🐎⚔️🛡️اور نیل بہتا رہا۔۔۔۔🏕🗡️
تذکرہ : *حضرت عمرو بن العاص ؓ*
✍🏻تحریر: *_عنایت اللّٰہ التمش_*
▄︻قسط نمبر 【➊➍】デ۔══━一
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
عمرو بن عاص دور اندیش سپہ سالار تھے ،انہوں نے پہلے ہی اپنے سالاروں سے کہہ دیا تھا کہ مقوقس نے وقت حاصل کرنے کے لیے یہ معاہدہ کیا ہے۔ اور کہا ہے کہ اس معاہدے کی منظوری ھرقل سے لینا ضروری ہے دراصل مقوقس کمک کا منتظر تھا عمرو بن عاص کو خیال آیا کہ پہلے ہی وقت زیادہ گزر گیا ہے اور ابھی تک معاہدے کی منظوری نہیں آئی ہو سکتا ہے معاہدے کی منظوری کی بجائے اسکندریہ سے یا بزنطیہ سے زیادہ نفری کی کمک آجائے پھر مجاہدین کے لئے بڑی ہی مشکل پیدا ہوجائے گی۔
اس خدشے کے پیش نظر سپہ سالار نے اپنے لشکر کی پوزیشن کا جائزہ لیا ،لشکر قلعہ اور خندق کے درمیان تھا سپہ سالار عمرو بن عاص کو یہ خطرہ نظر آنے لگا کے کمک دریا کے راستے سے آئے گی اور اس طرف کے دروازے سے اندر چلی جائے گی ایسا ہوسکتا ہے کہ رومی خندق میں پانی چھوڑ دیں اور اندر سے فوج باہر نکال کر حملہ کر دیں، اس صورت میں مجاہدین کے لئے پیچھے ہٹنا خطرناک ہوجائے گا ،وہ خندق اور زیادہ نفری کی رومی فوج کے درمیان ایسی صورتحال میں پھنس جائیں گے کہ سالار کوئی چال کوئی پینترہ نہیں بدل سکیں گے۔
مجاہدین نے یہ خندق اس صورت میں پار کی تھی کہ نیل کے اتر جانے سے خندق کا پانی بھی دریا میں واپس چلا گیا تھا، سپہ سالار کو معلوم نہیں تھا کہ خندق میں پانی چھوڑنے کا کوئی اور انتظام ہے یا نہیں، خطرہ یہ نظر آ رہا تھا کہ کوئی اور انتظام ضرور ہوگا ان خطروں اور خدشے کے پیش نظر سپہ سالار نے یہ احتیاطی تدبیر اختیار کی کہ معاہدے کی منظوری یا نامنظوری آنے سے پہلے ہی تمام لشکر کو حصار خندق سے باہر لائے۔ محاصرہ برقرار رکھا گیا سپہ سالار نے سالاروں سے کہہ دیا تھا کہ خندق کسی اور طریقے سے عبور کر لیں گے۔
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
قلعہ بند رومیوں نے جب دیکھا کہ مسلمان پھر خندق میں سے گزر کر پیچھے چلے گئے ہیں تو ان کے جرنیلوں نے ایک اور چال چلی وہ فوج کو تو باہر نہ لائے یوں کیا کہ منجنیقیں باہر لے آئے اور شہر کے چاروں طرف نصب کرلیں ،ان کے ساتھ تیر اندازوں کی ایک فوج باہر آگئی جسے آگے بڑھ کر حملہ نہیں کرنا تھا بلکہ ایک مقام پر رک کر مجاہدین کے لشکر پر تیر پھینکنے تھے۔
رومیوں کو ایک سہولت یہ حاصل تھی کہ خندق اور قلعے کے درمیان پھلوں کے باغات تھے اور پھلوں کے درخت گھنے جھنڈ چاروں طرف پھیلے ہوئے تھے یہ درخت خاص گھنے تھے، رومی تیرانداز ان درختوں پر چڑھ گئے اور مجاہدین کے لشکر پر تیر پھینکنے لگے ساتھ ہی منجیقوں سے پتھر آنے لگے۔
مسلمانوں کے پاس بھی منجیقیں تھیں اور تیر دور پھینکنے والی کمانیں بھی۔
تیروں کے جواب میں بے تحاشا تیراندازی کی لیکن رومی تیرانداز جو کے درختوں پر چڑھ گئے تھے اس لئے نظر نہیں آتے تھے، درختوں کی آڑ اور سہولت ملنے کی وجہ سے رومی زیادہ فائدہ حاصل کر رہے تھے، سپہ سالار نے اپنے لشکر کو تیروں سے بچانے کے لئے اور پیچھے ہٹا لیا۔
شام کے بعد جب رات تاریک ہو جاتی تھی تو صاف پتہ چلتا تھا کہ رومی خندق میں کچھ کر رہے ہیں ،رات کو تیراندازی رک جاتی تھی پھر بھی کوئی مجاہد آگے نہیں جاتا تھا کہ ذرا سے شک پر رومی تیروں کی بوچھاڑ پھینکنے لگیں گے ، رومی اپنے آپ کو اس قدر آزاد اور محفوظ سمجھنے لگے تھے کہ انہوں نے دروازے کھلے رکھے تھے ،تیرانداز آزادی سے اندر باہر آتے جاتے تھے ایک تیر انداز دستہ دن بھر تیر اندازی کرتا اور شام کو اندر چلا جاتا اور اس کی جگہ تازہ دم دستہ آجاتا تھا۔
سپہ سالار عمرو بن عاص ہر طرف گھوڑا دوڑاتے پھرتے اور لڑائی کی صورت حال دیکھ کر ہدایات جاری کرتے تھے۔
سنگ باری اور تیر اندازی کے جواب میں سنگباری اور تیر اندازی میں ہی جنوری 641 عیسوی کا مہینہ گزر گیا اور ماہ فروری کا آغاز ہوا، مجاہدین کا لشکر ابھی تک خندق سے باہر کچھ دور تھا اور رومی خندق اور قلعے کے مستحکم دفاعی انتظام میں بالکل محفوظ اور خوش و خرم تھے۔ عمرو بن عاص نے لڑائی جاری رکھی ان کی مجبوری یہ تھی کہ مجاہدین کی نفری رومیوں کے مقابلے میں اور بابلیون کے دفاعی انتظامات کو توڑنے کے لئے بہت ہی تھوڑی تھی، سپہ سالار کا دماغ بڑی تیزی سے کام کر رہا تھا لیکن انھیں کوئی راستہ یلغار کے لئے نظر نہیں آرہا تھا۔
سپہ سالار نے ایک انتظام یہ بھی کر رکھا تھا کہ کئی ایک مجاہدین کو نیل کے کنارے اسکندریہ کی طرف خاصی دور تک بھیج دیا تھا ان کے ذمہ کام یہ تھا کہ ادھر سے کمک آئے تو فورا اطلاع دیں ۔ان مجاہدین میں تیر انداز زیادہ تھے ان کے لئے حکم یہ تھا کہ وہ بحری جہازوں اور کشتیوں پر جن میں کمک آرہی ہوگی، تیر پھینکیں اور انکی رفتار سست کریں ۔سپہ سالار کا ایک حکم یہ بھی تھا کہ کمک سے لدی کشتیاں ندی کے کنارے کنارے آ رہی ہو تو مشعلیں جلا کر انکے بادبانوں پر پھینکیں۔ تاکہ بادبان جل اٹھے لیکن کمک کے آنے کی اطلاع سپہ سالار تک فوراً پہنچائیں۔
قرآن میں اللہ تعالی نے جہاد کو افضل ترین عمل قرار دیا اور اللہ کی راہ میں لڑنے والوں کے ساتھ کچھ وعدے کیے ہیں، مثلا سورہ العنکبوت میں اللہ کا ارشاد ہے کہ جو لوگ اللہ کے لیے جہاد کرتے ہیں انہیں اللہ ضرور اپنے راستے (فتح کے) دکھا دیتا ہے اور اللہ نیکوکار لوگوں کے ساتھ ہے۔
اللہ نے بابلیون کے محاصرے میں مجاہدین سے اپنا وعدہ پورا کیا کہ ایک روز ان مجاہدین میں سے ایک جنہیں نیل کے کنارے دور تک بھیجا گیا تھا گھوڑا دوڑاتا آیا اور سیدھا سپہ سالار عمرو بن عاص کے پاس جا رکا اسے دیکھ کر یہی توقع کی جاسکتی تھی کہ کمک آ گئی ہے اور یہ اس کی خبر لایا ہے۔
کیا رومیوں کی کمک آرہی ہے۔۔۔ سپہ سالار نے اس مجاہد سے پوچھا ۔
نہیں سپہ سالار!،،،،، مجاہد نے جواب دیا ۔۔۔اچھی خبر لایا ہوں ایک خبر یہ کہ شہر میں کوئی ایسی بیماری پھیل گئی ہے جس سے آبادی کا خاصا حصہ بیمار پڑا ہے اور لوگ مررہے ہیں، یہ بیماری اس فوج میں بھی پھیل رہی ہے جو شہر میں موجود ہے، دوسری خبر یہ کہ ہرقل مر گیا ہے ،تیسری خبر یہ کہ کمک کا دور دور تک نام و نشان نہیں اور فوج کے لوگ برجیوں پر چڑھ چڑھ کر اس طرف دیکھتے رہتے ہیں جس طرف سے انھیں کمک کے آنے کی توقع ہے۔
سپہ سالار کو یہ خبر سن کر بڑی ہی خوشگوار حیرت ہوئی یہ خبریں باہر اس طرح نکلیں اور سپہ سالار تک پہنچی کہ ایک کشتی قلعے کے دروازے کی طرف آئی جو دریا میں کھلتا تھا یہ ماہی گیروں کی کشتی تھی جو اتفاق سے نیل کے مغربی کنارے کے قریب آ گئی وہاں جو مجاہدین موجود تھے انہوں نے کشتی کو روک لیا اور پوچھا کہ شہر کے اندر کیا حال ہے؟ ماہی گیروں نے انہیں یہ خبر سنا دی اور مجاہدین نے انہیں چھوڑ دیا۔
سپہ سالار نے اسی وقت تمام سالاروں کو بلایا اور انہیں یہ خبر سنا کر کہا کہ اب توقع رکھی جا سکتی ہے کہ رومی فوج کا حوصلہ مزید کمزور ہوجائے گا ،رومی فوج کے جرنیل اپنے بادشاہ کی خوشنودی کی خاطر ہی لڑا کرتے تھے اور ان کا بادشاہ مر گیا تھا اس کے برے اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا تھا۔
لیکن اس کا یہ مطلب نہ لیا جائے۔۔۔ عمرو بن عاص نے سالاروں سے کہا۔۔۔ کہ کمک آئے گی ہی نہیں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا کہ ہرقل کو مصر کی یہ خبر پہنچے کے مسلمان بابلیوں تک پہنچ گئے ہیں اور وہ کمک نہ بھیجے۔
مرنے سے پہلے اس نے کمک بھیجنے کا حکم دے دیا ہوگا لہذا ہمیں بابلیون سر کرنے میں مزید جوش و خروش پیدا کرنا ہوگا۔
ہرقل کی موت کے متعلق بعض مؤرخین نے لکھا ہے کہ مارچ 641عیسوی میں مرا تھا، لیکن مستند تاریخ 11 فروری 641عیسوی ہے۔
ہرقل سلطنت روم کا آخری جنگجو اور جابر بادشاہ تھا وہ زندہ و سلامت تھا تو روم کی طاقت بھی سلامت تھی یہ تو اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والوں کا جوش ایمان تھا کہ ہرقل کو پے در پے شکست دی تھی لیکن سپہ سالار عمرو بن عاص اور امیرالمومنین حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کہا کرتے تھے کہ رومی کسی بھی وقت قدم جماکر جوابی یلغار کر سکتے ہیں۔ یہ تو وہ سانپ تھا جو مرتے مرتے بھی ڈس جاتا تھا۔
بہرحال اللہ تعالی نے مجاہدین کے ساتھ اپنا وعدہ پورا کیا اور ان کی کامیابی کے راستے کھول دیے تاریخ اس حقیقت کی گواہی دیتی ہے کہ اللہ نیکو کار بندوں کے ساتھ ہے۔
عمرو بن عاص کو تو یہ اطلاع ملی تھی کہ ہرقل مر گیا ہے لیکن انہیں یہ معلوم نہ ہوسکا کہ اس کی موت کے بعد بزنطیہ میں کیا صورتحال پیدا ہوگئی تھی ،انہیں یہ بھی معلوم نہ تھا کہ ملکہ مرتینا نے جنرل تھیوڈور کو الگ اور خفیہ پیغام بھیجا ہے اور یہ پیغام اپنا اثر دکھائے گا۔
پہلے اس پیغام کی بات ہو جائے تو بابلیون کے اندر کی کیفیت کا پتہ چل جائے گا ،کسی بھی مورخ نے ملکہ مرتینا کے پیغام کا پورا متن نہیں لکھا اس کا لب لباب یا اختصار لکھا ہے۔ اس پیغام سے صاف پتہ چلتا تھا کہ ملکہ مرتینا نے جنرل تھیوڈور کو اپنے حسن کا اور انعام واکرام کا اسیر بنا رکھا تھا، تھیوڈور اس کا مدح سرا ہی نہیں اس کا غلام بنا ہوا تھا۔
مرتینا نے اسے لکھا تھا کہ شاہ ہرقل کی زندگی کا اب کچھ پتہ نہیں کیونکہ اس کی صحت تیزی سے گزر رہی ہے اور وہ روز بروز نڈھال ہوتا جا رہا ہے، اس نے لکھا کہ تم جانتے ہو کہ میں اپنے بیٹے ہرقلیوناس کو سلطنت کے تخت پر بٹھا کر تاج اس کے سر پر رکھونگی ۔
ضروری ہے کہ عرب کے ان مسلمانوں کو مصر سے نکالو پھر میں یہ کہنے کے قابل ہو جاؤں گی کہ شاہ ہرقل نے تو شکست تسلیم کر لی تھی لیکن میرے بیٹے نے شکست کو فتح میں بدل دیا ہے ۔ یہ خیال رکھنا کسی قیمت پر بابلیون مسلمانوں کے ہاتھ نہ چلے جائے ۔ تم جانتے ہو کہ میں اس کے عوض تمہیں کیا دونگی، بتانے کی ضرورت نہیں اتنا بتا دیتی ہوں کہ تم حیران رہ جاؤ گے، یہ بھی بتا دیتی ہوں کہ میری یہ بات اور یہ خواہش پوری کر دو تو تمہیں سلطنت روم کی ساری فوج کا کمانڈر بنا دوں گی اور مصر میں تمہیں وہی حیثیت حاصل ہوگی جو مقوقس کی تھی تم مصر کے حکمران ہو گے۔
بعض مؤرخین نے لکھا ہے کہ مرتینا نے اس پیغام میں کچھ رومانی باتیں بھی لکھی تھی، اور یہ بھی کہ مرتینا تھیوڈور کے لیے بزنطیہ سے حسین ترین اور نوخیز دو تین لڑکیاں بھیجے گی ۔ مختصر یہ کہ مرتینا نے جنرل تھیوڈور کو یہ کہا تھا کہ وہ مصر سے مسلمانوں کو نکالے اور اس کے عوض مرتینا نے تھیوڈور کے لئے ایسی کشش اور دلکشی پیدا کردی تھی جو انسان کو دنیا میں ہی جنت دکھا دیا کرتی ہے۔
یہ پیغام ملتے ہی تھیوڈور میں بے پناہ جوش اور جذبہ پیدا ہو گیا تھا اس نے اپنے ماتحت جرنیلوں اور دیگر کمانڈروں کو بلا کر ایک تو جذباتی انداز سے بھڑکایا پھر فوجی نقطہ نگاہ سے انہیں بڑے سخت احکام دیے اور کہا کہ یہ روم کی عزت و آبرو کا سوال نہیں بلکہ ہر رومی کے ذاتی وقار کا مسئلہ ہے۔ تصور میں لایا جاسکتا ہے کہ تھیوڈور نے بابلیون کو مجاہدین اسلام سے بچانے کے لیے کیا کیا جتن کئے ہونگے۔
جب ہرقل کی موت کی اطلاع بابلیون پہنچی تو اس کے ردعمل کے طور پر یہ توقع تھی کہ سب کے حوصلے پست ہوجائیں گے لیکن تھیوڈور نے ساری فوج کو اکٹھا کرکے ایسے پرجوش طریقے سے خطاب کیا کہ ہر فوجی کو بھڑکا دیا اس نے کہا کہ شکست کا ذمہ دار سب سے پہلے مقوقس تھا ،اس کے بعد ہرقل اب دونوں نہیں ہیں تو یہ ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے کہ جن شکستوں کی ذمہ دار وہ دونوں تھے انہیں ہم فتح میں بدل دیں سلطنت روم ہرقل کی نہیں بلکہ تمہاری ہے۔
تھیوڈور کے اس خطاب کے صحیح الفاظ تاریخ میں نہیں ملتے یہ پتہ چلتا ہے کہ اس نے فوجیوں اور شہریوں میں بےپناہ ولولہ اور جذبہ پیدا کردیا تھا اب وہ اس جنگ کو ذاتی جنگ سمجھنے لگا تھا۔
مستند مؤرخوں کی تحریروں سے معلوم ہوتا ہے کہ بزنطیہ میں ہرقل کی موت کے بعد کیا صورتحال پیدا ہوگئی تھی پہلی بات تو یہ تھی کہ ہرقل کو مرتینا نے طبیب کے ہاتھوں زہریلی دوائیاں دلوا دلوا کر مروایا تھا ۔
طبیب نے صحیح اندازہ لگایا تھا کہ ہرقل ڈیڑھ یا زیادہ سے زیادہ دو مہینوں بعد مر جائے گا اس کا اندازہ صحیح نکلا۔
بزنطیہ میں صورتحال کچھ اس طرح بن گئی کہ جونہی ہرقل مرا ملکہ مرتینا نے اعلان کردیا کہ اس کا بیٹا ہرقلیوناس ہرقل کا جانشین ہے اور یہ فیصلہ ہرقل نے مرنے سے پہلے کر دیا تھا ۔حقیقت یہ تھی کہ ہرقل نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا مرنے سے پہلے مسلسل تین یا چار دن وہ بے ہوشی میں پڑا رہا تھا اور ایک رات ملکہ نے دیکھا کہ وہ مرا پڑا ہے ،وہ رات میں بے ہوشی یا نیند میں مر گیا تھا۔
ملکہ مرتینا کے اس اعلان کو سنتے ہی ہرقل کے بڑے بیٹے قسطنطین نے ہنگامہ برپا کردیا وہ کہتا تھا کہ ہرقل نے اسے کہہ دیا تھا کہ اس کی موت کے بعد وہ یعنی قسطنطین جانشین ہو گا ۔ وہ کہتا تھا کہ ہرقلیوناس نوعمر ،ناتجربہ کار، اور سلطنت روم کی باگ دوڑ سنبھالنے کے لیے بالکل ہی نا اہل ہے، اس صورتحال میں جب مسلمانوں نے رومیوں کو شام سے دھکیل باہر کیا ہے اور مصر کے اتنے بڑے حصے پر قابض ہوگئے ہیں کوئی ایسا حکمران ہونا چاہیے جو فوجی امور کی سوجھ بوجھ ہی نہیں بلکہ تجربہ رکھتا ہو اور انتظامی امور کو بھی سنبھال سکے۔
فوج کے جرنیل اور شہری انتظامیہ کے حاکم جانتے تھے کہ ہرقلیوناس کو اس صورتحال میں تخت پر بٹھانا بہت بڑی اور بڑی ہی خطرناک غلطی ہے، اس کے لئے قسطنطین ہی موزوں تھا لیکن یہ جرنیل اور انتظامیہ کے چھوٹے بڑے حاکم دو حصوں میں بٹے ہوئے تھے کچھ ملکہ مرتینا کے حامی تھے اور باقی قسطنطین کی حمایت کرتے تھے، اس طرح فوج اور شاہی محل میں دھڑے پیدا ہوگئے جو جانشینی کے مسئلے پر ایک دوسرے سے ٹکرانے لگے، قسطنطین تو کسی قیمت پر تخت و تاج نہیں چھوڑنا چاہتا تھا وہ چونکہ بڑا بیٹا تھا اس لیے بھی تخت کا وارث وہی تھا۔ ملکہ مرتینا اسے قبول نہیں کر رہی تھی۔
تاریخ میں یہ بھی واضح ہے کہ ہرقل نے زیادہ نفری کی تازہ دم کمک تیار کرنے اور فوراً مصر بھیجنے کا حکم دے دیا تھا ،کمک بالکل تیار ہو گئی تھی لیکن ابھی روانہ ہوئی تھی کہ ہرقل مر گیا قسطنطین نے فوراً حکم دیا کہ کمک کو مصر بھیجنے کے لئے جہاز تیار کیے جائیں۔ ملکہ مرتینا نے اس حکم پر یہ اعتراض کیا کہ قسطنطین خود اس کمک کے ساتھ جائے وہ جواز یہ پیش کرتی تھی کہ قسطنطین چونکہ میدان میں قیادت کا تجربہ رکھتا ہے اس لیے وہ کمک کا صحیح استعمال کرے گا ورنہ پہلے والے جرنیل اس کمک کو بھی مسلمانوں کے ہاتھوں مروا دیں گے۔
قسطنطین جانتا تھا کہ اس وقت ملکہ مرتینا کو مصر کا کوئی خیال نہیں اس کی تمام تر دلچسپیاں اپنے بیٹے کو تخت پر بٹھانے پر مرکوز ہیں وہ بزنطیہ سے غیر حاضر نہیں ہونا چاہتا تھا۔
حکم میرا چلے گا۔۔۔ملکہ مرتینا نے اعلان کردیا۔۔۔۔یا میرے بیٹے کا چلے گا۔ قسطنطین فوج کا کمانڈر ہے وہ مجھ سے یا میرے بیٹے سے حکم لے اس کے لیے شاہی حکم یہ ہے کہ کمک لے کر مصر کو روانہ ہوجائے جانشینی کا فیصلہ ہوچکا ہے۔
قسطنطین جانتا تھا کہ اس کی پشت پناہی میں جو لوگ ہیں وہ ایک محاذ پر متحد ہوچکے ہیں اور اسے یہ پشت پناہی ملتی رہے گی۔
ہوا بھی یہی اس کے حامی جرنیل اور اس سے نیچے کے عہدوں کے فوجی افسر اور شہری انتظامیہ کے بڑے حاکم اور شاہی خاندان کے کچھ افراد اس کی حمایت میں سامنے آگئے۔ اور صحیح معنوں میں انھوں نے متحد محاذ بنا لیا یہاں تک کہ مصر کی شکست کو اور مجاہدین اسلام کی پیش قدمیوں کو نظرانداز کردیا اور اولیت اور اہمیت صرف اس مسئلہ کو دینے لگے کہ تخت کا وارث قسطنطین کو ہی بنانا ہے۔
یہ تو وہ فوجی اور شہری حاکم تھے جو حقیقت پسند تھے اور سلطنت روم کا وقار بحال کرنا چاہتے تھے اور سلطنت کی توسیع بھی ان کے پیش نظر تھی بجا طور پر وہ قسطنطین کو ہی اس قابل سمجھتے تھے کہ اس صورتحال کو وہ سنبھالنے کی اہلیت اور تجربہ رکھتا ہے۔ عمر کے لحاظ سے قسطنطین ادھیڑ عمری کی آخری اسٹیج تک پہنچ چکا تھا جہاں انسان کی عقل و دانش مزید تیز ہوجاتی ہے اور وہ گزشتہ زندگی کے اچھے برے تجربات سے فائدہ اٹھاتا ہے۔
دوسری طرف ملکہ مرتینا نے اپنے بیٹے کے حامی خرید رکھے تھے خزانہ اس کے ہاتھ میں تھا اور شاہی حرم پر اس کا حکم چلتا تھا اس لئے اس نے یہ دونوں چیزیں یعنی زرو جواہرات اور حسین و جمیل لڑکیاں بے دریغ استعمال کر کے چند ایک جرنیلوں اور شہری حاکموں کو اپنی مٹھی میں لے رکھا تھا اب وقت آگیا تھا کہ یہ فوجی اور شہری حاکم انعام و اکرام کا حق ادا کریں، جو انہوں نے کیا اور محاذ بنا کر قسطنطین کے حامیوں کے خلاف مورچہ بند ہوگئے۔
شاہی حکم تو معطل ہی ہو گئے ،کمک روانگی کے حکم کے انتظار میں ہی بارکوں میں بیٹھی رہی دونوں دھڑوں کے جرنیلوں نے اپنے اپنے دستوں کو الگ کر لیا اور صورتحال خانہ جنگی والی پیدا ہو گئی۔
اس صورتحال میں کمک کو بھی جرنیلوں نے تقسیم کرلیا اور یہ بات ہی ختم ہو گئی کہ مصر کو کمک بھیجنی ہے ۔
کون نہیں سمجھ سکتا کہ جہاں اس طرح دھڑے بندی شروع ہوجائے اور یہ کشمکش اور چپقلش دونوں دھڑوں کو مرنے مارنے تک پہنچا دے تو وہاں کیسی تباہی آتی ہے۔ سارا سرکاری نظام ہی جام ہو کر رہ گیا ملکہ مرتینا کی عیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔
قسطنطین سلطنت روم کے معاملے میں مخلص تھا وہ دل و جان سے چاہتا تھا کہ یہ کشمکش ختم ہوجائے ۔ ملکہ مرتینا نے یہ چال بھی چلی کے تین چار بڑے پادریوں کو قسطنطین کے پاس بھیجا کہ اسے قائل کرے کہ وہ تمام تر فوج کا کمانڈر انچیف بن جائے اور تخت پر ہرقلیوناس بیٹھے، بے شک تمام امور قسطنطین اپنے ہاتھ میں رکھے۔
پادری قسطنطین کے پاس گئے اور مذہب کے نام پر اسے قائل کرنے لگے، قسطنطین نے کہا کہ اسے اگر یقین ہوتا کہ ہرقلیوناس کو تخت کا وارث قرار دینے سے سلطنت روم کے استحکام کو فائدہ پہنچے گا تو وہ اپنے حق سے دستبردار ہو جائے گا ۔ پادریوں نے مزید دباؤ ڈالنا شروع کردیا اور غالبا کسی پادری نے اسے کوئی توہین آمیز بات کہہ دی۔
میں آپ لوگوں کا احترام کر رہا ہوں۔۔۔ قسطنطین نے کہا۔۔۔ لیکن آپ مجھے ڈرا رہے ہیں اور دھمکیاں دے رہے ہیں کیا آپ میں اتنی سی بھی عقل و دانش نہیں کہ ہرقلیوناس کے اخلاق اور عقل کو جانتے ہوئے اسے تخت کا وارث بنا رہے ہیں، لیکن آپ مجبور ہیں کیونکہ آپ کے اندر مرتینا کا دیا ہوا خزانہ بول رہا ہے۔ اور آپ سب پر ان حسین و جمیل لڑکیوں کا سحر طاری ہے جو مرتینا آپ کو پیش کرتی رہی ہے۔ پیشتر اس کے کہ میں آپ کو کلیسا سے بے دخل کردوں یہاں سے چلے جائیں۔
ان پادریوں کے ضمیر مجرم تھے اس لیے وہ خاموشی سے چلے گئے۔
قسطنطین نے اب ایک بادشاہ کی حیثیت سے حکم دیا کہ کمک فوراً تیار کرکے مصر بھیجی جائے ،لیکن اس کے حکم کا وہی حشر ہوا جو ہوا میں چلائے تیر کا ہوتا ہے ،اس کے حامی جرنیلوں نے اسے بتایا کہ کمک تقسیم ہوچکی ہے یہ تو ہو نہیں سکتا کہ جو فوج قسطنطین کے حق میں ہے اس میں سے کمک بھیجی جائے ورنہ حامی فوج کی نفری بہت کم رہ جائے گی اور مرتینا کی حامی فوج اپنی طاقت سے تخت پر قابض ہو کر ہرقلیوناس کو روم کا بادشاہ بنا دے گی۔
یہ ایک بہت بڑا کرم تھا جسے اللہ تعالی نے مجاہدین اسلام کو نوازا تھا ،اور یہ بہت بڑی لعنت تھی جو اللہ تعالی نے رومیوں پر نازل کی تھی ،اللہ تبارک وتعالی اپنا یہ وعدہ بھی پورا کر رہا تھا کہ تم میں سے صرف دس ثابت قدم رہنے والے اور ایمان والے ہوئے تو ایک سو پر غالب آئیں گے اور سو ہوئے تو ایک ہزار پر غلبہ حاصل کریں گے ، مطلب یہ کہ اللہ ثابت قدم رہنے والے مومنین کی اتنی مدد کرتا ہے کہ معجزہ رونما ہوتے ہیں۔
رومی شہنشاہیت کے ایوانوں میں جو صورت حال پیدا ہوگئی تھی یہ مجاہدین کے لئے ایک معجزے سے کم نہ تھی ، وہاں تو مجاہدین کو مصر سے نکالنے والے رومی ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہو گئے تھے۔
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
یہ تحریر آپ کے لئے آئی ٹی درسگاہ کمیونٹی کی جانب سے پیش کی جارہی ہے۔
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
سپہ سالار عمرو بن عاص کو بالکل ہی معلوم نہ تھا کہ بزنطیہ میں یہ صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور کمک کا خطرہ بالکل ہی ختم ہوگیا ہے۔ سپہ سالار تو یہ پلان بنا رھے تھے کہ کس طرح خندق عبور کر کے قلعے پر یلغار کی جائے ،لیکن ممکن نظر نہیں آتا تھا رومیوں نے منجنیقیں باہر لگا رکھی تھیں اور تیرانداز درختوں میں چھپے ہوئے تیروں کی بوچھاڑ پھینک رہے تھے۔
ملکہ مرتینا نے (تاریخ کے مطابق) جنرل تھیوڈور کو ایک پیغام اور بھیجا اس میں مرتینا نے شاہی محل کی تمام صورت حال لکھی اور اسے بتایا کہ کسی بھی وقت یہاں خانہ جنگی ہو سکتی ہے، خانہ جنگی ہو یا نہ ہو یہ صاف نظر آرہا ہے کہ ہرقلیوناس کو تخت کی وراثت نہیں مل سکے گی ،مرتینا نے لکھا کہ اپنے تمام ذرائع اور وسائل ہوشمندی سے استعمال کرو اور مسلمانوں کو وہاں سے نکالو، مرتینا کا مطلب یہ تھا کہ ہو سکتا ہے ایسی صورت پیدا ہو جائے کہ لوگ اس کے اور اس کے بیٹے کے خلاف ہو جائیں تو اسے اپنے بیٹے کے ساتھ پناہ لینے کے لیے مصر آنا پڑے۔
اس صورت میں وہ مصر سے خودمختاری کا اعلان کردے گی۔ اس نے تھیوڈور کو پرزور الفاظ میں لکھا تھا کہ مصر محفوظ رہنا چاہیے اور وہاں سے ہماری بادشاہی کی ابتدا ہوگی اور جو فوج وہاں موجود ہے وہ ہماری اپنی ہوگی۔
ہرقل نے بزنطیہ میں مقوقس پر غداری کا الزام لگا کر بالکل ٹھیک کہا تھا کہ مصر میں ایک لاکھ رومی فوج موجود ہے، جس میں سے صرف بارہ ہزار کو لڑایا گیا ہے، اگر عقل مندی اور دیانتداری سے اس فوج کو استعمال کیا جاتا تو آٹھ دس ہزار نفری کے لشکر کو مصر میں ہی کچلا اور مسلا جاسکتا تھا۔
یہ صحیح ہے کہ مصر میں ایک لاکھ رومی فوج موجود تھی لیکن یہ فوج مختلف مقامات پر بکھری ہوئی تھی اور ان میں جو مجاہدین اسلام کے مقابلے میں آئی تھی اس میں سے ہزاروں کی تعداد میں کٹ گئی تھی۔ تھیوڈور نے مرتینا کے اس دوسرے پیغام کے مطابق اپنے دفاعی پلان میں رد و بدل کیا ایک تو اسے یہ پتہ چل گیا کہ بزنطیہ سے کمک نہیں آئے گی۔ وہ کسی دوسرے مقام سے کمک نہیں منگوا سکتا تھا کیونکہ بابلیون مجاہدین کے محاصرے میں تھا دریائی راستہ بھی مجاہدین کی موجودگی میں محفوظ نہیں تھا۔
ایک روز مجاہدین نے دیکھا کہ رومی منجنیقیں قلعے کے اندر لے جارہے ہیں اور تیرانداز دستے بھی قلعے کے اندر چلے گئے ہیں۔ دروازے بند ہوگئے سپہ سالار عمرو بن عاص دیکھتے رہے اور ان کے دیکھتے ہی دیکھتے منجنیقیں قلعے کی دیواروں پر پہنچا دی گئیں اور وہاں سے پھر سنگ باری شروع ہوگئی۔
ایک بات جو پہلے بتا دینے والی تھی وہ اب بتائی جا رہی ہے، چونکہ قسطنطین سلطنت روم کے حق میں مخلص تھا اور اپنے شاہی خاندان اور سلطنت کا وقار بحال کرنے کی کوشش میں مصروف تھا ،اس لئے وہ دیکھ رہا تھا کہ اس صورتحال پر کس طرح قابو پایا جاسکتاہے ۔ مؤرخ لکھتے ہیں کہ ہرقل کا بنایا ہوا اسقف اعظم قیرس قسطنطین کو یاد آیا لیکن ہرقل نے اس پر بھی بے وفائی اور مقوقس کا ساتھ دینے کا الزام لگا کر جلا وطن کر دیا تھا ۔اس کے لئے یہ حکم نہیں دیا تھا کہ اسے بیڑیاں اور ہتھکڑیاں لگاکر جلاوطن کیا جائے بلکہ اسے یہ حکم دیا گیا کہ وہ سلطنت روم سے نکل جائے۔
تاریخ میں یہ واضح نہیں کہ قسطنطین کو معلوم تھا یا نہیں کہ جلاوطنی کے بعد قیرس کہاں چلا گیا ہے؟
تاریخ میں لکھا ہے کہ قسطنطین نے اپنا ایک دانشمند ایلچی قیرس کی طرف اس پیغام کے ساتھ بھیجا کہ شاہ ہرقل مر چکا ہے اور وہ یعنی قسطنطین اس کی جلاوطنی منسوخ کرتا ہے ،اور وہ فوراً بزنطیہ آ پہنچے۔
قسطنطین نے ایلچی کو اچھی طرح سمجھا دیا تھا کہ قیرس کو قائل کر کے واپس لانا ہے۔ پھر آگے مورخ لکھتے ہیں کہ قیرس کا سراغ مل گیا تھا اوروہ بزنطیہ آ گیا تھا ،لیکن یہ بعد کی بات ہے، پہلے ہم اس سے پہلے کے واقعات سناتے ہیں۔
بابلیون کے باہر اب جو کیفیت تھی وہ اس طرح تھی کہ جب رومی منجنیقیں اور تیر انداز قلعے کے اندر چلے گئے تو مجاہدین آگے بڑھ کر خندق کو دیکھنے لگے تیر اندازوں کی موجودگی میں وہ خندق کو دیکھ ہی نہیں سکتے تھے کیونکہ تیر موسلا دھار مینہ کی طرح آتے تھے۔
مجاہدین یہ دیکھنے کو آگے بڑھے کہ خندق عبور کی جا سکتی ہے یا نہیں۔
وہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ رومیوں نے خندق کو ناقابل عبور بنا دیا تھا اس میں پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں تھا لیکن تمام تر خندق خار دار تاروں کے گچھوں سے بھری پڑی تھیں، ان گچھوں کے علاوہ خندق میں لوہے کی نوکیلی سلاخیں گاڑی ہوئ تھیں۔ اگر خندق میں پانی ہوتا ، خواہ پانی سے خندق لبریز ہوتی تو تیر کر اسے عبور کیا جا سکتا تھا۔لیکن رومیوں نے خندق کو خار دار تاروں اور نوکیلی سلاخوں سے بھر دیا تھا۔ اور کوئی انسان خندق میں قدم رکھنے کی جرات نہیں کرسکتا تھا۔
محاصرے کو تقریبا آٹھ مہینے گزر گئے تھے مجاہدین کے لشکر میں مایوسی اور بددلی کے کوئی آثار نہیں تھے۔
لیکن سپہ سالار اور دیگر سالار بے تاب و بے قرار ہو تے جا رہے تھے۔ خندق اتنی چوڑی تھی کہ اسے اندرونی رکاوٹوں کے ہوتے ہوئے عبور کرنے کی سوچی بھی نہیں جاسکتی تھی۔ پھر بھی سب اپنا اپنا دماغ لڑا رہے تھے کہ خندق عبور کرنی ہی کرنی ہے۔
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
اب دیکھئے گوشت پوست کا ایک انسان کیا معجزے کر کے دکھاتا ہے ، یہ تھے زبیر بن عوام رضی اللہ تعالی عنہ اس مرد مجاہد کا پہلے بھی ذکر آچکا ہے ۔ زبیر بن عوام رضی اللہ تعالی عنہ رسول اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے پھوپھی زاد بھائی تھے ۔
ان کا شمار عرب کے بہادر ترین افراد میں ہوتا تھا ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بار فرمایا تھا ۔ ہر نبی کا ایک حواری ہوتا ہے میرے حواری زبیر بن عوام ہیں۔
زبیر بن عوام نے بابلیوں کے محاصرے میں جب دیکھا کہ خندق عبور کرنے کا کوئی اور ذریعہ نہیں تو ایک رات انہوں نے چند مجاہدین کو ساتھ لیا اور چار پانچ درختوں کی بڑی بڑی ٹہنیاں کٹوائیں پھر یہ ٹہنیاں شاخوں اور پتوں سمیت گھسیٹ کر خندق تک لے گئے اور خندق میں پڑی ہوئی خار دار تاروں کے گچھے اور نوکیلی سلاخوں پر اس طرح پھینکنے شروع کیئے کہ اگلے کنارے تک ٹہن پہنچ گئی۔
اس طرح انھوں نے خندق پر پڑی ہوئ ٹہنیوں پر چلتے چلتے اور ٹہنیاں پھینکتے پھینکتے خندق کے اوپر سے گزرنے کا اچھا خاصا راستہ بنالیا۔
اسی رات انہوں نے مجاہدین کو ایک جگہ اکٹھا کیا اور ان سے یوں خطاب کیا۔۔۔۔۔
یاد کرو خالد بن ولید کے وہ کارنامے جو انہوں نے دمشق میں کر دکھائے تھے ،یاد کرو سعد بن ابی وقاص کی وہ شجاعت جو انہوں نے مدائن میں دکھائی تھی، اور نہاوند میں نعیم بن مقرن کی بہادری یاد کرو، تم میں کون ہے جو شجاعت اور جانبازی میں ان مجاہدین سے پیچھے رہنا چاہتا ہے؟،،،،،،،،،، کیا تم میں کوئی بھی نہیں جو اللہ کی راہ میں سرفروشی کے جذبے سے سرشار نہ ہو؟
ہم ہیں۔۔۔۔ تمام مجاہدین کی آواز اٹھی۔۔۔ ہم اللہ کی راہ کے جانباز اور سرفروش ہیں۔ ہم سے تو کونسا کارنامہ کروانا چاہتا ہے۔
میں اللہ کی راہ میں اپنی جان پیش کرتا ہوں۔۔۔۔ زبیر بن عوام نے کہا۔۔۔ اللہ میری اس قربانی کو مسلمانوں کی فتح کا سبب بنائے۔
زبیر بن عوام نے اتنی سی بات کہہ کر مجاہدین کو جوش اور جذبے کے شعلے بنا دیا۔ وہ اب پوچھ رہے تھے کہ کرنا کیا ہے۔
لشکر میں ڈسپلن ایسا تھا کہ کوئی سالار ایسی کاروائی جو زبیر کرنے لگے تھے اپنے طور پر نہیں کرتا تھا۔ سپہ سالار کو پہلے اپنا پورا پلان بتاتے تھے پھر وہ کارروائی کی جاتی تھی۔
زبیر سپہ سالار عمرو بن عاص کے پاس گئے اور انہیں بتایا کہ انہوں نے قلعے پر یلغار کے لئے مجاہدین کا ایک پورا دستہ تیار کر لیا ہے، اور پھر اپنا پلان بتایا۔
عمرو بن عاص تو خطرہ مول لینے میں ہی شہرت رکھتے تھے ،انہوں نے دیکھ لیا تھا کہ بابلیون کا قلعہ سر کرنا ہے تو کوئی بہت ہی بڑا خطرہ مول لینا پڑے گا۔ وہ زبیر بن عوام لے رہے تھے۔
سپہ سالار نے سالار زبیر کو اجازت دے دی۔ زبیر بن العوام جب واپس اس جگہ گئے جہاں انہوں نے خندق پر درختوں کے ٹہن پھینکے تھے، وہاں پہلے سے زیادہ مجاہدین اکٹھے ہوگئے تھے وہ سب اپنی جان پیش کرنے آئے تھے اور بے تاب تھے کہ انھیں بتایا جائے کرنا کیا ہے۔
سالار زبیر نے ایک دستے کی نفری الگ کرلی اور بتایا کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ اور کیسی قربانی دینی ہوگی۔ ان کا پلان ایسا تھا جس میں شہادت یقینی نظر آتی تھی۔
سالار زبیر کی ہدایات کے مطابق مجاہدین نے سیڑھیاں اکٹھا کر لیں اور دو دو سیڑھیاں باندھ لیں۔
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
یہ کام رات کی تاریکی میں ہورہا تھا، تاریکی مجاہدین کو فائدہ تو دے رہی تھی کہ وہ ذرا ہی دور سے کسی کو نظر نہیں آ سکتے تھے، لیکن اس تاریکی میں کچھ خطرے بھی تھے۔ فتح انہیں کے مقدر میں لکھی جاتی ہے جو آتش نمرود میں بے خطر کود پڑتے ہیں ،سپہ سالار عمرو بن عاص وہاں موجود تھے اور مجاہدین کا حوصلہ بڑھا رہے تھے وہ بہت ہی خوش تھے کہ انہیں زبیر بن العوام جیسے سالار مل گئے تھے۔
اس جانباز اور سرفروش سالار نے قلعہ بابلیون سر کرنے کی مہم میں نئی روح پھونک دی تھی۔
کئی ایک مجاہدین کی خواتین لشکر کے ساتھ تھیں جو لشکر کے پیچھے رہتی تھیں ۔ان خواتین میں زیادہ تر بیویاں تھیں ایک دو مجاہدین کی مائیں بھی تھیں اور دوچار کی بہنیں ان کے ساتھ تھیں ۔ کسی طرح ان خواتین کو پتہ چل گیا کہ مجاہدین خندق عبور کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں اور یہ بڑا ہی خطرناک کام ہے ،مجاہدین خندق عبور کیا ہی کرتے تھے لیکن خواتین جانتی تھی کہ بابلیون کے اردگرد جو خندق ہے یہ سب سے نرالی اور دشوار ہے، انھیں بتانے والے نے بتایا کہ خندق کس طرح عبور کی جارہی ہے اور یہ بھی کہ سیڑھیاں اور کچھ سامان بھی ساتھ لے جایا جا رہا ہے ،بیس پچیس جوان سال خواتین اس طرف اٹھ دوڑیں جہاں سے خندق عبور کی جارہی تھی ،سپہ سالار عمرو بن عاص نے ان خواتین کے دوڑ کے قدموں اور ان کی باتوں کی آوازیں سنی تو خود دوڑے گئے اور عورتوں کے راستے میں جا کھڑے ہوئے۔
انہیں روک کر پوچھا کہ وہ کیا لینے آئی ہیں؟،،،،، یہ بھی کہا کہ وہاں آواز نہ نکالیں مکمل خاموش اختیار کیے رکھیں، ایک خاتون نے آگے بڑھ کر سپہ سالار کو بتایا کہ وہ کیوں آئی ہیں۔
فوراً خاموشی سے واپس چلی جاؤ ۔۔۔عمرو بن عاص نے کہا ۔۔۔تمہاری ضرورت محسوس ہوئی تو تمہیں بلا لیں گے۔
سیڑھیاں اور سامان ہمیں اٹھا کر آگے لے جانے دیں۔۔۔ خاتون نے کہا۔۔۔ ہم پیچھے خیموں میں بیکار پڑی ہیں ۔
عمرو بن عاص نے انہیں ذرا سختی سے کہا کہ وہ واپس چلی جائیں خندق عبور کرنا مجاہدین کے لئے کوئی نیا کام نہیں جو عورتوں کی مدد کے بغیر ہو ہی نہ سکے۔
سات، آٹھ ہزار نفری سے آپ کیا کچھ کر لیں گے ۔۔۔ایک اور خاتون نے کہا۔۔۔۔ ہمارے جسموں میں بھی اللہ نے طاقت ڈال رکھی ہے یہ کسی کام تو آئے، ہم صرف لاشیں اٹھاتی ہیں اور زخمیوں کو ڈھونڈتی پھرتی اور انہیں پیچھے لے جاتی ہیں ،ہم اس خندق سے واقف ہیں ہمارے مردوں کو آگے جا کر لڑنا بھی ہے، جو کام ہم کرسکتے ہیں وہ ہمیں کرنے دیں۔
تمہارے کرنے کا صرف ایک کام ہے۔۔۔ عمر بن عاص نے کہا ۔۔۔فوراً واپس جاؤ اور یہ کام شروع کر دو وضو کرو نفل پڑھو اور ہماری کامیابی کی دعا کرو ہمیں اس مدد کی ضرورت ہے۔
خواتین واپس چلیں تو گئیں لیکن سب پر مایوسی طاری تھی خیموں میں واپس جا کر سب نے وضو کیا اور فرداً فرداً نماز پڑھنے کھڑی ہو گئی۔
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
ادھر مجاہدین کے سپہ سالار کا یہ جذبہ کے وہ سپاہی بنا ہوا مجاہدین کے ساتھ کام کر رہا تھا ۔اور ادھر قلعے کے اندر رومیوں کا سپہ سالار اپنے آپ کو ہرقل جیسا بادشاہ سمجھے ہوئے تھا ، مقوقس کے بعد مصر میں وہ مختارکل تھا، وہ تھا جرنیل تھیوڈور آدھی رات ہونے کو آئی تھی اس کے سونے کے کمرے میں کچی عمر کی ایک نوجوان لڑکی بیٹھی اس کا انتظار کر رہی تھی۔
تھیوڈور ایک اور کمرے میں تھا اس کے ساتھ اس کے دو ماتحت جرنیل تھے ،اور چار پانچ اور فوجی افسر بھی تھے جو جرنیلی کے درجے سے ایک درجہ ہی کم تھے، ان میں ایک جرنیل جارج تھا جو تجربے اور قابلیت میں تھیوڈور کا ہم پلہ تھا۔
جنرل تھیوڈور کے دماغ پر ملکہ مرتینا سوار تھی اور وہ انعام جس کا مرتینا نے اس کے ساتھہ وعدہ کیا تھا ۔ وہ تو ابھی سے اپنے آپ کو مقوقس کا جانشین سمجھنے لگا تھا یعنی فرمانروائے مصر۔
وہ اپنے پاس بیٹھے ہوئے فوجی افسروں کو یقین دلارہا تھا کہ یہ عربی لشکر بابلیون کی دیوار کے قریب بھی نہیں آسکے گا ، اس دعوے میں وہ حق بجانب تھا پہلے بیان ہوچکا ہے کہ بابلیون کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے کیا اہتمام کیا گیا تھا ۔
تھیوڈور ہی نہیں بلکہ اس کے تمام تر چھوٹے بڑے افسر اور پوری کی پوری فوج کو یقین ہو گیا تھا کہ مسلمان اس خندق سے باہر ہی رہیں گے اور ان کے پاس کوئی ایسا طریقہ نہیں کہ خندق کو عبور کر سکیں گے، یہ یقین انھیں بڑا ہی پرلطف اطمینان دے رہا تھا۔
جرنل تھیوڈور نے اپنے اعلیٰ فوجی افسروں کا اجلاس بلا رکھا تھا لیکن دو نیم برہنہ جوان اور خوبصورت لڑکیاں انہیں شراب پیش کر رہی تھیں۔
شراب اپنا اثر دکھانے لگی تھی۔
اگر بزنطیہ سے تم نے کوئی امید وابستہ کر رکھی ہے تو وہ دل سے نکال دو۔۔۔ تھیوڈور نے کہا۔۔۔ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ شاہ ہرقل کمک نہیں بھیج رہا تھا۔ اب اس کا بیٹا قسطنطین یہ ذمہ داری پوری کر سکتا ہے۔ لیکن مجھے اس سے بھی کمک کی توقع نہیں، بزنطیہ سے مجھے جو خبری ملی ہے وہ ہمارے لئے اور مصر کے لیے اچھی نہیں۔ قسطنطین شاہ ہرقل کا جانشین بننے کی کوشش میں ہے۔
بلکہ مرتینا کا پیغام میرے پاس آ چکا ہے ۔شاہ ہرقل کی جانشین صرف ملکہ مرتینا ہو سکتی ہے ،اور اسے ہونا بھی چاہئے ،بہر حال ہمیں ایسی امید رکھنی ہی نہیں چاہیے کہ قسطنطین کمک بھیجے گا ۔ البتہ ملکہ مرتینا نے وعدہ کیا ہے کہ وہ زیادہ نفری کی کمک بھیجے گی لیکن اس میں کچھ عرصہ لگے گا۔ شاہ ہرقل کو بھی مصر کا کچھ خیال نہ تھا اور قسطنطین کو بھی نہیں ،اس کی دلچسپیاں صرف تخت و تاج پر مرکوز ہیں، یہ عزم ذہن میں رکھ لو اور عہد کرو کہ ہمیں اس مٹھی بھر مسلمانوں کو یہیں خندق کے باہر ہی نیست و نابود کر دینا ہے، میں مصر کے اندر سے ہی کمک منگوا رہا ہوں۔
عرب کے یہ بدوّ آخر کب تک محاصرے میں بیٹھے رہیں گے۔۔۔ جرنل جارج نے کہا۔۔ انہیں کچھ عرصہ بیٹھے رہنے دو ہم ان کی رسد کے راستے مسدود کر رہے ہیں، اور جب یہ بھوکے مرنے لگیں گے تو ان کے عقب سے ان پر حملہ کریں گے۔
مصر میں اپنی فوج کی کمی نہیں۔۔۔ تھیوڈور بولا۔۔۔ ان عربوں کو ذرا نڈھال ہو جانے دو ابھی یہ فتح کے نشے سے سرشار ہیں تھوڑے ہی دنوں بعد اس خوش فہمی سے نکل آئیں گے۔
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
◦•●◉✿ جاری ہے ✿◉●•◦