سبق نمبر 55: خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع (سورۂ بیّنہ تا سورۂ کوثر)


 

سبق نمبر 55: خلاصۂ قرآن رکوع بہ رکوع

سورۂ بیّنہ کا خلاصہ

بعثتِ نبوت کی ضرورت حضور ﷺ کی بعثت سے قبل اہلِ کتاب آپ ﷺ کی تشریف آوری کا انتظار کرتے تھے کہ کوئی رسول پاکیزہ صحائف سنائے۔ بعد میں انہوں نے انکار کی راہ اپنائی۔ اب قانون یہ ہے کہ جو آپ ﷺ کی دعوت کو قبول کرے گا وہ خیرُالبریہ (بہترین مخلوق) ہے، اور جو منہ موڑے گا وہ شرُّالبریہ (بدترین مخلوق) ہوگا۔


سورۂ زلزال کا خلاصہ

قیامت کے ابتدائی حالات ابتداءِ قیامت میں زمین ایک زبردست زلزلے سے دوچار ہوگی اور اپنے سارے دفینے باہر نکال دے گی۔ زمین اپنے اوپر ہونے والے ایک ایک واقعے کی تفصیل بیان کرے گی۔ نیکی اور برائی کے ایک ایک ذرے کا حساب لیا جائے گا اور کسی پر ظلم نہ ہوگا۔


سورۂ عادیات کا خلاصہ

انسان کی ایک خطرناک بیماری انسان کی بیماری یہ ہے کہ وہ اپنے رب کا بڑا ناشکرا ہے، جس کی بنیادی وجہ حبِ مال (مال کی محبت) ہے۔ اس کا علاج یہ ہے کہ انسان موت کے بعد کی زندگی پر غور کرے تاکہ شکر کا جذبہ پیدا ہو۔


سورۂ قارعہ کا خلاصہ

قیامت کے انتہائی حالات اس سورت میں قیامت کے آخری مراحل کا بیان ہے کہ جب میزانِ اعمال قائم ہوگی، تو جس کے اعمالِ صالحہ زیادہ ہوں گے وہ عیش کی زندگی پائے گا، اور جس کے اعمال کم ہوں گے اس کا ٹھکانہ ہاویہ (دھکتی ہوئی آگ) ہوگا۔


سورۂ تکاثر کا خلاصہ

تکاثرِ اموال ایک مرض مال کی کثرت کی ہوس انسان کو فرائض سے غافل کر دیتی ہے۔ قیامت کے دن اس تمام مال کے متعلق سوال ہوگا اور ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا۔


سورۂ عصر کا خلاصہ

اقوامِ عالم کی کامیابی کے اصول کامیابی کے چار سنہری اصول یہ ہیں:

  1. ایمان

  2. اعمالِ صالحہ

  3. تلقینِ حق

  4. تلقینِ صبر


سورۂ ہمزہ کا خلاصہ

زر پرستوں سے خداوندی سلوک جو لوگ صرف مال جمع کرنے کے درپے رہتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ ہمیشہ ساتھ رہے گا، انہیں اللہ کی سلگائی ہوئی آگ میں ڈال دیا جائے گا جو دلوں تک پہنچ جائے گی۔


سورۂ فیل کا خلاصہ

توہینِ شعائرِ اللہ کا نتیجہ جو لوگ شعائرِ اللہ کی توہین کرتے ہیں، ان کا انجام ابرہہ جیسا ذلیل ہوتا ہے۔ جس نے کعبہ کی طرف بری نظر اٹھائی، اسے تباہ کر دیا گیا۔ یہی انجام ہر اس شخص کا ہوگا جو شعائرِ اسلامی کی توہین کرے گا۔


سورۂ قریش کا خلاصہ

عبادتِ رب کا حکم اللہ نے قریش پر بے شمار احسانات کیے، دشمنوں سے بچایا اور امن دیا۔ ان نعمتوں کا تقاضا یہ ہے کہ وہ اس گھر کے رب کی عبادت کریں جس نے انہیں بھوک میں کھلایا اور خوف سے امن دیا۔


سورۂ ماعون کا خلاصہ

مکذبینِ قیامت کے اوصاف قیامت کو جھٹلانے والوں کی نشانیاں یہ ہیں:

  • یتیموں سے برا سلوک۔

  • مسکین کو کھانا کھلانے کی ترغیب نہ دینا۔

  • دکھاوے کی نماز پڑھنا۔

  • معمولی ضرورت کی چیزیں دینے سے انکار کرنا۔


سورۂ کوثر کا خلاصہ

اصولِ ہزیمت برائے اعداءِ اسلام اعدائے اسلام کی سازشوں کو ناکام بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ اپنے رب کے لیے نماز پڑھو اور قربانی کرو۔ ان اعمال سے دشمن کی تحریکیں خود بخود دم توڑ دیں گی اور وہ بے نام و نشان ہو جائیں گے۔


"آج الحمدللہ سورة بینہ، زلزال، عادیات، قارعہ، تکاثر، عصر، ہمزہ، فیل، قریش، ماعون، کوثر کی رکوعات کا خلاصہ مکمل ہوا، کل ان شاء اللہ سورة کافرون شروع کرینگے۔"

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں