اپنے کمپیوٹر میں ہر جگہ اور ہر پروگرام میں اردو باآسانی لکھیں۔




 ایک زمانہ تھا جب کمپپیوٹر پر اردو لکھنے کے لیے کافی تردد کرنا پڑتا تھا۔ ونڈوز 98 کے زمانے میں تو اِن پیج کے بغیر اردو لکھنا قریب قریب ناممکن تھا۔ونڈوز ایکس پی میں بھی اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں تھی۔ آج کل اردو لکھنا بہت آسان ہو گیا ہے، لوگ اردو کو اب موبائل فونز اور کمپیوٹر پر زیادہ تر پیغام رسانی کے لیے ہی استعمال کرتے ہیں۔ اور اس تحریر کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ آپ لوگ براہ راست اردو لکھنے کی جانب راغب ہوں اور اس حوالے سے آپ لوگوں کو کوئی دقت نہ ہو۔

کمپیوٹر پر اردو لکھنے کا بہترین طریقہ ایک سافٹ ویئر کا استعمال ہے۔ جس کا نام ”پاک اردو انسٹالر“ہے  ۔ یہ سافٹ ویئر جناب ایم بلال ایم کا بنایا ہوا ہے۔ اور ونڈوز کے تمام ورژنز (versions) پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایم بلال صاحب کی انٹرنیٹ پر اردو رسم الخط کی ترویج و اشاعت کے حوالے سے بے بہا خدمات ہیں اور ہم اُنہیں اس حوالے سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ پاک اُنہیں بہترین اجر عطاء فرمائے (آمین)۔

پاک اردو انسٹالر نہ صرف کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنے کی سہولت تو فراہم کرتا ہے بلکہ اردو بہتر انداز میں پڑھنے کے لئے اردو کے چند ضروری فونٹس بھی انسٹال کر دیتا ہے۔

کمپیوٹر پر اردو کی ضرورت کیوں ہے؟
کمپیوٹر پر اردو فونٹس انسٹال ہوں تو آپ آسانی سے اردو زبان کی ویب سائٹس کو پڑھ سکتے ہیں
اردو کی بورڈ لے آؤٹ اور فونٹس کی مدد سے آپ نہ صرف فیس بک، ٹویٹر اور انٹرنیٹ پر اردو میں لکھ سکتے ہیں بلکہ اردو زبان میں ای میل اور پیغام رسانی یعنی چیٹ بھی کر سکتے ہیں
اگر آپ اردو میں بلاگنگ کرنا چاہتے ہیں تو اردو کی بورڈ لے آؤٹ کا آپ کے کمپیوٹر پر انسٹال ہونا بہت ضروری ہے۔
کمپیوٹر اور انٹر نیٹ پر اردو کا سب سے زیادہ فائدہ تحریری مواد تلاش کرنے میں ہوتا ہے۔ پاکستان میں زیادہ صارف اردو مواد کی تلاش کرتے ہیں لیکن گوگل میں سرچ کرتے وقت رومن اردو یا انگریزی کا استعمال کرتے ہیں جس سے وہ مطلوبہ تحاریر یا خبروں تک مکمل رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔ اردو میں لکھ کر تلاش کرنے سے آپ کو بہتر نتائج مل سکتے ہیں۔


ونڈوز سیون اور ونڈوز ٹین میں اردو لکھنے اور پڑھنے کی سہولت موجود ہوتی ہے، صرف آپ کو اردو کی بورڈ لے آؤٹ اور اردو فونٹس انسٹال کرنے ہوتے ہیں اور اس مقصد کے لیے ہم ”پاک اردو انسٹالر“ کا استعمال کرتے ہیں۔

سب سے پہلے نیچے دیے گئے بٹن پر کلک کر کے پاک اردو انسٹالر کی فائل کو ڈاؤنلوڈ کریں۔


ڈاؤنلوڈ کی ہوئی فائل پر ڈبل کلک کریں۔ جب انسٹالیشن ختم ہو جائے گی تو انسٹالر کمپپیوٹر کو ری سٹارٹ کرنے کے لئے کہے گا۔ کمپیوٹر کو ری سٹارٹ کریں تاکہ ساری تبدیلیاں درست طریقے سے حتمی شکل میں آ جائیں۔




اب آپ کے کمپیوٹر میں اردو کی مکمل سپورٹ شامل ہو چکی ہے۔ کمپیوٹر ری سٹارٹ ہونے کے بعد آپ کو اپنی ٹاسک بار (Taskbar) پر زبان منتخب کرنے کی سہولت Language Bar کی شکل میں نظر آئے گی جیسا کہ آپ نیچے دی گئی تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔


آپ لینگوئج بار کے ذریعے اردو زبان کا انتخاب کر سکتے ہیں یا پھر اپنے کی بورڈ پر بائیں جانب ALT + SHIFT دبا کر مختلف زبان کا چناؤ کر سکتے ہیں۔ جس سافٹ ویئر میں اردو لکھنی ہو وہاں بائیں طرف والا ALT+SHIFT دبائیں تو آپ کا کمپیوٹر اردو موڈ میں ہو جائے گا اور آپ آسانی سے اردو میں لکھ سکیں گے۔ دوبارہ ALT + SHIFTدبانے سے کمپیوٹر واپس انگلش موڈ میں چلا جائے گا۔

چونکہ کی بورڈ پر سارے بٹن یا کیز انگریزی حروٖف پر مشتمل ہوتی ہیں اس لئے کی بورڈ لے آؤٹ Keyboard Layout کو سمجھنے یا بطور حوالہ استعمال کرنے کے لئے آپ نیچے دی گئی تصویر کا استعمال کر سکتے ہیں جس سے آ پ کو یہ سمجھنے میں آسانی ہو گی کہ کس کی (Key) کو دبانے سے اردو کا کونسا حرف لکھا جا سکتا ہے۔



امید ہے کہ آپ کو کمپیوٹر پر اردو لکھنے کا بہترین طریقہ پسند آیا ہو گا اور اب آپ آسانی سے اپنے کمپیوٹر پر اردو لکھ اور پڑھ سکتے ہیں۔ اگر آپ کو اردو لکھنے کے سلسلے میں کسی مدد کی ضرورت ہو تو آپ مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔


Mian Muhammad Shahid Sharif

Accounting & Finance, Blogging, Coder & Developer, Graphic Designer, Administration & Management, Stores & Warehouse Management, an IT Professional.

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی