⚔️▬▬▬๑👑 داستانِ ایمان فروشوں کی 👑๑▬▬▬⚔️
تذکرہ: سلطان صلاح الدین ایوبیؒ
✍🏻 عنایت اللّٰہ التمش
🌴⭐قسط نمبر 𝟚 𝟜⭐🌴
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
سورج غروب ہوگیا تھا شام تاریک ہونے لگی تھی, عثمان صارم خاموش رہا اس کا ذہن کسی اور طرف تھا وہ کچھ جواب دئیے بغیر چل پڑا ابھی دو ہی قدم اٹھائے تھے کہ رینی نے آگے ہوکر روک لیا
مجھے آزاد کردو رینی! عثمان صارم نے اکھڑے ہوئے لہجے میں کہا مجھے پتھر بن جانے دو میرا راستہ کوئی اور ہے ہم اکھٹے نہیں چل سکیں گے محبت قربانی مانگتی ہے
رینی نے نشیلی آواز میں کہا کہو کیا قربانی مانگتے ہو میں وعدہ کرتی ہوں کہ تم جو جی میں آئے کرو میں تمہیں قید نہیں ہونے دوں گی اور میں تم سے وعدہ کرتا ہوں عثمان صارم نے طنزیہ کہا کہ میں تمہیں بتاؤں گا ہی نہیں کہ میرے جی میں کیا آئی ہے اور میں کیا کرنے والا ہوں میں تمہارے اس حسین جسم اور ریشمی بالوں کے جادو میں نہیں آؤں گا
تو پھر مجھے ثابت کرنا پڑے گا کہ میں تمہارے لیے قربانی دے سکتی ہوں رینی نے کہا جاؤ عثمان! تم جلدی میں ہو لیکن میں تمہارے گھر آنے سے باز نہیں آؤں گی، عثمان صارم دوڑ پڑا رینی اسے دیکھتی رہی اور آہ بھر کر چلی گئی
عثمان صارم گھر میں داخل ہوا تو برجیس وہاں پہنچ چکا تھا عثمان اندر چلا گیا اور اپنے باپ ماں اور النور کو تفصیل سے بتایا کہ صلیبیوں نے مسلمانوں کا ایک قافلہ لوٹا ہے اور دو لڑکیوں کو بھی ساتھ لے آئے ہیں اس نے تمام تر واقعہ سنا کر کہا وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ان لڑکیوں کو آزاد کرانے جا رہا ہے اور اس مہم میں النور کی بھی ضرورت ہے عثمان صارم کے باپ کی ٹانگ صلیبیوں کے خلاف لڑتے ہوئے جوانی میں کٹ گئی تھی اور وہ باقی عمر اس افسوس میں کاٹ رہا تھا کہ وہ جہاد کے قابل نہیں رہا اس نے عثمان سے کہا بیٹا! تم نے اگر اتنے خطرناک کام کا ارادہ کرلیا ہے تو مجھے یہ سننا نہ پڑے کہ تم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ غداری کی ہے اس کام میں پکڑے جانے کا امکان زیادہ ہے اگر تم پکڑے گئے اور تمہارے ساتھی نکل آئے تو جان دے دینا اپنے ساتھیوں کے نام پتے نہ بتانا میں تمہیں صلاح الدین ایوبی کی فوج کے لیے جوان کر رہا تھا لیکن تمہاری بہن کی شادی کرکے تمہیں رخصت کرنے کا سوچا تھا جاؤ اور میری روح کو مطمئن کردو ایک بار پھر سن لو میں کسی سے یہ نہیں کہلوانا چاہتا کہ تمہاری رگوں میں صارم کا خون نہیں تھا
باپ نے بیٹی کو بھی اجازت دے دی عثمان صارم نے اسے بتایا کہ برجیس ڈیوڑھی میں بیٹھا ہے اور وہ اس مہم کی کمان اور رہنمائی کرے گا باپ ڈیوڑھی میں برجیس کے پاس چلا گیا عثمان نے النور سے کہا کہ وہ فوراً اپنی ایک یا دو ایسی سہیلیوں کو بلا لائے جو اس کام میں شامل ہونے کی جرأت رکھتی ہیں النور اسی وقت باہر نکل گئی اور ذرا سی دیر میں دو سہیلیوں کو بلا لائی اتنے میں عثمان صارم کا ایک ساتھی اپنی بہن کے ساتھ آگیا ایک ایک کرکے ساتوں جوان آگئے برجیس نے لڑکیوں کو بتایا کہ وہ کس راستے کہاں جائیں گی راستے میں انہیں ایک سنتری روکے گا لڑکیاں اس سے پوچھیں گی کہ اوپر کو کون سا راستہ جاتا ہے وہ کہیں گی کہ شاہ رینالڈ نے انہیں بلایا ہے لیکن وہ غلط راستے پر آگئی ہیں ان میں سے ایک لڑکی نوکرانیوں کے بھیس میں ہوگی جس کے سر پر سامان ہوگا سنتری کو ختم کرنا ہوگا پھر آگ لگانی ہوگی آگ لگانے والا سامان ''نوکرانی'' کے سر پر ہوگا گھوڑے اس طرح بندھے ہوں گے کہ لمبے لمبے رسوں کے سرے زمین میں دبائے ہوئے ہوں گے اور گھوڑوں کی پچھلی ایک ایک ٹانگ سے زنجیر یا رسی بندھی ہوگی جو رسوں سے گزاری ہوئی ہوگی ان لمبے رسوں کو خنجروں سے کاٹ دینا ہوگا اور چند ایک گھوڑوں کو خنجر بھی مارنے ہوں گے تاکہ وہ منہ زور ہوکر بھاگ اٹھیں
برجیس نے لڑکیوں کو فوراً لباس اور حلیہ درست کرنے کو کہا اور ایک کو نوکرانی بنا دیا اس کے منہ اور ہاتھوں پر مٹی اور سیاہی سی مل دی پھر وہ عثمان صارم اور اس کے ساتھیوں کو ہدایات دینے لگا وہ خود اس کے ساتھ جارہا تھا عثمان صارم کے باپ نے بھی انہیں کچھ مشورے دیئے پھر سب کو خنجر دیئے گئے خاصا وقت گزر گیا تھا لیکن برجیس کہہ رہا تھا کہ ابھی شہر جاگ رہا ہے اس جگہ کی رونق اس وقت جاگتی تھی جب شہر سو جاتا تھا تیاریوں میں وقت گزرتا رہا اور روانگی کا وقت ہوگیا
سب کو اکیلے اکیلے جانا اور ایک طے شدہ مقام پر ملنا تھا لڑکیوں کا راستہ الگ تھا انہیں اندازاً وقت بتا دیا گیا تھا جب انہیں آگ لگانی تھی اس وقت برجیس کی جماعت کو حملے کے مقام پر ہونا چاہیے یہ بے حد نازک اور خطرناک مہم تھی جس میں وقت کی غلطی اور کسی کی کوئی بے احتیاطی سب کو ایسے قید خانے میں ڈال سکتی تھی جو جہنم سے کم نہ ہوتا ، سب سے زیادہ خطرہ لڑکیوں کا تھا کیونکہ وہ لڑکیاں تھیں تصور کیا جاسکتا تھا کہ ان کے پکڑے جانے کی صورت میں ان کا کیا حشر ہوگا النور نے کہا کہ پکڑے جانے کا خطرہ ہوا تو لڑکیاں اپنے خنجروں سے خودکشی کرلیں گی وہ کفار کے ہاتھ زندہ نہیں آئیں گی
شہر پر خاموشی طاری ہوتے ہوتے سارا شہر خاموش ہوگیا کہیں کوئی روشنی نظر نہیں آتی تھی صرف ایک جگہ تھی جہاں رات کے سکوت کا ذرہ بھر اثر نہیں تھا یہ وہ عمارت تھی جہاں صلیبیوں کی متحدہ کمان کا ہیڈکوارٹر تھا وہیں صلیبی حکمرانوں اور اعلیٰ کمانڈروں کی رہائش بھی تھی یہ لوگ اس ہال میں ایک ایک کر کے آچکے تھے جہاں وہ ہر رات شراب نوشی اور رقص کی محفل جمایا کرتے تھے اس رات ان کا موضوع دو نئی مسلمان لڑکیاں اور مال واسباب تھا جو قافلے سے لوٹا گیا تھا کسی نے پوچھا کہ یہ لڑکیاں کسی اور کام بھی آسکتی ہیں؟
اس کا جواب ایک فوجی کمانڈر نے یہ دیا کہ لڑکیاں بالغ ذہن کی ہیں اس لیے انہیں جاسوسی وغیرہ کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا ایک کی عمر سولہ سترہ سال ہے اور دوسری بائیس تئیس سال کچھ عرصہ تفریح کے لیے استعمال ہوسکتی ہیں
اس کے بعد انہیں اپنے دو فوجی افسروں کے حوالے کردینا ایک اعلیٰ کمانڈر نے کہا وہ ان کے ساتھ شادی کرلیں گے
یہ لڑکیاں ان کے ہنسی مذاق اور غلیظ باتوں کا موضع بنی رہیں اور وہ مسلمانوں کے خلاف نفرت کا اظہار کرتے رہے اس وقت لڑکیاں دو الگ الگ کمروں میں تھیں وہ رو رو کر بے حال ہورہی تھیں دونوں کے ساتھ ایک ایک خادمہ تھی یہ ادھیڑ عمر عورتیں بڑی خرانٹ اور اس فن کی ماہر تھیں وہ لڑکیوں کو نہلا چکی تھیں اور انہیں رات کا لباس پہنا رہی تھیں لڑکیوں نے کچھ بھی نہیں کھایا تھا ان کے آگے ایسے ایسے کھانے رکھے گئے تھے جو انہوں نے کبھی خواب میں بھی نہیں دیکھے تھے لیکن انہوں نے کسی چیز کو ہاتھ نہیں لگایا تھا دونوں کو ایک دوسرے کے متعلق معلوم نہیں تھا کہ کہاں ہے اور اس کے ساتھ کیا بیت رہی ہے دونوں عورتیں انہیں بڑے ہی حسین سبز باغ دکھا رہی تھیں ایک کو بتایا جارہا تھا کہ اسے فرانس کے بادشاہ نے پسند کیا ہے جو اسے زر و جواہرات سے لاد دے گا دوسری کو جرمن کے بادشاہ کی ملکہ بننے کے خواب دکھائے جارہے تھے اس کے ساتھ ہی انہیں بڑے پیار سے دھمکیاں بھی دی جارہی تھیں کہ انہوں نے اگر ان بادشاہوں کو ناراض کیا تو وہ انہیں فوجی سپاہیوں کے حوالے کردیں گے
یہ لڑکیاں صحرائی دیہات کی رہنے والی تھیں کوئی ایسی بزدل بھی نہیں لیکن بے بس ہوگئی تھیں اپنے تحفظ میں کچھ بھی کرنے کے قابل نہیں رہی تھیں ان کے ماں باپ اور بڑے بھائی نے ان کی عصمت کی خاطر صلیبی استبداد کے علاقے سے ہجرت کی تھی مگر صلیبیوں کے پھندے میں آگئے لڑکیاں پکڑی گئیں ماں باپ مارے گئے اور بھائی قید ہوگیا خدا کے سوا ان کی مدد کرنے والا کوئی نہ تھا وہ قید سے نکل بھاگنے کے بھی قابل نہیں تھیں وہ روتی تھیں تو صرف خدا کو یاد کرتی اور خدا کو ہی مدد کے لیے پکارتی تھیں اپنی عزت کے علاوہ اپنے بھائی آفاق کے لیے وہ بہت پریشان تھیں اس وقت آفاق بیگار کیمپ میں تڑپ رہا تھا وہ زخمی تھا اور اسے پیٹا بھی بہت گیا تھا پہلے کے قیدی شام کے وقت روز مرہ کی مشقت سے آئے تھے انہوں نے ان نئے قیدیوں کو دیکھا ان کی بپتا سنی ان میں صرف آفاق زخمی تھا کسی نے اس کی مرہم پٹی نہیں کی تھی تین چار قیدیوں نے مرہم اور کچھ دیسی دوائیاں چھپا کر رکھی ہوئی تھی رات کو انہوں نے آفاق کے زخم صاف کیے اور مرہم بھر کر اوپر کپڑے باندھ دئیے
آفاق کو اپنے زخموں کا درد محسوس نہیں ہورہا تھا اس کا دھیان اپنی بہنوں کی طرف تھا قیدیوں سے وہ پوچھتا تھا کہ اس کی بہنیں کہاں ہوں گی اور ان کے ساتھ کیا سلوک ہورہا ہوگا اسے بتایا گیا کہ اس قید خانے کی کوئی دیوار نہیں اور انہیں بیڑیاں بھی نہیں ڈالی گئیں پھر بھی وہ یہاں سے بھاگ نہیں سکتا کیونکہ سنتری گھوم پھر رہے ہیں اور اگر وہ یہاں سے نکل بھی جائے تو جائے گا کہاں کہیں نہ کہیں پکڑا جائے گا اس کی سزا اتنی اذیت ناک موت ہوگی جس کا وہ تصور بھی نہیں کرسکتا اسے بتایا گیا کہ یہاں کئی کئی سالوں سے قیدی پڑے ہیں جو کرک ہی کے رہنے والے ہیں لیکن بھاگنے کی جرأت نہیں کرتے وہ جانتے ہیں کہ وہ پکڑے نہ گئے تو صلیبی ان کے پورے خاندان کو قید میں ڈال دیں گے ان تمام مجبوریوں اور خطروں کے باوجود آفاق فرار اور بہنوں کو رہا کرانے کی سوچ رہا تھا اس کا جسم چلنے کے بھی قابل نہیں تھا قیدی دن بھر کے تھکے ماندے بے ہوشی کی نیند سوگئے اور آفاق جاگ رہا تھا
لڑکیاں پکڑی نہ گئی ہوں عثمان صارم نے سرگوشی میں کہا خدا کو یاد کرو عثمان! برجیس نے کہا ہم اس وقت موت کے منہ میں ہیں دل سے تمام خوف نکال دو اور خدا کو دل میں بٹھا لو تمہیں دوسرے لڑکوں پر بھروسہ ہے؟
پورا بھروسہ عثمان نے کہا ان کی فکر نہ کرو مجھے لڑکیوں کی فکر ہے
خدا کو یاد کرو برجیس نے کہا ہم چوری کرنے نہیں آئے اللہ مدد کرے گا
اس وقت عثمان صارم اور برجیس گھر میں نہیں تھے وہ اس عمارت سے جس میں مغویہ لڑکیاں تھیں اتنی دور جھاڑیوں میں چھپے ہوئے تھے جہاں سے عمارت انہیں اپنے سر پر کھڑی نظر آرہی تھی ان کے سات ساتھی ان سے تھوڑی ہی دور بکھر کر انہی کی طرح چھپے ہوئے تھے برجیس نے انہیں اچھی طرح بتا دیا تھا کہ کون سے اشارے پر انہیں کیا کرنا ہے عثمان صارم کو ان چار لڑکیوں کا غم تھا جو فوجی سامان اور گھاس کو آگ لگانے کے لیے لے گئی تھیں ان میں اس کی اپنی بہن النور بھی تھی اس وقت تک آگ لگ جانی چاہیے تھی توقع یہ تھی کہ اگر سکیم کامیاب رہی تو آگ کے شعلے اٹھیں گے پھیلیں گے اس عمارت سے تمام کمانڈر وغیرہ آگ کی طرف بھاگیں گے جو ایک قدرتی ردعمل تھا کیونکہ فوجی سامان کو آگ لگنے کی صورت میں وہ اپنی محفل عیش وطرب میں مگن نہیں رہ سکتے تھے ان کے جاتے ہی ان نوجوانوں کو عمارت پر ٹوٹ پڑنا تھا مگر لڑکیوں کو گئے بہت وقت ہوگیا تھا شاید سنتری نے انہیں روک کر واپس بھیج دیا ہوگا
لڑکیاں ابھی سنتری تک ہی نہیں پہنچی تھی کیونکہ وہاں سنتری تھا ہی نہیں سنتری کا نہ ہونا خطرہ تھا کیونکہ زندہ رہنے کی صورت میں وہ انہیں آگ لگاتے پکڑ سکتا تھا لڑکیوں نے سنتری کو ڈھونڈنا شروع کردیا وہ خشک گھاس کے پہاڑوں جیسے ڈھیروں کے پاس سے گزر رہی تھیں اندھیرے میں انہیں خیموں کے انبار نظر نہیں آرہے تھے وہ اکٹھی جارہی تھیں انہیں ایک جگہ ڈنڈے سے بندھی ہوئی مشعل کا شعلہ نظر آیا وہ ادھر چلی گئیں سنتری سامنے آگیا مشعل کا ڈنڈا زمین میں گڑھا ہوا تھا سنتری نے مشعل اٹھالی اور لڑکیوں کے قریب آکر انہیں روکا وہ لڑکیوں کا بھڑکیلا لباس اور سج دھج دیکھ کر مرعوب ہوگیا ان کے ساتھ ایک نوکرانی تھی جس نے سر پر گٹھڑی سی اٹھا رکھی تھی سنتری نے ان سے پوچھا کہ وہ کون ہیں اور کہاں جارہی ہیں
معلوم ہوتا ہے ہم غلط راستے پر آگئی ہیں النور نے بڑی شوخ ہنسی سے کہا شاہ رینالڈ کا دعوت نامہ آیا تھا ہم نے رات کو آنے کا وعدہ کیا تھا ذرا دیر ہوگئی تو کسی نے بتایا کہ یہ راستہ چھوٹا ہے یہاں تو آگے معلوم ہوتا ہے کہ گھوڑے وغیرہ بندھے ہوئے ہیں ہم کدھر جائیں؟
ایک معمولی سے سنتری پر رعب طاری کرنے کے لیے شاہ رینالڈ کا نام ہی کافی تھا وہ جانتا تھا کہ صلیبی بادشاہ کس قماش کے لوگ ہیں رینالڈ نے ان لڑکیوں کو عیش وعشرت اور ناچ گانے کے لیے بلایا ہوگا لڑکیوں کے لباس عمریں اور ان کی شکل وصورت اور النور کے بات کرنے کا نڈر اور کھلنڈر سا انداز بتا رہا تھا کہ یہ اس کے اعلیٰ حکام کے مطلب کی لڑکیاں ہیں اس نے انہیں راستہ بتانا شروع کردیا ایک لڑکی اس کے پیچھے ہوگئی اور اتنی زور سے خنجر اس کی پیٹھ میں گھونپا کہ دل کو چیرتا آگے نکل گیا اس کے ہاتھ سے مشعل گر پڑی النور نے مشعل پر دونوں پاؤں رکھ کر اس کا شعلہ بجھا دیا باقی لڑکیوں نے بھی سنتری کے جسم میں اپنا خنجر داخل کردیا سنتری کی آواز بھی نہ نکلی برجیس نے انہیں بتایا تھا کہ گھاس کو آگ لگے گی تو اس کی روشنی میں انہیں خیموں کے ڈھیر اور گاڑیاں نظر آجائیں گی گھاس کے پہاڑ تو انہیں اندھیرے میں بھی نظر آرہے تھے جو لڑکی نوکرانی بنی ہوئی تھی اس نے جلدی سے سر سے گٹھڑی اتاری اس میں آتش گیر مادہ اور آگ لگانے کا سامان تھا
انہوں نے گھاس کے ایک ڈھیر کو آگ لگا دی پھر دوسرے اور تیسرے کو اور ذرا سی دیر میں تمام ڈھیروں کو آگ لگ گئی اب خطرہ بڑھ گیا تھا کیونکہ روشنی ہوگئی تھی تھوڑی دور انہیں لپٹے ہوئے خیموں کے ڈھیر نظر آگئے یہ کپڑا تھا اسے آگ لگانا مشکل نہ تھا خیمے بھی جلنے لگے خالی گھوڑا گاڑیاں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی تھیں لڑکیوں میں غیرمعمولی پھرتی آگئی تھی انہوں نے تین چار گاڑیوں پر آتش گیر مادہ پھینکا اور آگ لگا دی اتنی دیر میں گھاس کے شعلے آسمان تک پہنچنے لگے لڑکیاں گھوڑوں کی طرف بھاگیں ابھی تک کوئی بیدار نہیں ہوا تھا لڑکیوں نے خنجروں سے وہ لمبے لمبے رسے کاٹ دیئے جن کے سرے زمین میں دبے ہوئے تھے اور ہر رسے کے ساتھ چالیس سے پچاس گھوڑے بندھے ہوئے تھے لڑکیوں نے چند ایک گھوڑوں کو خنجر مارے وہ بدک کر اور شعلوں کے ڈر سے ہیبت ناک آواز سے ہنہنانے لگے اور اندھا دھند بھاگنے لگے جو گھوڑے کھل نہ سکے انہوں نے اودھم بپا کر دیا معلوم نہیں کتنے گھوڑے کھل کر ادھر ادھر دوڑنے اور ہنہنانے لگے اونٹ کھلے تھے اور آرام سے بیٹھے تھے وہ اٹھ کھڑے ہوئے اور اندھا دھند بھاگنے لگے، چاروں لڑکیاں بے لگام گھوڑوں اور بے مہار اونٹوں کے نرغے میں آگئیں دوسری طرف شعلے تھے جن کی تپش دور سے بھی جسموں کو جلاتی تھی اور جانوروں کے اس قدر زیادہ شوروغل اور دھماکوں جیسے ٹاپوؤں سے فوج بیدار ہوگئی
مغویہ لڑکیوں کو دلہنیں بنا دیا گیا تھ، دونوں کے کمروں میں بیک وقت ایک ایک آدمی داخل ہوا یہ صلیبیوں کے جنگجو حکمران تھے وہ شراب میں بدمست تھے خادمائیں باہر نکل گئیں لڑکیاں کمروں میں بھاگ دوڑ کر پناہیں ڈھونڈنے لگیں ان کی عصمت کا پاسبان خدا کے سوا کوئی نہ تھا ایک لڑکی دوزانو گر پڑی اور ہاتھ جوڑ کر رو کر خدا کو مدد کے لیے پکارا صلیبی نے قہقہہ لگایا اور اس کی طرف بڑھا باہر اسے شوروغل سنائی دیا یہ غیرمعمولی شور تھا اس نے دروازہ کھول کر دیکھا تو ایسے لگا جیسے پورے شہر کو آگ لگ گئی ہو گھوڑوں اور اونٹوں کی خوف زدگی کا یہ عالم کہ کچھ گھوڑے اس بلندی پر بھی چڑھ آئے جس پر یہ عمارت تھی اس کا نشہ فوراً اتر گیا دوسرا بھی باہر نکل آیا دو تین آدمی دوڑتے آئے اور گھبرائے ہوئے لہجے میں کہا کہ گھاس خیموں اور گاڑیوں کو آگ لگ گئی ہے دوڑتے ہوئے جانوروں نے کئی آدمیوں کو کچل دیا ہے
اگر آگ شہر کو لگتی تو یہ حکام پروا نہ کرتے وہاں فوج کا سامان جل رہا تھا اور فوج کے سینکڑوں جانور کھل گئے تھے ذرا سی دیر میں تمام حکمران اور کمانڈر اور وہاں جو کوئی بھی تھا دوڑتے نکل گئے وہ اپنی نگرانی میں آگ بجھانے کا بندوبست کرنا چاہتے تھے اس عمارت کے اردگرد جو مسلح پہرہ تھا وہ بھی وہاں سے ہٹ گیا باڈی گارڈز بھی اپنے حکام کے پیچھے دوڑتے گئے برجیس نے بلند آواز سے پکارا تم بھی چلو اور وہ عمارت کی طرف اٹھ دوڑا اس کے آٹھ جوان بھی دوڑ پڑے ان کے ہاتھوں میں خنجر تھے عمارت کے برآمدوں میں جاکر اس نے اپنے ان دو ساتھیوں کو پکارنا شروع کردیا جو وہاں عیسائیوں کے بھیس میں ملازم تھے ان میں سے ایک مل گیا اس نے برجیس کو پہچان لیا برجیس نے اس سے پوچھا کہ آج جو لڑکیاں یہاں لائی گئی ہیں وہ کہاں ہیں اسے معلوم نہیں تھا اس نے کمرے دکھا دئیے اور خود بھی ساتھ ہولیا وہاں اب سہولت یہ پیدا ہوگئی تھی کہ کوئی ذمہ دار آدمی موجود نہ تھا پیچھے نوکر چاکر رہ گئے تھے جو آگے جاکر بلندی سے آگ کا تماشہ دیکھ رہے تھے برجیس کی سکیم پوری طرح کامیاب تھی
وہ ملازم کی رہنمائی میں ان کمروں میں جانے لگے جہاں لڑکیاں ہوتی تھیں وہاں برآمدوں میں کچھ لڑکیاں کھڑی تھی ان میں بعض نیم برہنہ تھیں ان سے پوچھا گیا کہ آج جو لڑکیاں آئی ہیں وہ کہاں ہیں؟
انہیں بھی معلوم نہ تھا آخر ایک کمرے میں گئے تو ایک لڑکی مل گئی وہ کمرے میں دبکی ہوئی تھی عثمان صارم اور اس کے بعض ساتھیوں نے اسے دن کے وقت دیکھا تھا جب ان دونوں کو لٹے ہوئے قافلے کے ساتھ لے جایا جارہا تھا برجیس کی پارٹی کے تمام آدمی نقاب پوش تھے انہیں دیکھ کر لڑکی نے چیخ ماری برجیس نے اسے بتایا کہ وہ مسلمان ہیں اور اسے رہا کرانے آئے ہیں مگر وہ لڑکی اتنی ڈری ہوئی تھی کہ ان کے ہاتھ نہیں آرہی تھی انہوں نے اسے زبردستی اٹھا لیا دوسرے کمرے میں اس کی بہن مل گئی اس کا ردعمل بھی یہی تھا اسے بھی زبردستی اٹھایا گیا دوسری لڑکیاں جو ایک عرصے سے صلیبیوں کے پاس تھیں یہ منظر دیکھ رہی تھیں وہ آدمیوں کو ڈاکو سمجھ کر ادھر ادھر بھاگ گئیں مغویہ بہنیں چیخ وپکار کر رہی تھیں انہیں برجیس نے غصے سے کہا کہ وہ سب مسلمان ہیں انہیں مسلمان گھرانوں میں لے جاکر چھپائیں گے بڑی ہی مشکل سے انہیں خاموش کیا گیا اور جانبازوں کی یہ جماعت وہاں سے نکل گئی
آگ کا منظر بے حد خوفناک تھا شعلے توقع سے کہیں زیادہ اونچے جارہے تھے اور دور دور تک پھیل گئے اور پھیلتے ہی چلے جا رہے تھے گھوڑوں اور اونٹوں نے سارے شہر میں قیامت بپا کرکھی تھی سارا شہر جاگ اٹھا تھا گلیوں میں سڑکوں پر اور میدانوں میں ان جانوروں نے اس قدر دہشت گردی پھیلا دی تھی کہ لوگ دبک کر گھروں میں بیٹھ گئے تھے اور آگ نے جو دہشت پھیلائی تھی اس سے بعض لوگ گھروں سے بھاگنے کی تیاریاں کرنے لگے تھے افراتفری اور بھگدڑ مچی ہوئی تھی سلطان ایوبی کے جاسوس بھی وہاں موجود تھے وہ عقلمند اور موقع شناس تھے انہوں نے آگ بھاگتے دوڑتے جانور اور افراتفری دیکھی تو یہ معلوم کیے بغیر کہ یہ معاملہ کیا ہے یہ مشہور کر دیا کہ صلاح الدین ایوبی کی فوجیں شہر میں داخل ہوگئی ہیں اور شہر کو آگ لگا رہی ہیں یہ افواہ مسلمانوں کے لیے حوصلہ افزا تھی عیسائیوں اور یہودیوں کے ہوش اڑ گئ یہ افواہ آگ کی طرح سارے شہر میں پھیل گئی غیر مسلموں نے بھاگنا شروع کردیا
صلیبی حکمران اور اعلیٰ حکام آگ کی جگہ پہنچے تو وہاں کوئی انسان نہیں تھا انہوں نے بھی یہی سمجھا کہ مسلمانوں کی فوج قلعے میں کہیں نقب لگا کر اندر آگئی ہے انہوں نے فوج کو قلعے کے دفاع کے لیے جنگی ترتیب میں فوراً چلے جانے کا حکم دیا اور اسی فوج کے کچھ حصے کو قلعے کے باہر جانے کو کہا دو تین کمانڈر دوڑ کر قلعے کی دیوار پر چڑھے اور باہر دیکھا باہر خاموشی تھی کسی طرف سے حملہ نہیں ہوا تھا قلعے کا عقبی دروازہ کھول دیا گیا تاکہ فوج باہر جاسکے رات کے وقت قلعے کا دروازہ نہیں کھولا جاتا تھا لیکن اس خیال سے دروازہ کھول دیا گیا کہ سلطان ایوبی کا کوئی جانباز دستہ اندر آگیا ہے جس نے بھگدڑ مچا دی ہے یہ باہر کے حملے کا پیش خیمہ ہے فوج آرہی ہوگی اس فوج کو شہر سے دور روکنے کے لیے صلیبیوں نے رات کو ہی فوج باہر بھیج دی اور دروازہ کھولنے کا خطرہ مول لے لیا یہ فیصلہ دراصل گھبراہٹ میں کیا گیا تھا اور یہ ایک غلط فیصلہ تھا بعض غیرمسلموں نے جو عقب دروازے کے قریب تھے دیکھ لیا کہ وہ دروازہ کھل گیا ہے وہ اندھا دھند دروازے کی طرف بھاگے انہیں دیکھ کر دوسرے شہری بھی ان کے پیچھے گئے وہاں سے فوج گزر رہی تھی شہریوں کا سیلاب آگیا جسے کوئی نہ روک سکا
آگ پھیلتی جارہی تھی گھوڑا گاڑیوں کے قریب ہی رسد کی بوریوں کے انبار تھے بہت سا دیگر اقسام کا سامان بھی پڑا تھا آگ پر قابو پانا ضروری تھا شہری گھروں میں چھپ گئے تھے یا بھاگ رہے تھے یہ کام فوج کرسکتی تھی فوج کی کچھ نفری کو بلا لیا گیا اور اس کے ساتھ ہی کسی کو ان مسلمان قیدیوں کا خیال آگیا جو بیگار کیمپ میں پڑے ہوئے تھے فوراً حکم دیا گیا کہ قیدیوں کو اس اعلان کے ساتھ لے آؤ کہ وہ آگ پر قابو پالیں تو انہیں صبح کے وقت رہا کر دیا جائے گا قیدی باہر کے شور سے جاگ اٹھے تھے اور سنتری انہیں ڈنڈے مار مار کر سوجانے کو کہہ رہے تھے اتنے میں حکم آگیا کہ قیدیوں کو پانی لانے اور آگ پر پھینکنے کے لیے لے چلو رہا کا اعلان بھی کیا گیا ان میں آفاق بھی تھا اس کا جسم ٹھنڈا ہوکر اور زیادہ دکھنے لگا تھا اس نے ایک قیدی سے کہا صلیبیوں کی ساری سلطنت جل جائے میں آگ بجھانے نہیں جاؤں گا
پاگل نہ بنو ایک قیدی نے اسے کہا ان لوگوں نے کہہ دیا ہے کہ آگ بجھاؤ اور کل رہا ہو جاؤ لیکن یہ دھوکہ ہے یہ کافر جھوٹ بولتے ہیں تم ہمارے ساتھ چلو اور بھاگ نکلو ہم نہیں بھاگ سکتے کیونکہ یہ لوگ ہمارے گھروں سے واقف ہیں تم نکل جانا، جاؤں گا کہاں
قیدی نے اسے اپنے گھر کا پتہ بتا کر کہا میں کوشش کروں گا کہ موقع محل دیکھ کر تمہیں اپنے گھر پہنچا دوں لیکن وہاں زیادہ دن نہ رکنا کیونکہ صلیبی میرے سارے کنبے کو سزا دیں گے
قیدیوں کو صلیبی لے گئے اور انہیں تقسیم کرکے مختلف کنوؤں پر لے جایا گیا فوجی پانی نکال رہے تھے قیدیوں نے مشکیزے اٹھانے شروع کر دیئے وہ دوڑ دوڑ کر جاتے اور آگ پر پانی پھینکتے تھے ایک دو چکروں میں سنتری ان کے ساتھ رہے مگر یہ ممکن نہیں تھا قیدی اور فوجی گڈ مڈ ہوگئے کسی کو کسی کا ہوش نہ رہا صلیبی کمانڈر گھبراہٹ میں سب کو گالیاں دے رہے تھے اتنے میں گھوڑوں کا ڈرا ہوا ریوڑ دوڑتا ہوا آیا آگ بجھانے والے قیدی اور فوجی ان کی زد میں آگئے سب ادھر ادھر بھاگ اٹھے بعض کچلے بھی گئے اور اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آفاق کو وہ پرانا قیدی اپنے ساتھ لے گیا مسلمانوں کو کوئی خطرہ نہ تھا وہ خوش تھے کہ مسلمان فوج آگئی ہے قیدی اپنے گھر میں داخل ہوا اس کا سارا خاندان جاگ رہا تھا اسے دیکھ کر سب بہت مسرور ہوئے لیکن اس نے آفاق کو ان کے حوالے کرکے کہا اسے چھپالو اور جلدی شہر سے نکال دینا میں نہیں رک سکتا صلیبیوں نے کل رہائی کا وعدہ کیا ہے اسے ابھی کوئی نہیں جانتا اگر میں یہاں رک گیا تو شاید کبھی بھی رہائی نہیں ملے گی
کیا یہ سچ ہے کہ صلاح الدین ایوبی کی فوج اندر آگئی ہے؟
قیدی کے باپ نے پوچھا
کچھ پتہ نہیں قیدی نے جواب دیا آگ بہت زور کی ہے معلوم نہیں کب بجھے گی اگر ہماری فوج نہیں آئی تو پھر ہم یہ خطرہ کیسے مول لے سکتے ہیں؟
قیدی کے باپ نے کہا یہ آدمی خود ہی نکل جائے گا قیدی نے کہا یہ کل یہاں سے نکل جائے گا اس کا ہمیں کوئی خطرہ نہیں قیدی کے باپ نے کہا ابھی ابھی تمہارا چھوٹا بھائی دو مسلمان لڑکیوں کو لایا ہے انہیں اس نے اور صارم کے بیٹے عثمان نے اور ان کے دوستوں نے صلیبیوں کے شاہی خانے سے اغوا کیا ہے دونوں کو ہم نے گھر میں چھپا لیا ہے
کون ہے وہ لڑکیاں؟
قیدی نے پوچھا
کہتے ہیں انہیں کل ایک قافلے سے صلیبیوں نے اغوا کیا تھا باپ نے جواب دیا ان کا بھائی سنا ہے قید میں ہے
آفاق نے تڑپ کر پوچھا کہاں ہیں وہ لڑکیاں؟
ذرا سی دیر میں آفاق اپنی بہنوں کو گلے لگا رہا تھا خدا نے ان کی فریادیں سن لی تھیں یہ بڑا ہی جذباتی منظر تھا ان کے ماں باپ مارے گئے تھے وہ لٹ گئے تھے
انہیں ایسی معجزہ نما ملاقات کی توقع نہیں تھی جس قیدی کا یہ گھر تھا وہ دوڑ کر باہر نکل گیا وہ قید سے بھاگنا نہیں چاہتا تھا اس کا چھوٹا بھائی برجیس اور عثمان صارم کے ساتھ تھا وہ لڑکیوں کو گھر چھوڑ کر کہیں چلا گیا تھا
وہ اچانک آگیا اس نے لڑکیوں سے کہا فوراً اٹھو شہر سے نکلنے کا موقع پیدا ہوگیا ہے آفاق کے متعلق اسے بتایا گیا کہ ان لڑکیوں کا بھائی ہے اور قید سے فرار ہوکر آیا ہے اس نے آفاق کو بھی اپنے ساتھ لیا اور باہر لے گیا باہر تین گھوڑے تھے یہ برجیس کا انتظام تھا اس نے دونوں بہنوں کو گھوڑوں پر سوار کیا اور جب تیسرے گھوڑے پر خود سوار ہونے لگا تو اسے آفاق کے متعلق بتایا گیا اس نے آفاق کو تیسرے گھوڑے پر سوار کیا اور خود چل پڑا اس نے اتنا ہی کہا خدا حافظ دوستو! زندہ رہے تو پھر ملیں گے اور وہ دوڑ پڑا وہ شہر کے عقبی دروازے کی طرف جارہا تھا جہاں سے ڈرے ہوئے شہریوں کا جلوس باہر کو بھاگا جارہا تھا یہ دروازہ برجیس نے پہلے سے دیکھ رکھا تھا شہر سے نکلنے کا موقع پیدا ہوگیا تھا اس نے کہیں سے تین گھوڑے پکڑے اور لے آیا کسی صلیبی کمانڈر نے دیکھ لیا کہ شہری تو بھاگ رہے ہیں اس نے دروازہ بند کرنے کا حکم دے دیا برجیس جب وہاں پہنچا تو دروازہ آہستہ آہستہ بند ہورہا تھا اور شہریوں کا ایک ہجوم دروازے میں پھنس گیا تھا ایک واویلا بپا تھا
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
یہ تحریر آپ کے لئے آئی ٹی درسگاہ کمیونٹی کی جانب سے پیش کی جارہی ہے۔
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*
برجیس نے چلانا شروع کردیا پیچھے سے فوج آرہی ہے دروازہ کھول دو بھاگو مسلمان آرہے ہیں ہجوم نے آگے کو زور لگایا تو بند ہوتے ہوتے دروازہ کھل گیا انسان رکے ہوئے دریا کی طرح بند توڑ کر نکل گئے
باہر نکل کر برجیس نے آفاق سے کہا کہ کسی ایک بہن کے پیچھے سوار ہو جاؤ اگر میں تمہارے ساتھ سوار ہوا تو ایک گھوڑے پر دو مردوں کا وزن زیادہ ہوجائے گا ہمارا سفر لمبا ہے آفاق ایک بہن کے پیچھے سوار ہوگیا دوسری سے اس نے کہا کہ وہ سواری سے ڈرے نہیں گھوڑا اسے گرائے گا نہیں انہوں نے گھوڑے دوڑا دئیے برجیس کو معلوم تھا کہ راستے میں صلیبی فوج خیمہ زن ہے اسے یہ بھی معلوم تھا کہ کون سی جگہ فوج نہیں ہے وہ اس سمت ہولیا کرک کے بھاگے ہوئے لوگ ادھر ادھر بکھرتے جارہے تھے شعلوں کی روشنی دور دور تک جارہی تھی آفاق اور لڑکیوں کو معلوم نہیں تھا کہ انہیں کس طرح رہا کرایا گیا ہے برجیس خاموش تھا وہ اگر بولتا تو صرف اتنا کہ آفاق سے اس کی خیریت پوچھتا تھا اور اس کی جو بہن گھوڑے پر اکیلی سوار تھی اس سے پوچھ لیتا تھا کہ وہ ڈر تو نہیں رہی کرک کے شعلے پیچھے ہٹتے جارہے تھے اور رات گھوڑوں کی رفتار کے ساتھ گزرتی جارہی تھی
صبح طلوع ہوئی تو برجیس سلطان ایوبی کی فوج کے علاقے میں داخل ہوچکا تھا اس نے ایک کمان دار سے اپنا تعارف کرایا اور سلطان ایوبی کے متعلق پوچھا کہ کہاں ہوگا کمان دار اسے اپنے دستوں کے کمان دار کے پاس لے گیا جس نے اسے بتا دیا کہ سلطان ایوبی کہاں ہوسکتا ہے برجیس اپنی اس کامیابی پر بے حد خوش تھا اس نے صرف لڑکیوں کو صلیبیوں سے آزاد نہیں کرایا تھا بلکہ کرک میں آتش زنی جیسی تخریبی کارروائی کرکے صلیبی فوج کے غیرمسلم شہریوں کو جذبے پر خوف طاری کر آیا تھا۔ وہ سلطان ایوبی کو یہ مشورہ دینا چاہتا تھا کہ کرک پر فوراً حملہ کردیا جائے
کرک کی صبح بڑی بھیانک تھی۔ شعلوں کی بلندی اور تندی ختم ہوگئی تھی لیکن آگ ابھی تک سلگ رہی تھی۔ صلیبی فوج کی رسد اور جانوروں کا تمام تر خشک چارہ جل گیا تھا خیموں کے علاوہ بے شمار جنگی سامان نذر آتش ہوگیا تھا کچھ اونٹ زندہ جل گئے تھے تمام گھوڑے اور اونٹ رات بھر دوڑ دوڑ کر تھک گئے اور اب سارے شہر میں آوارہ پھر رہے تھے جگہ جگہ ان لوگوں کی لاشیں پڑی تھیں جو بے لگام گھوڑوں اور بے مہار اونٹوں کی زد میں آکر کچلے گئے تھے فوجی اور قیدی ابھی تک کنوؤں سے پانی لالا کر آگ پر پھینک رہے تھے صلیبی حکام ابھی تک یہ سمجھ رہے تھے کہ سلطان ایوبی کی فوج اندر آگئی ہے لیکن وہاں ایسے کوئی آثار نہیں تھے انہوں نے قلعے کی دیواروں پر جاکر ہر طرف دیکھا باہر صلیبیوں کی اپنی فوج قلعے کے اردگرد موجود تھی اسلامی فوج کا دور دور تک نام ونشان نہ تھا اب یہ تفتیش کرنی تھی کہ آگ کس طرح لگی
اس سنتری کی لاش ملی جسے لڑکیوں نے خنجروں سے ہلاک کیا تھا لیکن گھوڑوں اور اونٹوں نے اسے ایسی بری طرح روندا تھا کہ خنجروں کے زخم پہچانے نہیں جاتے تھے۔ اس سے تھوڑی دور چار زنانہ لاشیں ملیں۔ یہ اس میدان میں پڑی ہوئی تھیں جہاں گھوڑے اور اونٹ باندھے جاتے تھے یہ تفتیش کرنے والا حاکم کوئی معمولی آدمی نہیں بلکہ صلیبیوں کی انٹیلی جنس کا ڈائریکٹر ہرمن تھا اس میدان میں لاشیں تو اور بھی پڑی تھیں لیکن اسے چار عورتوں کی لاشیں ملیں ان کے چہرے گھوڑوں کے پاؤں تلے آ آ کر مسخ ہوگئے تھے جسم کا کوئی حصہ سلامت نہیں تھا یہ لاشیں ایک دوسری سے دور دور پڑی تھیں۔ ان کے کپڑے تار تار ہوگئے تھے خاک وخون میں ان کا اصل رنگ نظر نہیں آتا تھا اتنا ہی پتہ چلتا تھا کہ یہ زنانہ کپڑے ہیں لاشیں دیکھ کر بھی یہ ثبوت نہ ملتا تھا کہ یہ عورتوں کی ہیں سب کے جسموں سے کھال اکھڑی ہوئی اور کئی جگہوں سے گوشت باہر آیا ہوا تھا کئی ہڈیاں ننگی ہوگئی تھیں اور ٹوٹی ہوئی بھی تھیں ہر لاش کے گلے میں زنجیر اور زنجیر کے ساتھ ایک چھوٹی صلیب بندھی ہوئی تھی یہ صلیبیں اس امر کا ثبوت تھا کہ عورتیں عیسائی تھیں
ہرمن اور فوجی افسر حیران تھے کہ عورتوں کی لاشیں یہاں کیوں پڑی ہیں یہ فوجی علاقہ تھا اور اس طرف سے کسی شہری کو گزرنے کی اجازت نہیں تھی اور نہ ہی یہ عام گزرگاہ تھی یہ تو جانوروں اور رسد وغیرہ کی جگہ تھی، وہاں چند اور لاشیں بھی پڑی تھیں وہ فوجیوں کی تھیں عورتیں رات کے وقت ادھر کیوں آئیں؟
اس سوال کا جواب دینے والا کوئی نہ تھا صرف قیاس آرائی کی جاسکتی تھی جو کی گئی کہا گیا کہ فوجی پیشہ ور عورتوں کو ادھر لے آئے ہوں گے مگر اصل مسئلہ تو یہ تھا کہ آگ کس طرح لگی۔ شہر کے مسلمانوں پر شک کیا جاسکتا تھا لیکن مجرموں کا سراغ لگانا آسان نہیں تھا حکم دے دیا گیا کہ خفیہ پولیس اور فوج کے سراغ رساں شہر میں مشتبہ مسلمانوں کی چھان بین کریں اور جس پر ذرا بھی شک ہو اسے قید میں ڈال کر تحقیقات کریں
النور اور اس کی تینوں لڑکیوں کے گھر والے بہت پریشان تھے لڑکیاں واپس نہیں آئی تھیں، ڈر یہ تھا کہ پکڑی نہ گئی ہوں انہوں نے اپنا فرض مکمل کامیابی سے ادا کیا تھا لیکن وہ ابھی تک لاپتہ تھیں عثمان صارم اور اس کے دوست ان تماشائیوں کے ہجوم میں جاکھڑے ہوئے جو آتش زدہ جگہ کھڑے تھے وہاں انہیں پتہ چلا کہ چار عورتوں کی لاشیں ملی ہیں تھوڑی دیر بعد اعلان ہوا کہ چار عورتوں کی لاشیں فلاں جگہ رکھ دی گئی ہیں
تمام شہری انہیں دیکھ کر پہچاننے کی کوشش کریں تماشائیوں کا ہجوم ادھر چلا گیا عثمان صارم اور اس کے دوستوں نے اکٹھی رکھی ہوئی چار لاشوں کو دیکھا ان کی صلیبیں ان کے سینوں پر رکھ دی گئی تھیں کوئی بھی کسی لاش کو نہ پہچان سکا پہچاننے کے لیے وہاں کچھ تھا ہی نہیں چہروں سے بھی کھال اتری ہوئی تھی بعض کے چہرے اندر کو پچک گئے تھے
عثمان صارم کے آنسو نکل آئے وہ تماشائیوں میں سے نکل گیا اس کے دوست بھی اس سے جا ملے ان سب کو معلوم تھا کہ یہ لاشیں کن کی ہیں ان میں ایک عثمان صارم کی بہن النور کی لاش تھی باقی تین لاشیں اس کی سہیلیوں کی تھیں چاروں رات کو اپنا فرض ادا کر کے شہید ہوگئی تھیں ان کی شہادت کا عینی شاہد کوئی بھی نہیں تھا لاشوں کی حالت جو کہانی بیان کرتی تھی وہ کچھ اس طرح ہوسکتی تھی کہ ان لڑکیوں نے سنتری کو ہلاک کرکے آگ لگائی بعد میں گھوڑوں کے رسے کاٹے اور انہی گھوڑوں کی بھگدڑ کی زد میں آگئیں معلوم نہیں کتنے سو گھوڑے اور اونٹ لاشوں کو روندتے رہے دو لڑکیوں کی عصمت بچانے کے لیے چار لڑکیاں قربان ہوگئیں برجیس نے اپنے ہاتھوں ان لڑکیوں کے گلوں میں صلیبیں لٹکائی تھیں تاکہ بوقت ضرورت وہ صلیبیں دکھا کر ظاہر کرسکیں کہ وہ عیسائی ہیں
ان لڑکیوں کا جنازہ نہیں پڑھایا گیا انہیں صلیبیوں نے عیسائی سمجھ کر اپنے قبرستان میں کہیں دفن کردیا ان کے لواحقین نے ماتم نہیں کیا ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی گھروں میں غائبانہ نماز جنازہ پڑھی گئی چاروں لڑکیوں کے باپوں نے ایک ہی جیسے جذبات کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر وہ چار بیٹے قربان کرنے کو تیار ہیں مگر ان سے جو قربانی لی جانے لگی وہ بڑی ہی اذیت ناک تھی صلیبی فوج نے تمام مسلمان گھروں کی خانہ تلاشی شروع کردی خطرہ تھا کہ جو ہتھیار انہوں نے گھروں میں چھپا رکھے ہیں، وہ پکڑے جائیں گے سب نے ہتھیار اندرونی کمروں کے فرش کھود کر دبا دئیے دوسرا خطرہ یہ تھا کہ جو چار لڑکیاں شہید ہوگئی تھیں ان کے متعلق جواب دینا مشکل تھا کہ کہاں چلی گئی ہیں آگ کی رات کے دوسرے ہی دن امام کو جب لڑکیوں کی شہادت کی خبر سنائی گئی تو اس نے پہلی بات یہ کہی تمہارے غیر مسلم پڑوسی اور مسلمان مخبر ضرور پوچھیں گے کہ لڑکیاں کہاں ہیں تو کیا جواب دو گے؟
امام دانشمند اور دور اندیش انسان تھا اس نے گہری سوچ کے بعد کہا چاروں لڑکیوں کے باپ اور بھائی میرے ساتھ آئیں وہ آگئے تو اس نے سب کو ایک طریقہ بتایا اور کچھ باتیں ذہن نشین کرائیں وہ سب کو صلیبیوں کی انتظامیہ کے دفتر میں لے گیا اور وہاں کے سب سے بڑے حاکم سے ملاقات کی اجازت لے کر بڑے غصے اور جذباتی لہجے میں کہا میں ان لوگوں کا امام ہوں یہ میرے پاس فریاد لے کر آئے ہیں کہ رات آگ لگی تو یہ سب آگ بجھانے کے لیے اٹھ دوڑے یہ رات بھر کنوؤں سے پانی نکالتے رہے شہر میں بھگدڑ مچ گئی کسی کو کسی کا ہوش نہ رہا یہ لوگ صبح کے وقت گھروں کو گئے تو انہیں پتہ چلا کہ آپ کی فوج کے کچھ آدمی ان کے گھروں میں گھس گئے اور ان کی کنواری لڑکیاں اٹھا کر لے گئے ہماری چار لڑکیاں لاپتہ ہیں
ہماری فوج پر الزام لگانے سے پہلے سوچ لو صلیبی حاکم نے رعب سے کہا
جناب! میں مذہبی پیشوا ہوں امام نے کہا میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آپ ہمیں دھتکار سکتے ہیں اور اپنی فوج کو بے گناہ کہہ سکتے ہیں لیکن خدا سے آپ کوئی اچھا برا عمل نہیں چھپا سکتے آپ ہمارے حاکم ہیں خدا تو نہیں ان لوگوں نے آپ کی فوج کو نقصان سے بچانے کے لیے ساری رات آگ سے لڑائی لڑی آپ انہیں یہ صلہ دے رہے ہیں کہ یہ بھی تسلیم نہیں کرنا چاہتے کہ ان کی لڑکیوں کو آپ کے فوجی اٹھا لے گئے ہیں
کچھ دیر بحث کے بعد حاکم نے انہیں کہا کہ ان لڑکیوں کو تلاش کیا جائے گا۔ امام اس سے یہی کہلوانا چاہتا تھا باہر آکر جب وہ واپسی کے لیے چلے تو امام نے سب سے کہا کہ اب یہی مشہور کردو کہ رات ان کی لڑکیاں اغوا ہوگئی ہیں چنانچہ یہی مشہور کردیا گیا ان کے پڑوس میں رہنے والے غیرمسلموں نے یقین کرلیا رات شہر کی حالت ہی ایسی تھی کہ لوٹ مار اور اغواء آسانی سے کی جاسکتی تھی۔
برجیس سلطان ایوبی کے خیمے میں بیٹھا تھا آفاق کی مرہم پٹی سلطان ایوبی کا جراح کرچکا تھا آفاق کی دونوں بہنیں بھی خیمے میں بیٹھی تھیں برجیس رات کا کارنامہ سنا چکا تھا۔ سلطان ایوبی بار بار لڑکیوں کو دیکھتا تھا ہر بار اس کی آنکھیں سرخ ہوجاتی تھیں۔ برجیس نے کہا کہ وہ کرک کو ایسی افراتفری اور بھگدڑ میں چھوڑ آیا ہے کہ فوری طور پر حملہ کیا جائے تو حملہ کامیاب ہوسکتا ہے شہر میں فوجوں کے لیے رسد نہیں رہی جانوروں کے لیے چارہ نہیں رہا جانور ڈرے ہوئے ہیں شہر پر خوف طاری ہے فوج بھی ڈری ہوئی ہے
سلطان ایوبی گہری سوچ میں کھوگیا بہت دیر بعد اس نے سراٹھایا اور اپنے نائبین اور مشیروں کو بلایا اس نے پہلا حکم یہ دیا کہ ان لڑکیوں اور ان کے بھائی کو قاہرہ روانہ کردیا جائے اور ان کی رہائش اور وظیفے کا انتظام کیا جائے آپ میری بہنوں کو اپنی عافیت میں لے لیں آفاق نے کہا میں آپ کے ساتھ رہوں گا مجھے اپنی فوج میں شامل کرلیں مجھے اپنی ماں اور باپ کے خون کا انتقام لینا ہے اگر آپ مجھے کرک میں داخل کرسکیں تو میں اندر تباہی مچا دوں گا
جنگ جذبات سے نہیں لڑی جاتی سلطان ایوبی نے کہا بڑی لمبی تربیت کی ضرورت ہے تم صرف اپنی ماں اور اپنے باپ کے خون کا انتقام لینے کو بیتاب ہو مجھے ان تمام باپوں اور تمام بیٹیوں کے خون کا انتقام لینا ہے جو صلیبی درندوں کا شکار ہوئی ہیں اپنے آپ کو ٹھنڈا کرو
آفاق کی جذباتی حالت ایسی تھی کہ سلطان ایوبی اسے زبردستی قاہرہ بھیجنے سے گریز کرنے لگا اسے کہا کہ پہلے اپنا علاج کرائے صحت یاب ہوجائے پھر اس کی خواہش پوری کردی جائے گی اتنے میں نائب سالار اور اعلیٰ کمان دار آگئے ان میں زاہدان بھی تھا سلطان ایوبی نے آفاق اور اس کی بہنوں کو باہر بھیج دیا اس نے اجلاس میں یہ مسئلہ پیش کیا کہ کیا کرک کو فوراً محاصرے میں لے لیا جائے؟
اس نے سب کو کرک کی اس وقت کی کیفیت بتائی اس مسئلے پر بحث شروع ہوگئی زاہدان نے اپنے جاسوسوں اور رپورٹوں کی روشنی میں کہا کہ صلیبی فوج صرف کرک میں نہیں باہر بھی ہے اور اس کا ایک حصہ ایسی پوزیشن میں ہے جو ہماری فوج کا محاصرہ باہر سے توڑ دے گا انہوں نے ایسا انتظام کررکھا ہے کہ رسد کی آمدورفت کی حفاظت کے لیے ان کی پوری فوج موجود ہے اگر ان کے پاس وقتی طور پر رسد کی کمی آگئی ہے تو یہ سمجھ کر حملہ کرنا کہ ہمارا محاصرہ کامیاب ہوگا محض خوش فہمی ہے۔ ان کے پاس صرف وہی رسد اور سامان نہیں تھا جو جل گیا ہے ان کی ہر ایک فوج کے ساتھ اپنی اپنی رسد اور سامان موجود ہے اور ان کی نفری ہم سے پانچ چھ گنا ہے
اجلاس کے دوسرے شرکاء نے اپنے اپنے مشورے پیش کیے ان کی اکثریت فوری حملے کے حق میں تھی اور بعض نے انتظار کی تجویز پیش کی تجاویز اور مشورے جیسے کیسے بھی تھے سلطان ایوبی نے سنے اسے یہ دیکھ کر اطمینان ہوا کہ کمانڈروں کا جذبہ شدید تھا ان میں بیشتر نے کہا کہ حملہ جلدی کریں یا دیر سے یہ پیش نظر رکھیں کہ ایک بار حملہ کرکے یہ نہ سننا پڑے کہ محاصرہ اٹھا لو کیونکہ ہم کمزور ہیں سلطان ایوبی خاموشی سے سنتا رہا اس نے آخر میں فوج کے جذبے اور دیگر کوائف کے متعلق پوچھا اسے تسلی بخش جواب ملا میں جلدی حملہ کرنا چاہتا ہوں آخر میں سلطان صلاح الدین ایوبی نے کہا لیکن میں جلد بازی کا قائل نہیں میرے سامنے صرف کرک کا قلعہ بند شہر نہیں بلکہ صلیبیوں کی وہ تمام فوج ہے جو انہوں نے باہر پھیلا رکھی ہے زاہدان نے ٹھیک کہا ہے کہ کرک کے اندر تباہی سے ہمیں خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے تاہم حملہ جلدی ہوگا فاصلہ زیادہ نہیں ایک ہی رات میں ہمارے دستے کرک تک پہنچ سکتے ہیں اگر انہیں ایک جنگ قلعے سے باہر لڑنی پڑے گی کوچ سے پیشتر ہمیں کرک کے مسلمانوں کو تیار کرنا پڑے گا مجھے اندر کی جو تازہ اطلاعات ملی ہیں وہ یہ ہیں کہ وہاں کے مسلمان درپردہ ایک جماعت کی صورت میں منظم ہوچکے ہیں، امید کی جاسکتی ہے کہ وہ محاصرے کی صورت میں شہر میں تخریب کاری کریں گے ان کی لڑکیاں بھی میدان میں نکل آئی ہیں صرف چار لڑکیوں نے صلیبیوں کو جو نقصان پہنچایا ہے وہ پچاس پچاس نفری کے چار دستے بھی نہیں پہنچا سکتے ہم کوشش کریں گے کہ شہر میں اپنے چھاپہ مار بھی داخل کردیں
مداخلت کی معافی چاہتا ہوں برجیس نے کہا اگر چھاپہ مار بھیجنے ہیں تو فوراً بھیجئے کرک کے جو شہری بھاگ گئے ہیں وہ یقیناً واپس جائیں گے ان کے پردے میں چھاپہ مار داخل کیے جاسکتے ہیں اس کے بعد ممکن نہیں ہوگا آتش زنی کے واقعہ کے بعد صلیبی محتاط ہو جائیں گے اور شہر کے تمام دروازے بند کردیں گے مجھے اجازت دیں کہ میں ان کے ساتھ آج ہی روانہ ہوجاؤں وہ اپنے ساتھ کوئی ہتھیار نہ لے جائیں وہاں سے ہتھیار مل جائیں گے
آخر فیصلہ یہ ہوا کہ آج ہی رات چھاپہ مار برجیس کی قیادت میں روانہ کردیئے جائیں جہاں تک گھوڑے لے جاسکتے ہیں وہاں تک گھوڑوں پر جائیں آگے پیدل جائیں گھوڑے واپس لانے کے لیے کچھ آدمی ساتھ بھیج دیئے جائیں اسی وقت زاہدان سے کہا گیا کہ وہ برجیس کی ہدایات کے مطابق چھاپہ ماروں کو شہری لباس مہیا کرے اور شام کے بعد روانہ کردے سلطان ایوبی نے اپنے فوجی کمانڈروں کو جنگی نوعیت کی ہدایات دیں اور خاص طور پر کہا یہ یاد رکھنا کہ جس فوج سے ہم حملہ کرا رہے ہیں یہ وہ فوج نہیں جس نے شوبک فتح کیا تھا یہ فوج مصر سے آئی ہے جس میں دشمن نے بے اطمینانی پھیلائی تھی اس فوج کو محاصرے میں لڑنے کا تجربہ نہیں کمان داروں کو چوکنا رہنا پڑے گا مجھے شک ہے کہ اس فوج میں تخریبی ذہن کے سپاہی بھی ہیں میں نے جو دستے اپنے ہاتھ میں رکھے ہیں وہ ترک اور شامی ہیں اور نورالدین زندگی کی بھیجی ہوئی کمک کو بھی اپنے پاس محفوظ میں رکھوں گا۔ حالات تمہارے خلاف ہوگئے تو گھبرا کر پیچھے نہ ہٹ آنا میں تمہارے پیچھے موجود رہوں گا اور یہ بھی یاد رکھو کہ کرک کے مسلمانوں کے ساتھ امیدیں وابستہ نہ کیے رکھنا ان کے لیے جو ہدایات بھیج رہا ہوں وہ ایسی ہرگز نہیں ہوں گی کہ یہ اپنے آپ کو ایسے خطرے میں ڈال لیں کہ ان کی مستورات کی عزت بھی محفوظ نہ رہے میں ان سے اتنی زیادہ قربانی نہیں مانگوں گا وہ محکوم اور مجبور ہیں ظلم وتشدد کا شکار ہیں ہم ان کی آزادی اور نجات کے لیے جارہے ہیں ان کے بھروسے پر نہیں جارہے
چار پانچ دنوں تک کرک میں یہ کیفیت رہی کہ مسلمانوں کے گھروں پر چھاپے پڑ رہے تھے۔ کئی مسلمان محض شک میں گرفتار کرلیے گئے تھے۔ بیگار کیمپ کے جن قیدیوں کو اس وعدے پر آگ بجھانے کے لیے لے گئے تھے کہ انہیں رہا کردیا جائے گا انہیں رہا نہیں کیا گیا تھا صلیبیوں نے مظالم کا ایک نیا دور شروع کردیا تھا۔ ان کا نقصان معمولی نہیں تھا وہ جانتے تھے کہ مسلمانوں کے سوا یہ دلیرانہ تخریب کاری اور کوئی نہیں کرسکتا گرفتار ہونے والوں میں عثمان صارم کے دو دوست بھی تھے جو لڑکیوں کو رہا کرانے کے لیے ان کے ساتھ تھے انہیں درندوں کی طرح اذیتیں دی جارہی تھیں صلیبی بربریت کی حدوں سے بھی آگے نکل گئے تھے مگر انہیں کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا صرف یہ دو کم عمر لڑکے تھے جن کے سینوں میں سراغ تھا لیکن ان کی زبانیں بند تھیں۔ ان کے جسموں میں کچھ نہیں تھا چکر شکنجے میں کس کس کر اور جھٹکے دے دے کر ان کے جوڑ الگ کردئیے گئے تھے لیکن لڑکے خاموش تھے
آخر ہرمن خود قید خانے میں گیا اس کی توجہ بھی ان دو لڑکوں پر تھی اسے مسلمان مخبروں نے بتایا تھا کہ آتش زنی میں ان دو لڑکوں کا بھی ہاتھ ہے مخبر دو مسلمان تھے، دونوں ان لڑکوں کے پڑوسی تھے وہ معمولی سی حیثیت کے آدمی ہوا کرتے تھے لیکن اب گھوڑا گاڑیوں میں سواری کرتے تھے اور صلیبیوں کے درباری بن گئے تھے وہ صلیبی حاکموں کو گھروں میں بھی مدعو کرتے تھے اور اپنی بیٹیوں کے ساتھ بٹھاتے اور فخر کرتے تھے ان کی دو دو تین تین بیویاں تھیں اور وہ شراب بھی پیتے تھے انہوں نے ان دو لڑکوں کو آتش زنی کی رات کہیں مشکوک حالت میں دیکھا تھا اور انہیں گرفتار کرادیا۔ ہرمن نے قید خانے میں ان دونوں نوجوانوں کی حالت دیکھی تو اس نے محسوس کیا کہ نزع کی حالت میں پہنچ کر بھی انہوں نے کچھ نہیں بتایا تو یہ کچھ بھی نہیں بتائیں گے ان کے جسم عادی ہوچکے ہیں وہ انہیں اپنے ساتھ لے گیا۔ انہیں بڑا اچھا کھانا کھلایا پیار شفقت سے پیش آیا ڈاکٹروں کو بلا کر انہیں دوائی پلائی اور تشدد کے زخموں اور چوٹوں کا علاج کرایا پھر انہیں سلا دیا وہ فوراً ہی گہری نیند سوگئے
ہرمن دونوں کے درمیان بیٹھ گیا کچھ دیر بعد ان میں سے ایک نوجوان صاف الفاظ میں بڑبڑانے لگا میں کیا جانوں؟
میرا جسم کاٹ دو مجھے کچھ بھی معلوم نہیں اگر کچھ معلوم ہوگا تو کبھی نہیں بتاؤں گا تم گردن کے ساتھ صلیب باندھتے ہو میں نے قرآن کی ایک آیت باندھی ہوئی ہے
تم نے آگ لگائی تھی ہرمن نے کہا تم نے صلیبیوں کی کمر توڑ دی ہے تم بہادر ہو مرگئے تو شہید کہلاؤ گے اگر مرگیا تو نوجوان بڑبڑایا اگر مرگیا تو جب تک جسم میں جان ہے اس جان میں ایمان بھی رہے گا جان نکل جائے گی ایمان نہیں نکلے گا
ہرمن نے اس کے سوئے ہوئے ذہن میں اپنے مطلب کی باتیں ڈالنے کی بہت کوشش کی لیکن نوجوان کے ذہن نے قبول نہ کیں اتنے میں دوسرا لڑکا بھی بڑبڑانے لگا ہرمن نے اس کی طرف توجہ دی اسی طرح اس کے ذہن میں بھی باتیں ڈالیں جو اس نوجوان نے اگل دیں ہرمن کے ساتھ اس کے تین چار سراغ رساں بھی تھے اس نے بہت دیر کی کوشش کے بعد آہ بھری اور کہا مزید کوشش بے کار ہے ان کی زبان سے تم کوئی راز نہیں اگلوا سکو گے یہ بے گناہ معلوم ہوتے تھے مگر میں تمہیں یہ بھی بتا دینا چاہتا ہوں کہ یہ اپنے عقیدے اور جذبے کے پکے ہیں میں نے انہیں مرغن کھانوں میں اتنی زیادہ حشیش کھلائی ہے جتنی گھوڑے کو کھلا دو تو وہ بھی باتیں کرنے لگے مگر ان پر کوئی اثر نہیں ہوا اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کا قومی جذبہ جسے یہ لوگ ایمان کہتے ہیں ان کی روحوں میں اترا ہوا ہے تم ان کی روحوں پر کوئی نشہ طاری نہیں کرسکتے دوسری صورت یہی ہے کہ یہ بے گناہ ہوں گے
وہ بے گناہ نہیں تھے وہ آتش زنی اور لڑکیوں کو آزاد کرانے کی مہم میں شریک تھے۔ صلیبی جسے گناہ اور جرم کہہ رہے تھے وہ مسلمان کے لیے عظیم نیکی اور جہاد تھا جو ان لڑکوں نے روح اور ایمان کی قوت سے کیا تھا حشیش نے انہیں بے ہوش کردیا تھا ان کی عقل کو سلا دیا تھا مگر ان کی روحیں بیدار تھیں صلیبی ان کی زبان سے ہلکا سا اشارہ بھی نہ لے سکے انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ یہ لڑکے بے قصور ہیں یہ صلیبیوں کی مجبوری تھی ان لڑکوں کی آنکھ کھلی تو باہر ویرانے میں پڑے تھے صلیبیوں نے انہیں بے ہوشی کی حالت میں دور لے جاکر پھینک دیا وہ اٹھے ایک دوسرے کو دیکھا اور گھروں کو چل دیئے
جو عیسائی اور یہودی باشندے آتش زنی کی رات شہر سے نکل گئے تھے وہ یہ دیکھ کر کہ کوئی حملہ نہیں ہوا اور امن وامان ہے تو واپس آنے لگے صلیبیوں کی فوج جو باہر خیمہ زن تھی اس نے بھی انہیں یقین دلایا کہ کوئی حملہ نہیں ہوا وہ چلے جائیں چنانچہ ایک حکم کے تحت شہر کے دو دروازے ان لوگوں کے لیے کھلے رکھے گئے جو واپس آرہے تھے لوگ کنبہ در کنبہ داخل ہوگئے کرک کے لوگوں نے دیکھا کہ وہ چپ چاپ اور غریب سا موچی جو دنیا کے ہنگاموں سے بے خبر راستے میں بیٹھا جوتے مرمت کیا کرتا تھا تین دنوں کی غیرحاضری کے بعد پھر راستے میں آ بیٹھا ہے اس نے رات ہی رات پندرہ چھاپہ ماروں کو عثمان صارم اور اس کے نوجوان ساتھیوں کی مدد سے مسلمان گھرانوں میں چھپا دیا تھا ان میں اب کوئی کسی دکان میں ملازم تھا، کوئی صلیبیوں کے اصطبل کا سائیس بن گیا تھا کوئی مذہب کے طالب علم کے روپ میں مسجد میں جھاڑو دیتا تھا
انہیں اب یہ دیکھنا تھا کہ سلطان ایوبی کے حملے کی صورت میں وہ اندر سے کیا کرسکتے ہیں کرنے والا کام صرف یہ تھا کہ کہیں سے قلعے کی دیوار میں اتنا بڑا شگاف پیدا کریں کہ اس میں سے گھوڑے بھی اندر آسکیں یا قلعے کا کوئی دروازہ کھول سکیں وہ انہی کاموں کے لیے زمین ہموار کررہے تھے عثمان صارم نے اپنی نوجوان جماعت میں اضافہ کرلیا تھا لڑکیاں بھی تیار ہوگئی تھیں مگر رینی الیگزینڈر سائے کی طرح عثمان کے ساتھ لگی ہوئی تھی اسے راستے میں روک لیتی تھی اس کے گھر چلی جاتی تھی اور ایک روز اس نے عثمان صارم سے پوچھا عثمان! النور کہاں ہے؟
تمہاری قوم کے کسی گناہ گار کے پاس عثمان صارم نے جل کر جواب دیا اس پر اللہ کی لعنت
رحمت کہو عثمان! رینی نے کہا تم ہمارے خلاف لڑ کر مرنے والوں کو شہید کہا کرتے ہو النور شہید ہوگئی ہے
عثمان صارم چکرا گیا اسے کوئی جواب نہ بن پڑا اور ان دو لڑکیوں کو اٹھانے والوں میں تم بھی تھے رینی نے کہا لیکن تم ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے میں نے کہا تھا کہ تمہاری قید اور آزادی کے درمیان میرا وجود حائل ہے کہو اور کتنی قربانی مانگتے ہو
عثمان صارم آخر نوجوان تھا جسم میں جتنا جوش اور جذبہ تھا اتنی عقل نہیں تھی وہ دانشمند نہیں تھا رینی کی باتوں نے اسے پریشان کردیا اس نے جھنجھلا کر پوچھا رینی! تم کیا چاہتی ہو؟
ایک یہ کہ میری محبت قبول کرلو رینی نے جواب دیا دوسرا یہ کہ ان زمین دوز حرکتوں سے باز آجاؤ تم اپنی قوم اور اپنی حکومت سے محبت کرتی ہو عثمان صارم نے کہا اگر تمہارے دل میں میری محبت اتنی ہی شدید ہے تو میری قوم سے ہمدردی کیوں نہیں کرتی؟
