آخری سبق نمبر 56: خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع
سورۂ کافرون کا خلاصہ
کفار سے دو ٹوک اعلان حضورِ اکرم ﷺ سے فرمایا جا رہا ہے کہ آپ کفار و مشرکین کے سامنے صاف اعلان فرما دیں کہ دین کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ یا تو تم دینِ اسلام قبول کر کے ہمارے بھائی بن جاؤ، ورنہ تمہیں تمہارا دین مبارک اور ہمیں ہمارا دین کافی ہے۔
سورۂ نصر کا خلاصہ
انتقالِ مبارک کی پیش گوئی اس سورت میں حضورِ اقدس ﷺ کی دعوتی زندگی کی تکمیل کی طرف اشارہ ہے کہ جب لوگ فوج در فوج اسلام میں داخل ہونے لگیں تو آپ تسبیح اور استغفار میں مزید اضافہ فرما دیں، کیونکہ اب آپ کے فرائض تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف اس میں آپ ﷺ کے وصالِ مبارک کی طرف لطیف اشارہ بھی موجود ہے۔
سورۂ لہب کا خلاصہ
عداوتِ اسلام کا انجام ابو لہب عداوتِ اسلام کے باعث ہلاک ہوا۔ لہٰذا جو بھی دعوت و تبلیغِ دین کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرے گا اور اللہ و اس کے رسول ﷺ کی ناراضگی مول لے گا، اسے بھی اسی انجام سے دوچار کیا جائے گا۔
سورۂ اخلاص کا خلاصہ
صفاتِ باری تعالیٰ کفار و مشرکین کے سامنے یہ حقیقت واضح کر دی گئی کہ نسب نامہ اس کا ہوتا ہے جس کا کوئی باپ یا بیٹا ہو۔ اللہ تعالیٰ نہ کسی کا باپ ہے اور نہ بیٹا، نہ اس کا کوئی ہمسر ہے، لہٰذا اس بارے میں سوال ہی لغو ہے۔
سورۂ فلق کا خلاصہ
جسمانی مضرات سے پناہ کی ضرورت اس سورت میں جسمانی نقصان پہنچانے والی چیزوں اور افراد سے بچنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنے کی تعلیم دی گئی ہے، خواہ وہ تعویذ و گنڈے ہوں، رات کے اندھیروں کی سازشیں ہوں یا حسد کرنے والے ناپاک ارادے۔
سورۂ ناس کا خلاصہ
روحانی مضرات سے پناہ کی ضرورت جس طرح جسمانی نقصانات سے بچاؤ ضروری ہے، اسی طرح روحانی نقصانات (وسوسوں) سے بچاؤ اس سے بھی زیادہ ضروری ہے، کیونکہ یہ اثرات انسانوں اور جنات دونوں کی طرف سے ہو سکتے ہیں۔ غیر اللہ میں کسی بھی قسم کے نفع و ضرر کی طاقت ہرگز نہیں۔
اختتامی دعائے ختمِ خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع 🤲
اَللّٰهُمَّ لَكَ الْحَمْدُ كُلُّهُ، وَلَكَ الشُّكْرُ كُلُّهُ اے اللہ! تمام تعریفیں تیرے ہی لیے ہیں، تمام شکر تیرے ہی لیے ہے۔
اے ربِ کریم! تو نے ہمیں قرآنِ عظیم کے اس مختصر خلاصے کو مکمل کرنے کی توفیق عطا فرمائی، ہم تیرے اس فضل پر شکر ادا کرتے ہیں۔ یا اللہ! اس عاجزانہ کوشش کو اپنی بارگاہِ عالیہ میں قبولِ عام عطا فرما، اس میں جو کوتاہیاں رہ گئیں انہیں اپنے کرم سے معاف فرما، اور جو خیر و ہدایت اس میں ہے اسے ہمارے لیے ذریعۂ نجات بنا دے۔
اے اللہ! قرآن کو ہمارے دلوں کا نور، سینوں کا سکون، غموں کا مداوا اور مشکلات میں رہنمائی بنا دے۔ ہمیں قرآن پڑھنے، سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اسے دوسروں تک پہنچانے والوں میں شامل فرما۔
یا اللہ! تمام بیمار مسلمانوں کو شفا عطا فرما، بے روزگاروں کو حلال رزق عطا فرما، قرض داروں کے قرض ادا فرما، اور بے اولادوں کو نیک اولاد عطا فرما۔ اے اللہ! امتِ مسلمہ پر اپنا خاص کرم فرما اور مظلوم مسلمانوں کی غیبی مدد فرما۔
ہمارے والدین، اساتذہ اور محسنین کی مغفرت فرما اور ہمارا خاتمہ ایمان پر فرما۔
رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ وَتُبْ عَلَيْنَا إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ وَصَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلٰى سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ ﷺ وَعَلٰى آلِهِ وَصَحْبِهِ أَجْمَعِينَ
آمین یا ربَّ العالمین

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں