے ورنہ محمدﷺ ہمیں ختم کرا دے گا۔‘‘’’کیا تم نہیں دیکھ رہے کہ یہ مذہب جسے یہ لوگ اسلام کہتے ہیں ،کتنی تیزی سے مقبول ہوتا جا رہا ہے؟‘‘تیسرے یہودی نے جو معمر تھا ،کہا۔’’ہمیں اس کے آگے بندھ باندھنا ہے۔اسے روکنا ہے۔‘‘’’لیکن کیسے؟‘‘کعب بن اسد نے پوچھا۔’’قتل۔‘‘معمر یہودی نے کہا۔’’محمدﷺ کا قتل۔‘‘’’ایسی جرات کون کرے گا؟‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’تم کہو گے کہ وہ ایک یہودی ہو گا۔اگر وہ محمدﷺ کے قتل میں ناکام ہو گیا تو بنو قینقاع اوربنو نضیر کا انجام دیکھ لو،مسلمانوں نے انہیں جس طرح قتل کیا ہے اور ان میں سے زندہ بچ رہنے والے جس طرح دوردراز کے ملکوں کو بھاگ گئے ہیں وہ نہ بھولو۔‘‘’’خدائے­یہودہ کی قسم!‘‘معمر یہودی نے کہا۔’’میری عقل تم سے زیادہ کام نہیں کرتی تو تم سے کم بھی نہیں،تم نے جو آج سوچا ہے وہ میں اور’’ لیث بن موشان‘‘ بہت پہلے سوچ چکے ہیں ۔کوئی یہودی محمدﷺ کو قتل کرنے نہیں جائے گا۔‘‘’’پھر وہ کون ہو گا؟‘‘’’وہ قبیلۂ قریش کا ایک آدمی ہے۔‘‘بوڑھے یہودی نے جواب دیا۔’’لیث بن موشان نے اسے تیارکر لیا ہے ۔
میرا خیال ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یہ کام کر دیا جائے۔‘‘’’اگر تم لوگ بھول نہیں گئے کہ میں بنو قریظۃ کا سردار ہوں تو میں اس کام کی اجازت کیسے دے سکتا ہوں جو مجھے معلوم ہی نہ ہوکہ کیسے کیا جائے گا؟‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’اور مجھے کون بتائے گا کہ اس آدمی کواتنے خطرناک کام کیلئے کیسے تیار کیا گیا ہے؟کیا اسے ابو سفیان نے تیار کیا ہے؟خالدبن ولید نے تیار کیا ہے؟‘‘’’سنو کعب!‘‘بوڑھے یہودی نے کہااور یہودی حسینہ یوحاوہ کی طرف دیکھا۔’’میں یہ بات لیث بن موشان کی موجودگی میں سناؤں تو کیا اچھا نہ ہوگا؟‘‘یوحاوہ نے کہا۔’’اس بات میں اس بزرگ کا عمل دخل زیادہ ہے۔‘‘’’ہم اس بوڑھے جادوگر کو کہاں سے بلائیں۔‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’ہم تم پر اعتبار کرتے ہیں۔‘‘ ’’وہ یہیں ہیں۔‘‘بوڑھے یہودی نے کہا۔’’ہم اسے ساتھ لائے ہیں اور ہم اسے بھی ساتھ لائے ہیں جو محمد ﷺکو قتل کرے گا۔اب ہم انتظار نہیں کر سکتے۔ہم سب کو امید تھی کہ قریش غطفان اور ان کے دوسرے قبائل اسلام کا نام و نشان مٹا دیں گے مگر ہر میدا ن میں انہوں نے شکست کھائی ۔ہم نے انہیں مدینہ پر حملہ کیلئے اکسایا تھا وہ یہاں سے بھی بھاگ نکلے۔ خدائے یہودہ کی قسم! کعب تم نے مسلمانوں پر عقب سے حملہ نہ کرکے بہت برا کیا ہے۔‘‘’’میں اس کی وجہ بتا چکا ہوں۔‘‘ کعب بن اسد نے کہا۔’’وجہ صحیح تھی یا غلط۔‘‘معمر یہودی نے کہا۔’’وقت ہاتھ سے نکل گیا ہے۔ اب ہم قریش کی فتح کا انتظار نہیں کر سکتے۔ ‘‘اس نے یوحاوہ سے کہا۔’’لیث بن موشان کو بلاؤ دوسرے کو ابھی باہر رکھو۔‘‘یوحاوہ کمرے سے نکل گئی ۔واپس آئی تو اس کے ساتھ لیث بن موشان تھا ۔وہ ایک بوڑھا یہودی تھا جس کی عمر ستر اور اسی برس کے درمیان تھی۔اس کے سر اور داڑھی کے بال دودھ کی طرح سفید ہو چکے تھے۔ داڑھی بہت لمبی تھی،اس کے چہرے کا رنگ سرخ و سفید تھا ،اس نے اونٹ کے رنگ کی قبا پہن رکھی تھی۔ اس کے ہاتھ میں لمبا عصاتھاجو اوپر سے سانپ کے پھن کی طرح تراشا ہوا تھا۔لیث بن موشان کو یہودیوں میں جادوگر کے نام سے شہرت حاصل تھی۔شعبدہ بازی اور کالے علم میں وہ مہارت رکھتا تھا ۔وہ مکہ اور مدینہ کے درمیان کسی گاؤں کا رہنے والا تھا۔
اس کے متعلق بہت سی روایات مشہور تھیں،جن میں سے ایک یہ تھی کہ وہ مردے کو تھوڑی سی دیر کیلئے زندہ کر سکتا ہے اور وہ کسی بھی مرد یا عورت کو اپنے تابع کرنے کی طاقت رکھتا تھا۔یہودی اسے اپنا پیرومرشد سمجھتے تھے ۔وہ جہاندیدہ اور عالم فاضل شخص تھا۔وہ کمرے میں داخل ہوا تو سب اس کی تعظیم کو اٹھے وہ جب بیٹھ گیا تو سب بیٹھے۔’’خاندانِ موشان کی عظمت سے کون واقف نہیں۔‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’خدائے یہودہ کی قسم! ہم میں سے کوئی بھی آپ کو یہاں بلانے کی جرات نہیں کر سکتا تھا۔ یوحاوہ شاید آپ کو لے آئی ہے۔‘‘’’میں پیغمبر نہیں، کعب بن اسد!‘‘لیث بن موشان نے کہا۔’’میں یہ خوبصورت الفاظ سننے کا عادی نہیں اور تعظیم و احترام کاوقت بھی نہیں۔کوئی نہ بلاتا تو بھی مجھے آنا تھا۔تم لوگ اپنے فرض کی ادائیگی میں بہت وقت ضائع کر چکے ہو۔ تم سے یہ لڑکی اچھی ہے جس نے وہ کام کر لیا ہے جو تمہیں کرنا چاہیے تھا۔‘‘’’معزز موشان ‘‘کعب بن اسدنے کہا۔’’ہم نے ابھی اس انتہائی اقدام کی سوچی نہیں تھی۔اگر ہم محمد ﷺکے قتل جیسا خوفناک ارادہ کرتے بھی تو یوحاوہ کو استعمال نہ کرتے۔ہم اتنی خوبصورت اور جوان لڑکی کو استعمال نہیں کر سکتے۔ ’’خدائے یہودہ نے اسے جو حسن اور جو جسم دیا ہے،یہ ایک دلکش تلوار ہے یا اسے بڑا میٹھا زہر سمجھ لیں۔اس نے قریش کو مسلمانوں سے ٹکرانے میں جو کام کیا ہے وہ تم میں سے کوئی نہیں کر سکتا۔چھوٹے چھوٹے قبیلوں کے سرداروں کو اس لڑکی نے قریش کا اتحادی اور محمدﷺ کا دشمن بنایا ہے۔ اب اس نے محمد ﷺکے قتل کا جو انتظام مجھ سے کرایا ہے وہ اسی سے سنو۔‘‘یوحاوہ نے سنایا کہ لیث بن موشان نے اس میں ایسی جرات اور ایسی عقل پیدا کر دی کہ وہ مردوں پر اپنے حسن کا جادو چلانے کی ماہر ہو گئی۔حسین لڑکی ہوتے ہوئے اس میں مردوں جیسی جرات آ گئی تھی۔(لیکن اس کا استاد اسے یہ نہ بتا سکا کہ جس نئے عقیدے کو روکنے کا اور جس شخصیت کے قتل کا انہوں نے ارادہ کررکھا ہے ۔وہ عقیدہ خدا نے اتارا ہے اور ااس شخصیت کو خدا نے اس عقیدے کے فروغ کیلئے رسالت عطا کی ہے)۔
یوحاوہ کی تربیت ایسی ہی ہوئی کہ وہ اپنے مذہب کو دنیا کا واحد سچا مذہب سمجھتی رہی،اور یہ نہ سمجھ سکی کہ حق پرستوں پر اﷲ کا ہاتھ ہوتا ہے خدا نے اسے آندھی میں تنہا پھینک دیا لیکن وہ خدا کا یہ اشارہ سمجھ نہ سکی،کہاں وہ جرات کے مقابلے میں اپنے آپ کو مردوں کے برابر سمجھتی تھی،کہاں وہ ایک کمزور اور بے بس لڑکی بن گئی۔وہ مرد کے جسم سے ناآشنا نہیں تھی،جرید بن مسیّب کا جسم بھی ایک مرد کا ہی جسم تھا لیکن اس جسم کو وہ مقدس اور پاک سمجھنے لگی اور جرید اسے فرشتہ لگنے لگا۔وجہ یہ تھی کہ وہ اس کے حسین چہرے،ریشم جیسے بالوں،اور دلکش جسم سے ذرا بھی متاثر نہ ہوا تھا۔یوحاوہ پر جرید کے اس رویے کا یہ اثر ہواکہ وہ جرید کے جسم میں کشش محسوس کرنے لگی۔ مکہ دور نہیں تھا۔شام کے بعد جب رات گہری ہو چکی تھی،جرید نے یوحاوہ کو اس کے گھر پہنچا دیا۔یوحاوہ کے قلعہ نما مکان کا دروازہ کھلا تو اس کا باپ پریشان نظر آیا۔اسے توقع نہیں تھی کہ اس کی بیٹی زندہ واپس آجائے گی۔انہوں نے جرید کو روک لیا اور شراب سے اس کی تواضع کی،جرید جب چلا گیا تو یوحاوہ نے اپنی ذات میں خلاء محسوس کیا۔ دوسرے ہی روز اس نے جرید کو پیغام بھیجا کہ اسے ملے،جرید آگیا۔یہ ایک جذباتی ملاقات تھی۔جرید نے یہ ملاقات جذبات تک ہی رکھی۔اس کے بعد ان کی ملاقاتیں ہوتی رہیں اور جرید کے دل میں بھی یوحاوہ کی محبت پیدا ہو گئی۔یہ محبت پاک رہی۔یوحاوہ حیران تھی کہ اس کے اندر پاکیزہ اور والہانہ محبت کے جذبات موجود ہیں۔ایک روز جرید نے یوحاوہ سے پوچھا کہ ’’وہ اس کے ساتھ شادی کیوں نہیں کر لیتی؟‘‘’’نہیں!‘‘ یوحاوہ نے جواب دیا۔’’میں تمہارے جسم کی پوجا کرتی ہوں۔شادی ہو گئی تو جذبات مر جائیں گے۔‘‘’’میری بیٹیاں ہیں بیٹا کوئی نہیں۔‘‘جرید نے اسے کہا۔’’میں دوسری شادی کرنا چاہتا ہوں۔مجھے بیٹا چاہیے۔‘‘یوحاوہ سوچ میں پڑ گئی۔وہ جرید بن مسیّب کی یہ خواہش پوری کرنا چاہتی تھی۔اسے ایک رستہ نظر آگیا۔’’ہمارا ایک بزرگ ہے لیث بن موشان ۔‘‘یوحاوہ نے کہا۔’’اس کے پاس کوئی علم ہے۔اس کے ہاتھ میں کوئی طاقت ہے۔مجھے امید ہے کہ وہ اپنے علم اور عمل کے زور سے تمہیں اسی بیوی سے بیٹا دے گا۔تم میرے ساتھ چلو وہ میرا اتالیق ہے۔‘‘جرید بن مسیّب اس کے ساتھ لیث بن موشان کے پاس جانے کیلئے تیار ہو گیا۔ان کی دوستی دو آدمیوں یا دو عورتوں کی صورت اختیا رکر گئی تھی۔وہ جب اکھٹے بیٹھتے تو رسولِ کریمﷺ کے خلاف باتیں کرتے تھے۔اسلام کے فروغ کو روکنے کے منصونے بھی بناتے تھے۔لیکن جرید مسلمانوں کے خلاف کسی جنگی کارروائی میں شریک نہیں ہوتا تھا۔یوحاوہ کو اس کی یہ بات پسند نہیں تھی۔وہ اسے اُکساتی اور بھڑکاتی تھی۔’’میرا مذہب تم ہو۔‘‘جرید بن مسیب نے اسے ایک روز فیصلے کے لہجے میں کہہ دیا تھا۔’’تم میری بیوی نہیں بن سکتیں تو نہ سہی،میں تمہیں دیکھے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا۔‘‘’’میں تمہیں ایک راز بتا دیتی ہوں جرید!‘‘یوحاوہ نے اسے کہا تھا۔’’میں کسی کی بھی بیوی نہیں بنوں گی۔میرے باپ نے میری زندگی یہودیت کیلئے وقف کردی ہے۔لیث بن موشان نے مجھے یہ فرض سونپا ہے کہ اسلام کے زیادہ سے زیادہ دشمن پیدا کروں۔میرے دل میں اپنے مذہب کے بعد صرف تمہاری محبت ہے ۔مجھے تم اپنی ملکیت سمجھو۔‘‘
ایک روز جرید یوحاوہ کے ساتھ لیث بن موشان سے ملنے اس کے پاس چلا گیا۔یوحاوہ اسے لیث بن موشان کے سامنے لے جانے کے بجائے پہلے خود اندر گئی اور اس نے لیث کو صاف الفاظ میں بتایا کہ وہ جرید کو محبت کا دیوتا سمجھتی ہے۔ اس نے لیث بن موشان کو بتایا کہ جرید نے اسے موت کے منہ سے نکالا تھا۔اس نے لیث کو بتایا کہ جرید کی بیٹیاں ہیں ،بیٹا ایک بھی نہیں۔’’کیا آپ کے علم میں اتنی طاقت ہے کہ جرید کی بیوی کے بطن سے لڑکا پیدا ہو؟‘‘یوحاوہ نے پوچھا۔’’کیا نہیں ہو سکتا۔‘‘لیث بن موشان نے کہا۔’’پہلے میں اسے دیکھوں گا، پھر میں بتا سکوں گا کہ مجھے کیا کرنا پڑے گا۔اسے میرے پاس بھیج دو۔‘‘یوحاوہ نے اسے اندر بھیج دیا۔اور خود باہر کھڑی رہی۔بہت سا وقت گزرجانے کے بعد لیث بن موشان نے جریدکو باہر بھیج کر یوحاوہ کو اندر بلالیا۔’’جو شخص تم جیسی خوبصورت اور دل کش لڑکی کے ساتھ اتنا عرصہ پاک محبت کر سکتا ہے وہ بہت ہی مضبوط شخصیت کا آدمی ہے۔‘‘لیث بن موشان نے کہا۔’’یا وہ اس قدر کمزور شخصیت کا ہو سکتا ہے کہ تمہارے حسن کا جادو اپنے اوپر طاری کرکے تمہارا غلام ہو جائے۔‘‘’’جرید مضبوط شخصیت کاآدمی ہے۔‘‘یوحاوہ نے کہا۔’’جرید کی ذات بہت کمزور ہے۔‘‘لیث بن موشان نے کہا۔’’میں نے تمہارے متعلق اس کے ساتھ کوئی بات نہیں کی۔میں نے اس کی ذات میں اتر کر معلوم کر لیا ہے۔یہ شخص تمہارے طلسم کا اسیر ہے۔‘‘’’مقدس اتالیق! ‘‘یوحاوہ نے کہا۔’’آپ اس کے متعلق ایسی باتیں کیوں کر رہے ہیں؟میں اسے ایک بیٹا دینا چاہتی ہوں ۔مجھے اس کے ساتھ اتنی محبت ہے کہ میں نے یہ بھی سوچ رکھاہے کہ میں اس کے بیٹے کو جنم دوں گی۔‘‘’’نہیں لڑکی!‘‘ بوڑھے لیث نے کہا۔’’تمہاری کوکھ سے اس کا بیٹا جنم نہیں لے گا۔یہ شخص ذریعہ بنے گا اس فرض کا جو خدائے یہودہ نے مجھے اور تمہیں سونپا ہے۔‘‘یوحاوہ خاموشی سے لیث بن موشان کے چہرے پہ نظریں جمائے ہوئے تھی۔’جسے تم اپنی محبت کا دیوتا سمجھتی ہو، وہ اس شخص کو قتل کرے گا جو کہتا ہے کہ اسے خدا نے نبوت دی ہے۔‘‘لیث بن موشان نے کہا۔’’جرید سے زیادہ موزوں آدمی اور کوئی نہیں ہو گا۔‘‘ ’’کیا آپ پیشن گوئی کر رہے ہیں؟‘‘یوحاوہ نے پوچھا۔’’یہ کس طرح قتل کرے گا؟‘‘’’اسے میں تیار کروں گا۔‘‘’’یہ تیارنہیں ہو گا۔‘‘یوحاوہ نے کہا۔’’ یہ کہا کرتا ہے کہ اس کا کوئی مذہب نہیں۔محمد ﷺکو یہ اپنا دشمن نہیں سمجھتا ،قتل و غارت کو پسند نہیں کرتا۔‘‘
’’یہ سب کچھ کرے گا۔‘‘بوڑھے لیث نے کہا۔’’اس کے ذہن پر میرا قبضہ ہوگا۔تم میرے ساتھ ہو گی ۔تین روز تک یہ سورج کی روشنی نہیں دیکھ سکے گا۔جب ہم اسے باہر نکالیں گے تو یہ ایک ہی بات کہے گا۔کہاں ہے خدا کا نبی۔وہ ہم میں سے ہے ۔میں اسے زندہ نہیں رہنے دوں گا۔‘‘’’مقدس باپ! ‘‘یوحاوہ نے رندھیائی ہوئی آواز میں التجا کی۔’’جرید مارا جائے گا۔یہ واحد شخص ہے ……‘‘’’خدائے یہودہ سے بڑھ کر محبت کے لائق کوئی نہیں ۔‘‘لیث بن موشان نے کہا۔’’تمہیں یہ قربانی دینی ہو گی۔جرید اب مکہ کو واپس نہیں جائے گا۔‘‘پھر یوحاوہ بھی مکہ کو واپس نہ گئی ۔جرید بن مسیّب بھی نہ گیا۔بوڑھے لیث نے دونوں کو تین دن اور تین راتیں ایک کمرے میں بند رکھا ۔جرید کو اپنے سامنے بٹھاکر اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال دیں پھر اسے کچھ پلایااور زیرِلب کچھ بڑ بڑانے لگا۔اس نے یوحاوہ کو نیم برہنہ کرکے اس کے ساتھ بٹھادیا۔ لیث یوحاوہ کو جو کہتا رہا وہ کرتی رہی۔’’یہ ضروری نہیں کہ میں تم سب کو یہ بھی بتاؤں کہ میں نے جرید کے ذہن اور اس کی سوچوں کو کس طرح اپنے قبضے میں لیا ہے۔‘‘ لیث نے کہا۔’’میں اسے ساتھ لایا ہوں تم اسے خود دیکھ لو۔‘‘’’لیث بن موشان نے یوحاوہ کو اشارہ کیا۔‘‘یوحاوہ باہر چلی گئی اور جرید بن مسیّب کو اپنے ساتھ لے آئی۔جرید نے اندر آ کر سب کو باری باری دیکھا۔’’وہ یہاں نہیں ہے ۔‘‘جرید نے کہا۔’’میں اسے پہچانتا ہوں وہ ہم میں سے ہے ۔وہ یہاں نہیں۔‘‘’’ذرا صبر کرو جرید!‘‘بوڑھے لیث نے کہا۔’’ہم تمہیں ا س تک پہنچائیں گے کل……کل جرید ……بیٹھ جاؤ۔‘‘جرید یوحاوہ کیساتھ لگ کر بیٹھ گیا اور بازو اس کی کمر میں ڈال کر اسے اپنے اور قریب کر لیا۔اگلی صبح جب مدینہ میں لوگ فتح کی خوشیاں منا رہے تھے اور کعب بن اسد کے گھر رسولِ اکرمﷺ اور اسلام کے خلاف بڑی ہی خطرناک سازش تیار ہو چکی تھی۔رسولِ کریمﷺ کو یاد دلایا گیا کہ بنو قریظہ نے جس کا سردار کعب بن اسد تھا مدینہ کے محاصرے کے دوران اہلِ قریش اور غطفان کے ساتھ خفیہ معاہدہ کیا تھا جسے نعیمؓ بن مسعود نے بڑی دانشمندی سے بیکار کر دیاتھا۔ یہ واقعہ بھی دو چار روز پہلے کا تھا جس میں رسول اﷲﷺ کی پھوپھی حضرت صفیہؓ نے ایک یہودی مخبر کو قتل کیا تھا۔ یہ مخبر اس چھوٹے سے قلعے میں داخل ہونے کا رستہ دیکھ رہا تھا ۔جس میں مسلمانوں کی عورتیں اور ان کے بچوں کورکھا گیا تھا ۔اس یہودی نے ایک عورت کو اپنے مقابلے میں دیکھ کر بڑے رعب اور گھمنڈ سے کہا تھا کہ وہ یہودی ہے اور مخبری کیلئے آیا ہے۔حضرت صفیہ ؓ نے اس کی تلوار کا مقابلہ ڈنڈے سے کیا اور اسے ہلاک کر دیا تھا۔ ’’خدا کی قسم!‘‘ کسی صحابی نے للکار کرکہا۔’’ان یہودیوں پر اعتبار کرنا اور ان کی بد عہدی پر انہیں بخش دینا، ایسا ہی ہے جیسے اپنا خنجر اپنے ہی د ل میں اتا رلیا جائے۔‘‘’’عبداﷲ بن محمد بن اسماء اور نافع حضرت ابنِ عمرؓ کے حوالے سے روایت کرتے ہیں کہ معرکۂ خندق کے خاتمے پر رسولِ اکرمﷺ نے فرمایا ’’تم میں ہر کوئی نمازِ عصر بنو قریظہ کے پاس پہنچ کر پڑھے۔‘‘ایک اور حدیث میں ہے جس کے راوی حضرت انسؓ ہیں ،انہوں نے کہاتھا میں اب تک لشکرِجبرئیل کا گرد و غبار بنو غنم میں اڑتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب رسولِ کریمﷺ بنو قریظہ کو بدعہدی اور دھوکادہی کی سزا دینے گئے تھے۔
تمام مؤرخین نے لکھا ہے کہ رسولِ کریمﷺ کے حکم سے مسلمانوں نے چڑھائی کردی اور بنو قریظہ کی قلعہ بند بستی کو محاصرے میں لے لیا۔احادیث کے مطابق سعدؓ بن معاذکو بنو قریظہ کے سرداروں کے پاس اس پیغام کے ساتھ بھیجا گیا کہ وہ اپنی بد عہدی کی سزا خود تجویز کریں ۔سعدؓ بن معاذ زخمی تھے۔ خندق کی لڑائی میں انہیں قبیلہ قریش کے ایک آدمی حبان بن عرفہ کی برچھی لگی تھی۔لیث بن موشان ،یوحاوہ اور یہودیوں کے تین چار سرکردہ آدمی ابھی تک کعب بن اسد کے پاس بیٹھے ہوئے تھے ۔جرید بن مسیب بھی وہیں تھا۔ انہوں نے اپنی سازش کاوقت رات کا مقررکیا ۔لیکن ایک یہودی دوڑتا ہوا اندر آیا۔ ’’مسلمان آ رہے ہیں۔‘‘اس نے گھبراہٹ سے کانپتی ہوئے آواز میں کہا۔’’صاف نظر آتا ہے کہ وہ دوست بن کر نہیں آ رہے۔گرد بتا رہی ہے کہ وہ چڑھائی کرکے آ رہے ہیں۔گرد دائیں بائیں پھیل رہی ہے۔ دیکھو…… اٹھو اور دیکھو ۔‘‘کعب بن اسد دوڑتا ہوا باہر نکلا اور قلعہ کے برج میں چلا گیا ۔وہاں سے دوڑتا اترا اور لیث بن موشان کے پاس پہنچا۔ ’’مقدس موشان!‘‘کعب بن اسد نے کانپتی ہوئے آوا زمیں کہا ۔’’کیا آپ کا جادو ان برچھیوں اور تلواروں کو توڑ سکتا ہے؟جو ہمیں قتل کرنے آ رہی ہیں۔‘‘’’روک سکتا ہے ۔‘‘بوڑھے لیث بن موشان نے کہا۔’’اگر محمدﷺ کا جادو زیادہ تیز ہوا تو میں مجبور ہوں گا۔ تم اوپر جاکر کیا دیکھ آئے ہو؟‘‘’’خدائے یہودہ کی قسم!‘‘ کعب بن اسد نے کہا۔’’یہ مخبری نعیم بن مسعود نے کی ہے۔مجھے معلوم نہ تھا کہ و ہ مسلمان ہو چکا ہے۔مسلمان محاصرے کی ترتیب میں آ رہے ہیں۔ ہم نکل نہیں سکیں گے۔‘‘
’ان دونوں کو نکال دو۔‘‘لیث بن موشان نے کہا۔’’یوحاوہ جرید کو ساتھ لے کر پچھلے دروازے سے نکل جاؤ۔میں تمہارے پیچھے پیچھے آ رہا ہوں۔‘‘’’آپ اوپر کیوں نہیں جاتے لیث بن موشان؟‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’آپ کا وہ علم اور وہ جادو کہاں گیاجو آپ ……‘‘’’تم اس راز کو نہیں سمجھ سکتے۔‘‘بوڑھے لیث نے کہا۔’’ موسیٰ نے فرعون کو ایک دن میں ختم نہیں کر دیا تھا۔ یہ عصا جو تم میرے ہاتھ میں دیکھ رہے ہو، وہی ہے جو موسیٰ نے دریا میں مارا تھاتو پانی نے انہیں رستہ دے دیا تھا۔یہ عصاکا کرشمہ تھاکہ فرعون کا لشکر اور وہ خود دریا میں ڈوب کر فنا ہو گیا تھا۔جس طرح موسیٰ اپنے قبیلے کو مصر سے نکال لائے تھے اسی طرح میں تمہیں یہاں سے نکال لوں گا۔‘‘یوحاوہ اور جرید بن مسیّب پچھلے دروازے سے نکل گئے اور لیث بن موشان بھی نکل پڑا۔مسلمان جب بنو قریظہ کی بستی کے قریب آئے تو عورتوں اور بچوں میں ہڑبونگ بپا ہو گئی اور بھگدڑ مچ گئی۔عورتیں اور بچے اپنے گھروں کو بھاگے جا ہے تھے۔ کوئی آدمی مقابلے کیلئے باہر نہ آیا۔جو مسلمان ٹیکریوں کی طرف سے محاصرے کیلئے آگے بڑھ رہے تھے انہیں دو آدمی اور ایک عورت نظر آئی ۔تینوں بھاگے جا رہے تھے۔ آدمی جو بوڑھا تھا اور عورت، اپنے ساتھی کو گھسیٹ رہے تھے۔ وہ پیچھے کو مڑ مڑ کر دیکھتا اور آگے نہیں چلتاتھا ۔وہ لیث بن موشان ،جرید اور یوحاوہ تھے۔لیث نے جرید کے ذہن پر قبضہ کر کے اسے رسولِ کریمﷺ کے قتل پر آمادہ کر لیا تھا لیکن اب جرید اس کیلئے مصیبت بن گیا تھا۔ وہ اس عمل کے زیرِاثر تھا جسے آج ہپناٹزم کہا جاتا ہے،یوحاوہ اپنی محبت کی خاطر اسے اپنے ساتھ لے جا رہی تھی ۔اسے یہی ایک خطرہ نظر آرہا تھا کہ جرید مسلمانوں کے ہاتھوں مار اجائے گا۔اور لیث ،جرید کواس لیے اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش میں تھاکہ اسے کسی اور موقع پر رسول اﷲ ﷺ کے قتل کیلئے استعمال کرے گا۔لیکن جرید لیث کے عمل ِ تنویم کے زیرِ اثر بار بار کہتا تھا’’ کہاں ہے وہ جو اپنے آپ کو خدا کانبی کہتا ہے ؟وہ ہم میں سے ہے۔ وہ میرے ہاتھوں قتل ہو گا۔مجھے چھوڑ دو مجھے مدینہ جانے دو۔‘‘ایک مسلمان نے ٹیکری پر کھڑے ہوکر انہیں للکارا اور رکنے کو کہا۔ لیث اور یوحاوہ نے پیچھے دیکھا اور وہ جرید کواکیلا چھوڑ کر بھاگ گئے ۔جرید نے تلوار نکال لی۔’’کہاں ہے محمد ؟‘‘جرید نے تلوار لہرا کر ٹیکری کی طرف آتے ہوئے کہا۔’’وہ ہم میں سے ہے۔ میں اسے پہچانتا ہوں ،میں اسے قتل کروں گاجس نے نبوت کا دعویٰ کیا ہے ۔یوحاوہ میری ہے۔‘‘ وہ للکارتا آ رہا تھا۔’’یوحاوہ ہبل اور عزیٰ سے زیادہ مقدس ہے۔ سامنے لاؤ اپنے نبی کو ……‘‘کون مسلمان اپنے اﷲ کے رسول ﷺکی اتنی توہین برداشت کرتا ؟جس مسلمان نے ان تینوں کوللکارا تھا اس نے کمان میں تیر ڈالا اور دوسرے لمحے یہ تیر جرید بن مسیّب کی دائیں آنکھ میں اتر کر کھوپڑی کے دور اند رپہنچ چکا تھا۔جرید کے ایک ہاتھ میں تلوار تھی۔ اس کا دوسرا ہاتھ دائیں آنکھ پر چلا گیااور اس نے تیر کو پکڑ لیا ۔وہ رک گیا۔ اس کا جسم ڈولا پھر ا سکے گھٹنے زمین سے جا لگے ۔اس کا وہ ہاتھ جس میں تلوار تھی اس طرح زمین سے لگا کہ تلوار کی نوک اوپر کو تھی۔ جرید بڑی زور سے آگے کو گرا ،تلوار کی نوک اس کی شہ رگ میں اتر گئی ۔وہ ذرا سا تڑپا اور ہمیشہ کیلئے بے حس و حرکت ہو گیا۔
سعد ؓبن معاذ جو زخمی تھے، کعب بن اسد کے دروازے پر جا رکے اور دستک دی ۔کعب نے غلام کو بھیجنے کے بجائے خود دروازہ کھولا۔’’بنو قریظہ کے سردار!‘‘ سعد ؓبن معاذنے کہا۔’’تیرے قبیلے کے بچے بچے نے دیکھ لیا ہے کہ تیری بستی ہمارے گھیرے میں ہے ۔کیا تو کہہ سکتا ہے کہ تو نے وہ گناہ نہیں کیا جس کی سزا آج تیرے پورے قبیلے کو ملے گی؟ کیا تو نے سوچا نہیں تھا کہ بد عہدی کی سزا کیا ہے؟‘‘’’مجھے انکار نہیں۔‘‘کعب بن اسد نے ہارے ہوئے لہجے میں کہا۔’’لیکن میں نے وہ گناہ کیا نہیں جو ابو سفیان مجھ سے کرانا چاہتا تھا۔‘‘’’اس لیے نہیں کیا کہ تو اس سے یرغمال میں اونچے خاندا نوں کے آدمی کو مانگتا تھا۔‘‘سعدؓ بن معاذنے کہا۔’’اس سے پہلے تو نے اسے کہہ دیا تھا کہ تیرا قبیلہ مدینہ کے ان مکانوں پر شب خون مارے گا جس میں ہماری عورتیں اوربچے تھے۔تو نے ایک مخبر بھی بھیجا تھا بدبخت انسان ۔تو نہ سوچ سکا کہ مسلمانوں کی ایک عورت بیدار ہوئی تو وہ یہودیوں کی شیطانیت کو صرف ایک ڈنڈے سے کچل دے گی۔‘‘ ’’میں جانتا ہوں تمہیں نعیم بن مسعود نے خبر دی ہے کہ میں نے تم سے بد عہدی کی ہے ۔‘‘کعب بن اسد نے شکست خوردہ آواز میں کہا۔’’تم یہ جان لو کہ یہ خبر غلط نہیں۔میں نے جوکچھ کیا وہ اپنے قبیلے کی سلامتی کیلئے کیاتھا۔‘‘’’اب اپنے قبیلے کیلئے سزا خود ہی مقرر کرلو۔‘‘سعد ؓبن معاذنے کہا۔’’تو جانتا ہے کہ معاہدہ توڑنے والے قبیلے کو کیا تاوان دینا پڑتا ہے۔اگر تو خود اپنی سزا کا فیصلہ نہیں کرتا تو بھی تجھے معلوم ہے کہ تیرے قبیلے کاانجام کیا ہو گا۔کیا تو بنو قینقاع اور بنو نضیر کا انجام بھول گیا ہے؟مجھے اس زخم کی قسم !جومیں نے خندق کی لڑائی میں کھایا ہے ،تیرے قبیلے کا انجام ان سے زیادہ برا ہو گا۔‘‘’’ہاں سعد! ‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’میں جانتا ہوں میرے قبیلے کا انجام کیا ہو گا۔ ہمارے بچے اورہماری عورتیں بھی ختم ہو جائیں گی۔میرافیصلہ یہ ہے کہ معاہدے کے مطابق میرے قبیلے کے تمام مردوں کو قتل کردواور ہماری عورتو ں اور ہمارے بچوں کو اپنے ساتھ لے جاؤ۔وہ زندہ تورہیں گے۔‘‘’’صرف زندہ نہیں رہیں گے۔‘‘سعدؓ بن معاذنے کہا۔’’وہ خدا کے سچے نبی ﷺکی رحمت کی بدولت با عزت زندگی بسر کریں گے۔اپنے تمام آدمیوں کو باہر نکالو۔‘‘سعدؓ بن معاذ واپس آ گئے ۔’’یا رسول اﷲﷺ!‘‘ انہوں نے رسولِ کریمﷺ سے کہا ۔’’بنو قریظہ نے اپنی سزا خود مقررکی ہے۔ان میں جو آدمی لڑنے کے قابل ہیں انہیں قتل کر دیا جائے اور عورتوں بچوں اور بوڑھوں کو اپنی تحویل میں لے لیا جائے۔‘‘
سب نے دیکھاکہ بنو قریظہ کے لوگ قلعے سے باہر آ رہے تھے۔ محاصرے میں سے کسی کو بھاگ نکلنے کا موقع نہ ملا۔مؤرخوں نے لکھا ہے کہ یہودیوں کی تاریخ فتنہ و فساد اور بد عہدی سے بھری پڑی تھی۔اسے خدا کی دھتکاری ہوئی قوم کہا گیا تھا۔ان کے ساتھ جس نے بھی نرمی برتی اسے یہودیوں نے نقصان پہنچایا چنانچہ بنو قریظہ کو بخش دینا بڑی خطرناک حماقت تھی۔ مسلمانوں نے اس قبیلے کے ایسے تما م آدمیوں کو قتل کردیا جو لڑنے کے قابل تھے اور بوڑھوں عورتوں اور بچوں کواپنی تحویل میں لے لیا۔دو مؤرخین نے لکھا ہے کہ رسولِ کریمﷺ نے بنو قریظہ پر فوج کشی کی تو یہودیوں نے بڑا سخت مقابلہ کیا۔ مسلمانوں نے پچیس روز بنو قریظہ کو محاصرے میں لیے رکھا۔آخر یہودیوں نے رسولِ اکرم ﷺ کو پیغام بھیجا کہ سعد ؓبن معاذ کو ان کے پاس صلح کی شرائط طے کرنے کیلئے بھیجا جائے۔چنانچہ سعدؓ بن معاذ گئے اور یہ فیصلہ کر آئے کہ بنو قریظہ کے آدمیوں کو قتل کر دیاجائے اور ان کی عورتوں اور بچوں کو مالِ غنیمت میں لے لیا جائے۔جن یہودیوں کو قتل کیا گیا ان کی تعدا د چار سو تھی۔زیادہ تر مؤرخوں نے لکھا ہے کہ بنو قریظہ نے مقابلہ نہیں کیا اور اپنے کیے کی سزا پانے کیلئے قلعہ سے نکل آئے۔مدینہ میں یہودیوں کے قتلِ عام کے ساتھ یہ ذکر دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ اس سے پہلے مسلمانوں نے یہودیوں کے دو قبیلوں بنو نضیر اور بنو قینقاع کو ایسی ہی بدعہدی اور فتنہ پردازی پر ایسی ہی سزا دی تھی ،ان قبیلوں کے بچے کچھے یہودی شام کو بھاگ گئے تھے ،شام میں ایرانیوں کی حکومت تھی۔ ایک عیسائی بادشاہ ہرقل نے حملہ کرکے شام پرقبضہ کر لیا۔یہودیوں نے اس کے ساتھ بھی بدعہدی کی،اِدھر مدینہ میں مسلمان بنو قریظہ کو قتل کر رہے تھے ،اُدھر ہرقل بنو نضیر اور بنو قینقاع کا قتلِ عام کر رہا تھا۔ایک حدیث ہے جو حضرت عائشہؓ کے حوالے سے ہشام بن عروہ نے بیان کی ہے کہ سعد ؓبن معاذ کے فیصلے کو رسولِ کریمﷺ نے قبول فرما لیا اور بنو قریظہ کے یہودیوں کو قتل کر دیا گیا تھا ۔ہشام بن عروہ نے یہ بھی کہا ہے کہ ان کے والد ِ بزرگوار نے انہیں یہ واقعہ سنایا تھا کہ سعد ؓبن معاذ کو سینہ میں برچھی لگی تھی ،جب بنو قریظہ کو سزا دی جا چکی تو رسول اﷲﷺ کے حکم سے سعد ؓبن معاذ کیلئے مسجد کے قریب ایک خیمہ لگا کر اس میں انہیں رکھا گیا ،تاکہ ان کے زخم کی دیکھ بھال آسانی سے ہوتی رہے۔
سعدؓ بن معاذ اس خیمے میں لیٹ گئے لیکن اٹھ بیٹھے اور انہوں نے خدا سے دعا مانگی کہ ان کی ایک ہی خواہش ہے کہ ہراُس قوم کے خلاف لڑیں جو اﷲ کے رسولﷺ کو سچا نبی نہیں سمجھتی،مگر لڑائی ختم ہو چکی ہے۔انہوں نے خدا سے التجا کی کہ اگر میر ے نصیب میں کوئی اور لڑائی لڑنی ہے تو مجھے اس میں شریک ہونے کیلئے زندگی عطا فرما اگر یہ سلسلہ ختم ہو گیا ہے تو میرے زخم کو کھول دے کہ میں تیری راہ میں جان دے دوں ۔ سعد ؓبن معاذ کی یہ دعا تین چار آدمیوں نے سنی تھی لیکن انہوں نے اسے اہمیت نہیں دی تھی۔صبح کسی نے دیکھاکہ سعد ؓبن معاذ کے خیمے سے خون بہہ بہہ کر باہر آ رہا تھا۔ خیمہ میں جاکر دیکھا ،سعدؓ بن معاذ شہید ہو چکے تھے۔انہوں نے خدا سے شہادت مانگی تھی، خدا نے ان کی دعا قبول کر لی۔ان کے سینے کا زخم کھل گیا تھا۔
💟 *جاری ہے ۔ ۔ ۔* 💟

ایک تبصرہ شائع کریں

[blogger]

MKRdezign

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.
Javascript DisablePlease Enable Javascript To See All Widget