مجھے نہ اپنی قوم سے محبت ہے نہ تمہاری قوم سے رینی نے کہا میں تمہیں خطرناک کارروائیوں سے صرف اس لیے روک رہی ہوں کہ تم مارے جاؤ گے حاصل کچھ بھی نہ ہوگا میں جذباتی نہیں، حقیقت کی بات کررہی ہوں کہ سلطان ایوبی کرک فتح نہیں کرسکے گا اپنے باپ کی بتائی ہوئی باتوں کے مطابق بات کررہی ہوں جنگ محاصرے کی نہیں ہوگی باہر کرک سے دور ہوگی ہمارے کمانڈر سلطان ایوبی کی چالیں سمجھ گئے ہیں شوبک کی شکست سے انہوں نے سبق حاصل کرلیا ہے اب کرک کے محاصرے کی نوبت ہی نہیں آئے گی اگر تم لوگوں نے شہر کے اندر سے کوئی کارروائی کی تو اس کا نتیجہ یہی ہوگا کہ مارے جاؤ گے یا گرفتار ہوکر باقی عمر ناقابل برداشت اذیتوں میں گزارو گے میں تمہیں صرف زندہ اور سلامت دیکھنا چاہتی ہوں، عثمان صارم سر جھکائے ہوئے وہاں سے چل پڑا اسے رینی کی آواز سنائی دی سوچو عثمان! سوچو میری باتیں ایک غیر قوم کی لڑکی کی باتیں سمجھ کر ذہن سے اتار نہ دینا ۔
میں آپ سب کو ایک بار پھر بتا دیتا ہوں کہ یہ کرک ہے شوبک نہیں سلطان ایوبی نے اپنے کمانڈروں کو آخری ہدایات دیتے ہوئے کہا صلیبی چوکنے اور بیدار ہیں، میری جاسوسی مجھے بتا رہی ہے کہ ہمیں ایک جنگ کرک سے باہر لڑنی پڑے گی شہر کے اندر سے مسلمانوں نے کوئی زمین دوز کارروائی کی تو شاید وہ ہمارے کام نہیں آسکے گی۔ اس کا نتیجہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ وہ بے چارے مارے جائیں میں انہیں اتنے بڑے امتحان میں نہیں ڈالنا چاہتا انہیں بچانے کی ایک ہی صورت ہے کہ حملہ تیز اور بہت سخت کرو ایسے ہی چند اور ضروری احکامات کے بعد سلطان ایوبی نے اس فوج کو کوچ کا حکم دے دیا جسے کرک کا محاصرہ کرنا تھا
کوچ سورج غروب ہونے کے بعد کیا گیا فاصلہ زیادہ نہیں تھا صبح طلوع ہونے تک فوج کرک کے مضافات میں پہنچ گئی جہاں سے محاصرے کی ترتیب میں آگے بڑھی اس فوج کے سالار کے لیے یہ ایک عجوبہ تھا کہ راستے میں اسے صلیبیوں کا کوئی ایک دستہ بھی نظر نہ آیا اسے بتایا گیا تھا کہ صلیبیوں نے باہر بھی فوج خیمہ زن کر رکھی ہے اسے ایسے راستے سے بھیجا گیا تھا جس طرف صلیبیوں کی فوج نہیں تھی پھر بھی مزاحمت ضروری تھی جو بالکل ہی نہ ہوئی مسلمانوں کی اس فوج نے قلعے کا محاصرہ کرلیا قلعے کی دیواروں سے تیروں کی بارش برسنے لگی سلطان ایوبی کی فوج نے اس کے جواب میں کوئی شدید کارروائی نہ کی اس کے کمان دار ادھر ادھر سے دیواروں پر چڑھنے یا نقب لگانے یا کسی دروازے کو توڑ کر اندر جانے کے امکانات دیکھتے پھر رہے تھے انہوں نے تیر اندازوں کو بھی خاموش رکھا ان کے ساتھ وہ جاسوس تھے جو شہر سے واقف تھے وہ انہیں بتا رہے تھے کہ اندر کون سی اہم جگہ کہاں ہے شہر کے اندر ابھی کسی کو خبر نہیں ملی تھی کہ سلطان ایوبی کی فوج نے قلعے کا محاصرہ کرلیا ہے لیکن یہ محاصرہ ابھی مکمل نہیں تھا۔ عقب ابھی خالی تھا جہاں دو دروازے تھے اچانک قلعے کے اندر فوجی علاقے میں آگ برسنے لگی یہ آتش گیر مادے والی ہانڈیاں تھیں جو سلطان ایوبی کی ایجاد تھی یہ منجنیقوں سے اندر پھینکی جارہی تھیں شہر کے لوگوں نے دیکھا کہ ان کی فوج قلعے کی دیوار پر چڑھ گئی اور باہر کو تیر پہ تیر چلا رہی تھی شہر میں خوف وہراس پھیل گیا عیسائی اور یہودی باشندے گھروں میں دبک گئے مسلمان باشندے دعاؤں میں مصروف ہوگئے وہ سلطان ایوبی کی فتح کی دعائیں مانگ رہے تھے کچھ مسلمان ایسے تھے جو دعاؤں کے ساتھ بڑی خطرناک سرگرمیوں میں مصروف تھے یہ وہاں کے نوجوان تھے جن میں لڑکیاں بھی تھیں اور ان میں سلطان ایوبی کے پندرہ چھاپہ مار بھی تھے شہر کی افراتفری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ کہیں اکٹھے ہوگئے اور قلعے کے بڑے دروازے کو اندر سے کھولنے یا توڑنے کے لیے تیار ہوگئے
دروازہ بہت مضبوط اور موٹی لکڑی کا تھا جس پر لوہے کی موٹی موٹی پتریاں بھی مڑی ہوئی تھیں اسے توڑنا آسان نہیں تھا باہر سے مسلمان فوج نے دروازے پر منجنیقوں سے ہانڈیاں پھینکیں یہ دوسری قسم کی تھیں یہ ٹوٹتی تھیں تو ان میں سے سیال مادہ بکھر جاتا تھا اس پر فلیتے والے آتشیں تیر چلائے جاتے تو سیال مادہ کو آگ لگ جاتی تھی اس طریقے سے دروازے کو آگ لگائی گئی لیکن لوہے نے لکڑی کو نہ جلنے دیا دروازہ بہت ہی مضبوط تھا اوپر سے صلیبیوں نے وہ تیر برسانے شروع کردیئے جو بہت دور تک جاتے تھے یہ منجنیقوں تک پہنچ گئے جن سے کئی آدمی زخمی اور شہید ہوگئے اس خطرے سے بچنے کے لیے منجنیقیں پیچھے کرلی گئیں اور آگ پھینکنے کا طریقہ ناکام ہوگیا۔
آخر مسلمان تیر اندازوں کو حکم دیا گیا کہ قلعے کی دیواروں پر جو دشمن کے سپاہی ہیں ان پر تیر برسائیں سارا دن دونوں طرف سے تیر اندازی ہوتی رہی ہوا میں صرف تیر اڑتے نظر آتے تھے صلیبی دفاعی پوزیشنوں میں تھے اور دیواروں کی بلندی پر بھی تھے اس لیے زیادہ نقصان مسلمان فوج کا ہورہا تھا مسلمانوں کے نقب زن جو قلعوں کی دیواریں توڑنے کے ماہر تھے ہر طرف گھوم پھر کر دیکھ رہے تھے کہ دیوار میں کہاں شگاف ڈالا جاسکتا ہے وہاں چاروں طرف سے اتنے تیر آرہے تھے کہ دیوار کے قریب جانا خودکشی کے برابر تھا شام سے کچھ دیر پہلے نقب زنوں کی آٹھ آدمیوں کی ایک جماعت آگے بڑھی یہ جانباز جب دیوار سے تھوڑی دور رہ گئے تو اوپر سے ان پر اس قدر تیر برسے اور تیروں کے ساتھ اتنی زیادہ برچھیاں آئیں کہ آٹھوں جانباز وہیں شہید ہوگئے ایک ایک کے جسم میں کئی کئی تیر اور برچھیاں لگیں
رات کا پہلا پہر تھا رینی اپنے گھر میں تھی اس کا باپ تھکا ہوا آیا تھا یہ کہہ کر سوگیا کہ جلدی جاگ اٹھے گا کیونکہ رات کو بھی اسے کام پر جانا ہے اس نے کہا تھا کہ شہر کے مسلمانوں کے متعلق اطلاع ملی ہے کہ وہ اندر سے کوئی بڑی خطرناک کارروائی کرنے والے ہیں ہمیں ہر ایک مسلمان گھرانے پر نظر رکھنی پڑے گی یہ کہہ کر وہ سو گیا تھا دروازے پر دستک ہوئی تو کسی ملازم کے بجائے رینی نے دروازہ کھولا باہر ایک مسلمان کھڑا تھا جو بڑی اونچی حیثیت کا مالک تھا۔ صلیبیوں کی طرف سے اسے خوب انعام واکرام ملتا تھا رینی نے اسے بتایا کہ اس کاباپ سویا ہوا ہے وہ پیغام دے دے تھوڑی دیر بعد وہ جاگے گا تو اسے بتا دیا جائے گا مسلمان نے کہا کہ وہ خود بات کرنا چاہتا ہے بات بہت اہم اور نازک ہے
آج رات مسلمان کے بہت سے لڑکے اور لڑکیاں اندر سے قلعے کی دیوار توڑ دیں گے رینی کے پوچھنے پر اس نے مختصراً بتایا اس نے کہا میں نے ان کا ہمدرد اور ساتھی بن کر یہ راز حاصل کیا ہے مجھے یہ بھی پتہ ہے کہ ان میں باہر سے آئے ہوئے چھاپہ مار بھی ہیں اور نیا انکشاف یہ ہے کہ وہ غریب موچی جو راستے میں بیٹھا رہتا ہے وہ سلطان ایوبی کا بھیجا ہوا جاسوس ہے اور اس کا نام برجیس ہے میں تمہارے والد کو یہ خبر دینا چاہتا ہوں تاکہ ان لوگوں کو پھانسنے کے لیے گھات لگائی جائے، رینی نے چند ایک مسلمان نوجوانوں کے نام لے کر عثمان صارم کا بھی نام لیا اور پوچھا کیا یہ لڑکے بھی اس مہم میں شامل ہیں؟
*ⲯ﹍︿﹍︿﹍ⲯ﹍ⲯ﹍︿﹍☼*