رمضان المبارک میں نیکیوں کے مواقع اور ان سے محرومی کا نقصان
الحمد للہ، رمضان المبارک خیر و برکت، رحمت و مغفرت اور نجات کا مہینہ ہے، جو ایمان والوں کے لیے عظیم سعادتوں اور انعامات کا دروازہ کھولتا ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں ہر لمحہ رحمتیں نازل ہوتی ہیں، جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، اور شیطانوں کو قید کر دیا جاتا ہے۔ اگر کوئی شخص اس ماہ میں بھی نیکیوں سے غافل رہے اور مغفرت نہ حاصل کرے، تو وہ بدبختی و محرومی کا شکار ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:۔
إِذَا كَانَ أَوَّلُ لَيْلَةٍ مِنْ شَهْرِ رَمَضَانَ، صُفِّدَتِ الشَّيَاطِينُ وَمَرَدَةُ الْجِنِّ، وَغُلِّقَتْ أَبْوَابُ النَّارِ فَلَمْ يُفْتَحْ مِنْهَا بَابٌ، وَفُتِحَتْ أَبْوَابُ الْجَنَّةِ فَلَمْ يُغْلَقْ مِنْهَا بَابٌ، وَيُنَادِي مُنَادٍ: يَا بَاغِيَ الْخَيْرِ أَقْبِلْ، وَيَا بَاغِيَ الشَّرِّ أَقْصِرْ، وَلِلَّهِ عُتَقَاءُ مِنَ النَّارِ وَذَٰلِكَ كُلَّ لَيْلَةٍ ۔ سنن الترمذي: 682، وصححه الألباني
مفہومی ترجمہ: ۔”جب رمضان کی پہلی رات آتی ہے، تو شیطان اور سرکش جن قید کر دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، اور جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، پھر ایک ندا دینے والا پکارتا ہے: اے نیکی کے طلب گار! آگے بڑھ، اور اے برائی کے طلب گار! رک جا، اور اللہ تعالیٰ ہر رات لوگوں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے۔”۔
یہی وجہ ہے کہ رمضان المبارک نیکیوں کی بہار اور گناہوں کی معافی کا موسم ہے۔ اگر ہم نے اس مہینے کی قدر نہ کی تو ہم سے بڑھ کر محروم شخص کون ہوگا؟ اس مضمون میں رمضان المبارک میں موجود عظیم نیکیوں اور ان کے مواقع پر روشنی ڈالی جائے گی، تاکہ ہم اس مہینے کے انمول لمحات کو ضائع ہونے سے بچا سکیں۔
۔1۔ رمضان: قرآن کے نزول کا مہینہ
رمضان کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ اس مہینے میں اللہ تعالیٰ نے اپنی سب سے بڑی نعمت یعنی قرآن مجید نازل فرمایا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:۔
شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِي أُنزِلَ فِيهِ الْقُرْآنُ هُدًى لِلنَّاسِ وَبَيِّنَاتٍ مِّنَ الْهُدَىٰ وَالْفُرْقَانِ: البقرة: 185۔
ترجمہ: “رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا، جو لوگوں کے لیے ہدایت ہے اور حق و باطل میں فرق کرنے والا ہے۔”۔
اسی لیے رمضان میں قرآن کی تلاوت، تدبر، اور اس پر عمل کا خاص اہتمام ہونا چاہیے۔۔
۔2۔ روزہ: اللہ کے لیے مخصوص عبادت
اللہ تعالیٰ نے روزے کو اپنی طرف خاص نسبت دی ہے اور اس کی جزا اپنے ذمہ رکھی ہے، جیسا کہ حدیث قدسی میں فرمایا:۔
كُلُّ عَمَلِ ابْنِ آدَمَ لَهُ إِلَّا الصِّيَامَ، فَإِنَّهُ لِي وَأَنَا أَجْزِي بِهِ ۔ البخاري: 1894۔
۔ “ابن آدم کے تمام اعمال اس کے لیے ہیں، مگر روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کی جزا دوں گا۔”۔
روزہ محض کھانے پینے اور خواہشات سے رک جانے کا نام نہیں بلکہ یہ تقویٰ اور صبر کی تربیت کا ذریعہ ہے۔
۔3۔ لیلۃ القدر: ہزار مہینوں سے بہتر رات
رمضان المبارک کی ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے زیادہ افضل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:۔
لَيْلَةُ الْقَدْرِ خَيْرٌ مِّنْ أَلْفِ شَهْرٍ ۔ القدر: 3
۔ “لیلۃ القدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔”۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:۔
۔”مَنْ قَامَ لَيْلَةَ الْقَدْرِ إِيمَانًا وَاحْتِسَابًا، غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ”۔ بخاري: 2014، مسلم: 760۔
ترجمہ: ۔”جس نے لیلۃ القدر میں ایمان و احتساب کے ساتھ قیام کیا، اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیے گئے۔”۔
یہ ایک رات کئی سال کی عبادت کے برابر ہے، اس سے محرومی ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
۔4۔ رمضان میں دعا کی قبولیت
رمضان المبارک میں دعا کو خاص اہمیت حاصل ہے، خصوصاً افطار کے وقت۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:۔
ثَلَاثَةٌ لَا تُرَدُّ دَعْوَتُهُمْ: الصَّائِمُ حَتَّى يُفْطِرَ، وَالْإِمَامُ الْعَادِلُ، وَدَعْوَةُ الْمَظْلُومِ ۔ سنن الترمذي: 2526، حسنه الألباني
ترجمہ: “تین لوگوں کی دعا رد نہیں ہوتی: روزہ دار کی افطار کے وقت، عادل حکمران کی، اور مظلوم کی۔”
یہی وجہ ہے کہ افطار سے قبل ہمیں خوب دعا کرنی چاہیے، کیونکہ یہ سنہری موقع ہے۔
۔5۔ رمضان میں جنت کے دروازے کھل جاتے ہیں
رمضان کی ایک بڑی فضیلت یہ بھی ہے کہ اس میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، جیسا کہ حدیث میں آیا ہے:۔
۔”إِذَا جَاءَ رَمَضَانُ، فُتِّحَتْ أَبْوَابُ الْجَنَّةِ، وَغُلِّقَتْ أَبْوَابُ النَّارِ، وَصُفِّدَتِ الشَّيَاطِينُ”۔ البخاري: 1899، مسلم: 1079
ترجمہ: “جب رمضان آتا ہے، تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، اور شیاطین قید کر دیے جاتے ہیں۔”
اس موقع پر ہمیں زیادہ سے زیادہ نیکیاں کرنی چاہئے اور ماہ مقدس کا ہر ہر لمحہ قیمتی بنانا چاہئے ۔
۔6۔ صدقہ و خیرات کا بہترین موقع
نبی اکرم ﷺ رمضان میں سب سے زیادہ سخاوت فرماتے تھے۔ حضرت ابن عباسؓ فرماتے ہیں:۔
“كَانَ رَسُولُ اللَّهِ أَجْوَدَ النَّاسِ، وَكَانَ أَجْوَدَ مَا يَكُونُ فِي رَمَضَانَ” بخاري: 6، مسلم: 2308۔
ترجمہ: “رسول اللہ ﷺ سب سے زیادہ سخی تھے، اور رمضان میں ان کی سخاوت سب سے بڑھ کر ہوتی تھی۔”۔
رمضان میں صدقہ دینے سے گناہ معاف ہوتے ہیں اور جنت میں درجات بلند ہوتے ہیں۔ اور رمضان میں یہ ثواب بہت بڑھ جاتا ہے ۔
۔8۔ اعتکاف: گناہوں سے پاکیزگی کا ذریعہ
رمضان المبارک میں اعتکاف ایک عظیم عبادت ہے، جس کے ذریعے انسان دنیاوی علائق سے کٹ کر مکمل طور پر اللہ کی عبادت میں مصروف ہو جاتا ہے۔ نبی کریم ﷺ رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کا خاص اہتمام فرماتے تھے (بخاری: 2025)۔
رمضان کا ایک لمحہ بھی ضائع نہ کریں
خلاصہ یہ ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ نیکیوں کی بہار کا موسم ہے، اور ہر لمحہ قیمتی ہے۔ اگر اس مہینے میں بھی ہم سستی اور کاہلی کا شکار رہیں، تو پھر کب جاگیں گے؟ ذرا سوچئے !!!۔
زمرے
رمضان